پنجاب حکومت کا دیہی خواتین کے لیے ’شی تھریڈ‘ پروگرام، رجسٹریشن شروع
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ’شی تھریڈ‘ منصوبے کے تحت دیہی خواتین کو ٹیکسٹائل ٹریننگ کے ساتھ ماہانہ 15 ہزار روپے وظیفہ دیا جائے گا اور تربیت کے بعد ٹیکسٹائل انڈسٹری میں روزگار بھی فراہم کیا جائے گا۔

پنجاب حکومت نے دیہی خواتین کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے ’شی تھریڈ‘ کے نام سے ایک بڑا پروگرام شروع کیا ہے جس کے تحت خواتین کو ٹیکسٹائل کی ہنر مندی سکھائی جائے گی اور تربیت مکمل ہونے پر انڈسٹری میں ملازمت بھی فراہم کی جائے گی۔ محکمہ ویمن ڈویلپمنٹ کے زیر اہتمام اس پروگرام کے لیے لاہور میں دیہی علاقوں کی خواتین کی رجسٹریشن شروع کر دی گئی ہے۔
پروگرام کے مطابق 1150 دیہی خواتین ٹیکسٹائل ٹریننگ کر کے روزگار حاصل کر سکیں گی، جبکہ جون تک 2500 خواتین کی تربیت کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ تربیت کے دوران خواتین کو ماہانہ 15 ہزار روپے وظیفہ بھی دیا جائے گا تاکہ وہ بلا رکاوٹ ہنر سیکھ سکیں۔
تربیتی کورس تین ماہ پر مشتمل ہے جس میں انڈسٹریل سلائی مشین آپریٹر اور اپیرل سپر وائزر کی تربیت دی جائے گی۔ لاہور کے قریب ملتان روڈ پر واقع شاہکام انڈسٹری میں اس کا انتظام کیا گیا ہے، جہاں کلاس روم کی تعلیم کے ساتھ عملی تربیت بھی فراہم کی جائے گی تاکہ خواتین مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق مہارت حاصل کر سکیں۔
اس پروگرام میں درخواست دینے کے لیے 18 سے 45 سال کی خواتین کا پنجاب کا رہائشی ہونا اور میٹرک کی سند ضروری ہے۔ رجسٹریشن کے لیے قومی شناختی کارڈ اور ڈومیسائل کے ہمراہ شاہکام انڈسٹریز میں درخواست جمع کروائی جا سکتی ہے۔ ابتدائی جانچ اور اہلیت کی تصدیق کے بعد امیدوار خواتین کو داخلے سے قبل حلف نامہ جمع کرانا ہوگا۔
اسسٹنٹ کمشنرز، یونین کونسل سیکرٹریز اور متعلقہ ضلعی دفاتر کے ذریعے اس پروگرام میں رجسٹریشن سے متعلق معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ مقصد دیہی خواتین کو مارکیٹ کی بنیاد پر تربیت دے کر باوقار روزگار کا اہل بنانا ہے تاکہ وہ معاشی طور پر خودمختار ہو سکیں اور ٹیکسٹائل انڈسٹری کو ہنرمند افرادی قوت بھی میسر آ سکے۔










