around.pk
Wednesday, 4 November 2026
☀ کراچی 27°☀ لاہور 22°⛅ اسلام آباد 18°
کاروبار

ایف بی آر کا سپر ٹیکس بتدریج ختم کرنے کا اعلان، صنعت کاروں سے تعاون کی اپیل

ایف بی آر کے چیئرمین راشد محمود لنگڑیال نے کہا ہے کہ حکومت سپر ٹیکس مکمل طور پر ختم کرنے کا ارادہ رکھتی ہے اور اس کی شرح میں دو فیصد کمی کے بعد اب بتدریج خاتمے پر کام شروع کر دیا گیا ہے۔

around.pk·2h ago

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے چیئرمین راشد محمود لنگڑیال نے کہا ہے کہ حکومت سپر ٹیکس کو مکمل طور پر ختم کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ابتدائی مرحلے میں اس کی شرح میں دو فیصد کمی کی گئی ہے اور اب بتدریج خاتمے کے لیے عملی کام شروع کر دیا گیا ہے۔ یہ اعلان انہوں نے کراچی میں کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کے دورے کے موقع پر منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

چیئرمین ایف بی آر نے کہا کہ کورنگی انڈسٹریل ایریا کے صنعت کاروں کے ٹیکس مسائل کے حل کے لیے کاٹی میں ایک دفتر قائم کیا جائے گا، جبکہ خام مال کی درآمد میں موجود خامیوں کو دور کرنے کے لیے اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایف بی آر ہیلپ ڈیسک کا دائرہ کار کراچی سے بڑھا کر سکھر تک وسیع کیا جائے گا تاکہ دور دراز کے کاروباری افراد کو بھی سہولت فراہم کی جا سکے۔

انہوں نے بتایا کہ لیدر انڈسٹری کے لیے بارڈر ٹریڈ میں درپیش مسائل کے حل کے لیے خصوصی اجلاس منعقد کیے جائیں گے۔ اسی طرح ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کو فعال کرنے کے لیے فارما انڈسٹری میں ڈریپ کے ماڈل پر عمل درآمد کیا جائے گا، جس کا مقصد ٹیکس نظام کو بہتر بنانا اور کاروباری برادری کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنا ہے۔

راشد محمود لنگڑیال نے صنعت کاروں اور تاجر برادری پر زور دیا کہ وہ ٹیکس چوری کرنے والے عناصر کی نشان دہی اور اس کے خاتمے کے لیے ایف بی آر کے ساتھ تعاون کریں تاکہ ٹیکس نظام کو شفاف اور مؤثر بنایا جا سکے۔ تقریب میں انہوں نے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے صنعت کاروں کے مسائل سنے اور موقع پر ہی ان کے حل کے لیے ہدایات جاری کیں۔

قبل ازیں کاٹی کے صدر شیخ عمر ریحان نے وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ہدایت پر چیئرمین ایف بی آر ہر ماہ کراچی کا دورہ کر رہے ہیں، جس سے صنعت کاروں کی مشکلات کے حل میں مدد مل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر وفاقی کابینہ اور وزرا بھی اسی طرز پر کراچی میں وقت دیں تو ملکی معیشت کو مضبوط کیا جا سکتا ہے۔

کاٹی کے صدر نے کہا کہ ایف بی آر کی مثبت پالیسیوں، فیس لیس نظام اور ڈیجیٹلائزیشن کے مؤثر نفاذ سے ٹیکس نیٹ اور وصولیوں میں خاطر خواہ اضافہ ممکن ہے اور حکومت کا 100 ارب روپے کا برآمدی ہدف بھی جلد حاصل کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے ٹیکس ریفنڈز کی ادائیگی میں غیر معمولی تاخیر کو صنعت کاروں کا اہم مسئلہ قرار دیا اور کہا کہ برآمدی صنعتوں اور باقاعدہ ٹیکس ادا کرنے والے اداروں کے اربوں روپے کے ریفنڈز طویل عرصے سے التوا کا شکار ہیں، جو دراصل ان کا ورکنگ کیپٹل ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ریفنڈز کی ادائیگی کے لیے مقررہ مدت پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے اور تصدیق شدہ ریفنڈز کی خودکار ادائیگی کا نظام مؤثر بنایا جائے۔

اسی موضوع پر مزید

سب دیکھیں →

مزید پڑھیں