بلوچستان کے ضلع کوہلو میں 11 مزدوروں کے قتل پر وزیراعظم کا اظہارِ افسوس، فوری کارروائی کی ہدایت
کوہلو کی تحصیل جندران میں نامعلوم مسلح افراد نے کوئلے کی کانوں میں کام کرنے والے مزدوروں کو اغوا کر کے فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں 11 مزدور جاں بحق ہوگئے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ملوث افراد کے خلاف فوری کارروائی کا حکم دیا ہے۔
یہ خبر اور ہر اہم خبر سب سے پہلے واٹس ایپ پر پائیںaround.pk اردو خبریں چینل — مفت، بغیر سپیم فالو کریں
بلوچستان کے ضلع کوہلو کی تحصیل جندران کے علاقے ہوسڑی میں نامعلوم مسلح افراد نے کوئلے کی کانوں میں کام کرنے والے مزدوروں کو اغوا کر کے فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں اب تک 11 مزدوروں کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔ پولیس کے مطابق لاشوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے اور واقعے کی مزید تفصیلات کی تحقیقات جاری ہیں۔
ایس پی کوہلو طیب اقبال نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اب تک 11 افراد کی لاشیں ملی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اغوا کیے گئے مزدوروں کی مجموعی تعداد اور دیگر تفصیلات کی تصدیق کے لیے مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
مقامی ذرائع اور عینی شاہدین کے مطابق مسلح افراد نے دو پک اپ گاڑیوں کو روک کر مجموعی طور پر 16 مزدوروں کو اغوا کیا اور انہیں قریبی پہاڑی علاقے میں لے جا کر فائرنگ کا نشانہ بنایا۔ بتایا گیا ہے کہ یہ مزدور چمالنگ کی کوئلے کی کانوں میں کام کرتے تھے اور چھٹی پر گاڑیوں میں جا رہے تھے کہ راستے میں انہیں روک لیا گیا۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق واقعے کے بعد پولیس، سیکیورٹی فورسز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور ملزمان کی تلاش کے لیے مشترکہ سرچ آپریشن جاری ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ بے گناہ مزدوروں کو نشانہ بنانا انتہائی قابل مذمت فعل ہے اور معصوم شہریوں اور محنت کشوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنانے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔
وزیراعظم نے جاں بحق مزدوروں کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ واقعے میں ملوث عناصر کی فوری نشان دہی کی جائے اور انہیں قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیے تمام اقدامات کیے جائیں۔
یاد رہے کہ کوئلہ کانوں میں کام کرنے والے مزدوروں پر حملے ملک کے بعض علاقوں میں تشویش کا باعث رہے ہیں، اور حکام ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے سیکیورٹی اقدامات پر زور دیتے رہے ہیں۔
اب تک کی کہانی کوہلو
- کوہلو میں کان کنوں کے قتل کا المناک واقعہ: 11 لاشیں برآمد، سرچ آپریشن جاری
- بلوچستان کے نوجوان باکسر شیر باز مری نے عالمی چیمپئن شپ میں گولڈ میڈل جیت لیا










