سیف سٹی لاہور نے 40 سال سے بچھڑی بنگلہ دیشی خاتون کے اہل خانہ کو تلاش کرلیا
پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے منصوبے 'میرا پیارا' نے ایک اور کامیابی حاصل کرتے ہوئے 40 سال سے خاندان سے بچھڑی بنگلہ دیشی خاتون حلیمہ کے بیٹے اور بھتیجے کا سراغ لگا لیا۔

پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے گم شدہ افراد کی تلاش کے منصوبے 'میرا پیارا' نے ایک اور نمایاں کامیابی حاصل کی ہے، جہاں سیف سٹی کی ٹیم نے 40 سال سے اپنے خاندان سے بچھڑی بنگلہ دیشی خاتون حلیمہ کے اہل خانہ کا سراغ لگا لیا ہے۔ اتھارٹی کے مطابق مسلسل کوششوں، محدود معلومات اور مختلف ذرائع سے رابطوں کے نتیجے میں حلیمہ کے بیٹے اور بھتیجے کو بنگلہ دیش میں تلاش کر لیا گیا۔
اتھارٹی کے مطابق بنگلہ دیش سے تعلق رکھنے والی حلیمہ 2013 میں اسلام آباد میں لاوارث حالت میں ملی تھیں۔ اردو زبان سے ناواقفیت کے باعث وہ اپنی شناخت، آبائی علاقے اور اہل خانہ سے متعلق مکمل معلومات فراہم کرنے سے قاصر تھیں، جس کے بعد انہیں عارضی رہائش اور دیکھ بھال کے لیے ایدھی سینٹر منتقل کیا گیا، جہاں وہ کئی سال سے مقیم رہیں۔
'میرا پیارا' ٹیم نے حلیمہ کی جانب سے فراہم کردہ محدود معلومات کی بنیاد پر ان کے خاندان کی تلاش کا آغاز کیا۔ ٹیم نے سوشل میڈیا، مقامی انتظامیہ اور دیگر دستیاب ذرائع سے مسلسل رابطے جاری رکھے اور مختلف معلومات کو یکجا کرتے ہوئے تلاش کا دائرہ بنگلہ دیش تک وسیع کیا۔ حلیمہ کے بتائے گئے آبائی گاؤں اور اہل خانہ کے ناموں کی مدد سے ٹیم بالآخر ان کے بیٹے اور بھتیجے تک پہنچنے میں کامیاب ہو گئی، جس کے بعد مقامی حکام اور اہل خانہ سے رابطہ کرکے فراہم کردہ معلومات کی تصدیق بھی کی گئی۔
پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے مطابق 'میرا پیارا' منصوبہ ملک بھر سمیت بیرون ملک اپنے پیاروں سے بچھڑ جانے والے افراد کو ان کے خاندانوں سے ملانے کے لیے سرگرم عمل ہے۔ اس سے قبل بھی سیف سٹی ٹیم نے 40 سال سے بچھڑی بنگلہ دیشی خاتون کوہ نور کے اہل خانہ کا سراغ لگا کر انسانی خدمت کی ایک قابلِ تحسین مثال قائم کی تھی۔
ترجمان پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کا کہنا تھا کہ 'میرا پیارا' ٹیم سرحدوں سے بالاتر ہو کر انسانیت کی خدمت اور بچھڑے ہوئے افراد کو ان کے خاندانوں سے ملانے کے مشن پر عمل پیرا ہے، اور حلیمہ کے اہل خانہ کی تلاش اس عزم اور مسلسل جدوجہد کی ایک اور نمایاں کامیابی ہے۔
ترجمان نے شہریوں سے اپیل کی کہ کسی بھی گم شدہ یا لاوارث شخص کی اطلاع دینے کے لیے پنجاب بھر میں ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر کال کریں اور 'میرا پیارا' سروس کے لیے 3 دبائیں، تاکہ بروقت کارروائی کے ذریعے بچھڑے ہوئے افراد کو ان کے پیاروں سے ملایا جا سکے۔










