around.pk
Thursday, 5 November 2026
⛅ کراچی 34°⛅ لاہور 28°☀ اسلام آباد 24°
کاروبار

وزیراعظم کا پیٹرول ریلیف اسکیم فراہم نہ کرنے والے پمپس کے لائسنس منسوخ کرنے کا حکم

وزیراعظم شہباز شریف نے پرائم منسٹر فیول ریلیف پروگرام کی سہولت فراہم نہ کرنے والے پیٹرول پمپس کے لائسنس منسوخ کرنے کی ہدایت کی ہے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ اسکیم کے تحت اب تک 15.5 ملین سے زائد شہری رجسٹر ہو چکے ہیں اور 28.6 ارب روپے کی ادائیگیاں کی جا چکی ہیں۔

around.pk·1h ago

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پرائم منسٹر فیول ریلیف پروگرام کے حوالے سے ایک اہم اجلاس کی صدارت کی جس میں اسکیم کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جو پیٹرول پمپس رجسٹرڈ مستحقین کو فیول ریلیف کی سہولت فراہم نہیں کریں گے ان کے لائسنس منسوخ کیے جائیں گے۔ وزیراعظم نے سبسڈی اسکیم کی شفافیت اور اب تک کی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار بھی کیا۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ سبسڈی اسکیم کے تحت اب تک 15,519,282 شہری رجسٹر ہو چکے ہیں۔ ان میں سے 15.06 ملین موٹر سائیکلوں کے مالکان اور 449 ہزار ایسے افراد شامل ہیں جن کے پاس 800 سی سی تک کی گاڑیاں ہیں۔ رجسٹریشن اور سبسڈی کے حصول کے طریقہ کار کو آسان بنانے کے نتیجے میں رجسٹریشن میں نمایاں اضافہ ہوا ہے جس سے زیادہ مستحق شہریوں کو سہولت مل رہی ہے۔

بریفنگ کے مطابق اسکیم کے تحت اب تک 63,153,685 ٹوکن جاری کیے گئے جن میں سے 59,445,347 ٹوکن استعمال یا ریڈیم کیے جا چکے ہیں۔ فیول سبسڈی اسکیم کے تحت 4 نومبر 2026 تک 28.6 ارب روپے کی ادائیگیاں مکمل کی جا چکی ہیں۔ یہ اعداد و شمار اسکیم کے بڑھتے ہوئے دائرہ کار اور عوامی قبولیت کو ظاہر کرتے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ ٹیکنالوجی پر مبنی یہ شفاف سبسڈی اسکیم مستقبل میں عوامی فلاح و بہبود کے دیگر اقدامات کے لیے گیم چینجر ثابت ہوگی۔ انہوں نے اسکیم کی مانیٹرنگ اور کارگر ڈیش بورڈ کی تیاری پر وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام شزا فاطمہ، وفاقی سیکریٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی ضرار حاشم خان اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ اسکیم سے متعلق معلومات کی فراہمی اور شکایات کے ازالے کے لیے صارفین اور پیٹرول پمپس کے لیے الگ الگ کال سینٹرز قائم کیے گئے ہیں۔ اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک، وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ، وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اسی موضوع پر مزید

سب دیکھیں →

مزید پڑھیں