جمعرات, 17 ستمبر 2026
around.pk

پاکستان و دنیا کی خبریں

پاکستان

بجلی چوری پر پورا فیڈر نہیں، صرف متعلقہ ٹرانسفارمر بند ہوگا: حکومت کا نیا نظام لانے کا فیصلہ

وزیر توانائی اویس لغاری کے مطابق نئے نظام کا ریگولیٹری فریم ورک اگلے سال اپریل یا مئی تک دے دیا جائے گا۔

بحوالہ: Express News · 16 ستمبر 2026, 10:20 صبح

وفاقی حکومت نے بجلی کے ٹرانسفارمرز کو الگ الگ آن اور آف کرنے کا نظام لانے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے بعد بجلی چوری کی صورت میں پورے فیڈر کے بجائے صرف اسی ٹرانسفارمر کی بجلی بند کی جاسکے گی جہاں چوری ہو رہی ہو۔

وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ یہ طریقہ دنیا بھر میں استعمال ہو رہا ہے اور اس کا ریگولیٹری فریم ورک اگلے سال اپریل یا مئی تک جاری کر دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں کوئی اضافی لوڈشیڈنگ نہیں کی جا رہی۔

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے توانائی کو بریفنگ دیتے ہوئے وزیر توانائی نے تسلیم کیا کہ تقریباً ساڑھے چودہ ہزار فیڈرز میں سے ساڑھے تین ہزار پر چوری اور لائن لاسز کی وجہ سے لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ڈسکوز کا عملہ رشوت لے کر ڈیمانڈ نوٹس میں لوڈ کم لکھتا ہے جس سے نظام پر دباؤ بڑھتا ہے۔

اویس لغاری کے مطابق ڈسکوز کا نظام اوورلوڈ ہو چکا ہے اور اسے بہتر بنانے کے لیے ہر حلقے میں 60 کروڑ سے ایک ارب روپے تک سرمایہ کاری درکار ہے۔ مجموعی طور پر تقریباً 200 ارب روپے کی ضرورت ہوگی جو 25 برس میں صارفین سے وصول کیے جائیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ پیک آورز میں ایندھن کی لاگت بچانے کے لیے گیس سے چلنے والے بجلی گھر نہیں چلائے جا رہے کیونکہ گیس کا جو کارگو پہلے تقریباً تین کروڑ ڈالر میں ملتا تھا اب اس کی قیمت ساڑھے نو کروڑ ڈالر سے بڑھ گئی ہے۔ انہوں نے کسی آئی پی پی سے نیا معاہدہ کرنے کی خبروں کی تردید کی۔

اجلاس میں کمیٹی کے رکن رانا محمد حیات نے لوڈشیڈنگ اور زیادہ بلوں پر حکومت پر تنقید کی، جس پر وزیر توانائی نے کہا کہ وہ ثابت کریں کہ بجلی مزید مہنگی ہوئی ہے۔

اسی زمرے سے