پنجاب میں جرائم کی روک تھام کے لیے سی ایم کرائم سرویلنس یونٹ کا افتتاح
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے سی ایم کرائم سرویلنس یونٹ کا افتتاح کر دیا، جس کے ذریعے صوبے بھر میں اسمارٹ پولیسنگ اور پولیس افسران کی کارکردگی کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ کی جائے گی۔
یہ خبر اور ہر اہم خبر سب سے پہلے واٹس ایپ پر پائیںaround.pk اردو خبریں چینل — مفت، بغیر سپیم فالو کریں
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے میں جرائم کی روک تھام اور اسمارٹ پولیسنگ کے لیے سی ایم کرائم سرویلنس یونٹ کا باقاعدہ افتتاح کر دیا ہے۔ اس یونٹ کے ذریعے ضلع، سرکل اور پولیس اسٹیشن کی سطح پر پولیس افسران کی کارکردگی کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ کی جائے گی اور جرائم سے متعلق تازہ معلومات ایک کلک پر دستیاب ہوں گی۔
افتتاح کے موقع پر کرائم سرویلنس یونٹ کے سربراہ عثمان طاہر نے وزیراعلیٰ کو یونٹ کے امور اور نظام سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ نئے نظام کے تحت پنجاب کے ہر تھانے میں جرائم سے متعلق تازہ ترین ڈیٹا فوری طور پر حاصل کیا جا سکے گا، جبکہ ڈی پی او، ڈی ایس پی اور ایس ایچ او سمیت پولیس افسران کی کارکردگی کا بھی تجزیہ کیا جائے گا۔
کرائم سرویلنس یونٹ میں جرائم کی بیس مختلف کیٹیگریز کا ڈیٹا مرتب کیا جائے گا اور وہاں موجود ماہرین فوری طور پر ڈیٹا اینالیسس رپورٹس تیار کریں گے۔ اس نظام کے ذریعے شہریوں کی شکایات اور درخواستوں کے بروقت ازالے کی نگرانی بھی ممکن ہوگی، اور تاخیر کی صورت میں متعلقہ حکام کے خلاف کارروائی کی جا سکے گی۔
یونٹ سوشل میڈیا پر قومی سلامتی کے تقاضوں کے مطابق قابلِ توجہ پوسٹس کی نشاندہی بھی کرے گا۔ وزیراعلیٰ نے آئی جی پنجاب سے پولیس اصلاحات کا پلان طلب کرتے ہوئے پولیس اسٹیشن ریکارڈ مینجمنٹ کے ڈیٹا کے درست استعمال کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
مریم نواز شریف نے ایف آئی آر کے اندراج میں بلاجواز تاخیر کی شکایات پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا اور پولیس کے بارے میں منفی پروپیگنڈے پر فوری ردعمل دینے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کو ہر قسم کے جرائم سے پاک کرنا ہے اور کرائم سرویلنس یونٹ کے قیام کا مقصد جرائم کے خاتمے کی مہم کو مؤثر بنانا ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ اچھے اور برے لوگ ہر جگہ موجود ہوتے ہیں، چند افراد کی وجہ سے پوری پولیس فورس کی کارکردگی پر سوالیہ نشان لگانا درست نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں مؤثر اصلاحات کے نتیجے میں جرائم کی شرح میں کمی کا تاریخی رجحان خوش آئند ہے۔









