ہاکی میں لڑائی جھگڑے اور اختلافات کے سبب پاکستان اولمپکس کی میزبانی سے محروم

ہاکی میں لڑائی جھگڑے اور اختلافات کی وجہ سے پاکستان اولمپکس کوالیفائنگ راؤنڈ کی میزبانی سے محروم ہو گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن نے پاکستان سے اولمپکس کوالیفائنگ راؤنڈ کی میزبانی واپس لے لی ہے۔
ایف آئی ایچ نے بذریعہ خط پاکستان ہاکی فیڈریشن کو فیصلے سے آگاہ کردیا ہے۔
پاکستان اسپورٹس بورڈ کی پی ایچ ایف کے معاملات میں مداخلت بھی وجہ بنی، سابق اولمپئنز کی جانب سے ہاکی فیڈریشن پر مسلسل تنقید سے بھی میزبانی کو دھچکا لگا۔
Also Read
ایف آئی ایچ کے خط میں کہا گیا ہے کہ پی ایچ ایف کی اندرونی اور ارد گرد کی غیریقینی صورتحال کی وجہ سے میزبانی واپس لے رہے ہیں، فی الحال پی ایچ ایف اس پوزیشن میں نہیں کہ وہ اس ایونٹس کی میزبانی کرسکے۔
ایف آئی ایچ میزبان ملک نےبراڈکاسٹنگ،آپریشنل پلان،سکیورٹی جیسے اہم معاملات پرکچھ اپ ڈیٹ نہیں کیا، ایف آئی ایچ نےانتظامات کے حوالے سے پی ایچ ایف کو خط لکھے جس کا جواب تک نہ دیا گیا۔
واضح رہے کہ اولمپکس ہاکی کوالیفائنگ راؤنڈ 13 سے 21 جنوری 2024 لاہورمیں ہونا تھی۔
پاکستان کو پہلی بار اولمپکس کوالیفائنگ راؤنڈ کی میزبانی ملی تھی، کوالیفائنگ راؤنڈ میں آٹھ غیر ملکی ٹیموں کو شرکت کرنا تھی۔