پاکستان نے آسٹریلیا کو آخری اوور میں شکست دے کر اوور 40 کرکٹ ورلڈ کپ جیت لیا
گیانا میں کھیلے گئے آئی ایم سی اوور 40 کرکٹ ورلڈ کپ کے فائنل میں پاکستان نے آسٹریلیا کا 282 رنز کا ہدف آخری اوور میں ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کرکے ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔

پاکستان کی اوور 40 کرکٹ ٹیم نے گیانا میں منعقدہ آئی ایم سی ورلڈ کپ کے فائنل میں آسٹریلیا کو ایک وکٹ کے فرق سے شکست دے کر ٹائٹل جیت لیا۔ یہ مقابلہ انتہائی دلچسپ ثابت ہوا، جہاں پاکستان نے 44.5 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ ہدف مکمل کیا اور فتح کا سہرا اپنے نام کر لیا۔
پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے آسٹریلیا نے مقررہ 45 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 281 رنز بنائے۔ آسٹریلوی اننگز میں گریک ہنٹ نے 103 رنز کی شاندار سنچری اسکور کی، جبکہ اسٹیف پولنس نے 70 اور گلین بیٹی کیٹو نے 46 رنز کا حصہ ڈالا۔ پاکستان کی جانب سے فرید الدین نے چار جبکہ وسیم علی نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
جواب میں پاکستان کی ٹیم نے دباؤ کے باوجود ہدف حاصل کرنے کے لیے بہترین حکمت عملی اپنائی۔ عدنان اکمل نے 83 رنز کی اہم اننگز کھیلی، جاوید منصور نے 62 رنز اسکور کیے، جبکہ طارق محمود نے 41، فرید الدین نے 24 اور وسیم علی نے 22 رنز کا اضافہ کیا۔ آسٹریلیا کی طرف سے جیمی پانیلی نے چار اور بریٹن ایڈوڈ نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
میچ کا دلچسپ مرحلہ آخری اوور تک جاری رہا، جہاں کپتان جنید خلیل نینی تال والا نے وننگ شارٹ کھیل کر پاکستان کو کامیابی دلائی اور ٹیم کو عالمی چیمپئن بنا دیا۔ اس فتح نے پاکستانی کھلاڑیوں اور شائقین میں جوش و خروش پیدا کر دیا ہے۔
ٹورنامنٹ میں پاکستان کی کارکردگی نمایاں رہی۔ پول مرحلے کے میچوں میں پاکستان نے کریبین، بھارت، نیوزی لینڈ اور امریکا کو شکست دی، جبکہ سیمی فائنل میں انگلینڈ کو ہرا کر فائنل تک رسائی حاصل کی۔ اس فتح سے پاکستان کی اوور 40 کرکٹ میں مضبوط حیثیت مزید مستحکم ہو گئی ہے۔











