بلغاریہ میں شدید دھند کے باعث 86 گاڑیاں ٹکرا گئیں، 11 ہلاک اور 50 زخمی
بلغاریہ کی اے ون ٹریشیا موٹروے پر صبح کے وقت شدید دھند کے باعث دو بڑے سلسلہ وار حادثات پیش آئے، جن میں کاروں، بسوں اور بھاری ٹرکوں سمیت 86 گاڑیاں متاثر ہوئیں۔
یہ خبر اور ہر اہم خبر سب سے پہلے واٹس ایپ پر پائیںaround.pk اردو خبریں چینل — مفت، بغیر سپیم فالو کریں
بلغاریہ میں شہر یامبول کے قریب اے ون ٹریشیا موٹروے پر شدید دھند کے باعث درجنوں گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں، جس کے نتیجے میں کم از کم 11 افراد ہلاک اور 50 سے زائد زخمی ہوگئے۔ یہ حادثہ صوفیہ کو بحیرہ اسود کے ساحلی شہر برگاس سے ملانے والی مرکزی شاہراہ پر پیش آیا، جہاں کاریں، بسیں، وینز اور بھاری ٹرک ایک دوسرے سے ٹکرا کر تباہ ہوگئے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز اور بلغاریہ کے مقامی نشریاتی ادارے نووا ٹی وی کے مطابق یہ سانحہ منگل کی صبح تقریباً سات بج کر دس منٹ پر رونما ہوا۔ حکام کے مطابق موٹروے پر دو بڑے سلسلہ وار تصادم پیش آئے؛ پہلا حادثہ برگاس جانے والی لین میں ہوا، جبکہ کچھ ہی دیر بعد مخالف سمت میں صوفیہ جانے والی لین میں بھی متعدد گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں۔
مقامی حکام کے مطابق مجموعی طور پر 86 گاڑیاں، وینز اور بھاری ٹرک ان حادثات کی زد میں آئے، جن میں سے 63 گاڑیاں برگاس جبکہ 23 گاڑیاں صوفیہ جانے والی سمت میں متاثر ہوئیں۔ تصادم کے نتیجے میں کئی گاڑیاں الٹ گئیں اور متعدد ٹرکوں اور کاروں کو شدید نقصان پہنچا۔
ریسکیو کارروائی کے دوران بعض مسافر تباہ شدہ گاڑیوں کے ملبے میں پھنسے رہے، جنہیں نکالنے کے لیے امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچیں۔ زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا، جہاں شدید زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
واضح رہے کہ شدید دھند میں حد نگاہ کا کم ہونا اور رفتار میں عدم توازن ایسے سلسلہ وار حادثات کی بڑی وجوہات مانے جاتے ہیں۔ حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ حادثے کے وقت موٹروے پر حفاظتی تدابیر اور خبردار کرنے کے نظام کس حد تک فعال تھے۔
یہ واقعہ یورپی ملک بلغاریہ کی سڑکوں پر پیش آنے والے مہلک ترین حادثات میں شمار کیا جا رہا ہے۔ ماہرین کے مطابق سردیوں کے آغاز پر دھند اور خراب موسمی حالات میں طویل شاہراہوں پر اس طرح کے حادثات کا خطرہ بڑھ جاتا ہے، جس کے لیے جدید ٹریفک انتباہی نظام اور احتیاطی تدابیر ناگزیر ہیں۔









