around.pk
Friday, 6 November 2026
☀ کراچی 35°☀ لاہور 28°⛅ اسلام آباد 25°
کھیل

شان مسعود بنگلہ دیش سیریز کے اسکواڈ سے باہر، مستقبل کے منصوبوں میں شامل نہ رکھنے کا عندیہ

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سینئر بیٹر شان مسعود کو بنگلہ دیش کے خلاف دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کے لیے اسکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا، ذرائع کے مطابق انہیں واضح کر دیا گیا ہے کہ وہ آئندہ منصوبوں کا حصہ نہیں رہیں گے۔

around.pk·2h ago

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سینئر بیٹر اور سابق کپتان شان مسعود کو بنگلہ دیش کے خلاف دو ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کے لیے قومی اسکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق انہیں آگاہ کر دیا گیا ہے کہ وہ آئندہ کے منصوبوں میں شامل نہیں رہیں گے، تاہم وہ مکمل طور پر فٹ بھی نہیں ہیں۔

ٹیسٹ کوچ مائیک ہیسن نے ذمہ داری سنبھالنے کے بعد نوجوان کھلاڑیوں پر انحصار کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے باعث تجربہ کار کھلاڑیوں کو موقع دیے جانے کے امکانات کم ہو گئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق شان مسعود سلیکٹرز اور کوچنگ اسٹاف کی ترجیحات میں اب شامل نہیں رہے۔

گزشتہ دو برسوں کے دوران شان مسعود پاکستان کے سب سے کامیاب بیٹر رہے ہیں۔ جنوری 2025 سے اب تک انہوں نے مجموعی طور پر 773 رنز اسکور کیے، جو اس عرصے میں کسی بھی پاکستانی بلے باز کی جانب سے سب سے زیادہ ہیں۔ گزشتہ سال پانچ میچز میں انہوں نے تقریباً 40 کی اوسط سے 397 رنز بنائے، جبکہ رواں برس چھ میچز میں ان کی مجموعی رنز 376 رہی۔ اس عرصے میں 720 رنز کے ساتھ بابر اعظم دوسرے اور 643 رنز بنانے والے محمد رضوان تیسرے بہترین پاکستانی بیٹر ہیں۔

شان مسعود نے اپنے آخری ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ کے خلاف 95 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔ ٹیم کی مسلسل ناکامیوں کے بعد انہیں کپتانی کے عہدے سے بھی ہٹا دیا گیا تھا۔ گزشتہ برس پی سی بی نے انہیں انٹرنیشنل کرکٹ اینڈ پلیئرز افیئرز کے لیے کنسلٹنٹ مقرر کیا تھا، تاہم وہ مزید کھیلنا چاہتے تھے، اس لیے انتظامی امور سے دور رہے۔

ذرائع کے مطابق کچھ عرصہ قبل بورڈ حکام سے ملاقات میں شان مسعود نے بعض آفیشلز کے حوالے سے تبصرہ کیا تھا، جس کے بارے میں انہیں معلوم ہوا تو وہ کھلاڑی کے خلاف ہو گئے۔ 37 سالہ شان مسعود کو منصوبوں سے باہر رکھا گیا ہے، جبکہ 36 سالہ محمد عباس کو منتخب کرتے ہوئے عمر کی پالیسی کو نظر انداز کیا گیا۔ دونوں کھلاڑی اپنے عرصے کے نمایاں پرفارمرز رہے ہیں۔

واضح رہے کہ قائد اعظم ٹرافی کے جاری میچز میں بھی شان مسعود حصہ نہیں لے رہے ہیں، جس سے ان کے قومی ٹیم سے باہر ہونے کے عمل کو تقویت ملتی ہے۔ سلیکشن کمیٹی اور ٹیم مینجمنٹ کی جانب سے ابھی تک اس حوالے سے کوئی باضابطہ وضاحت جاری نہیں کی گئی۔

اسی موضوع پر مزید

سب دیکھیں →

مزید پڑھیں