ترک تحقیقی جہاز اورچ رئیس سندھ اور مکران کے سمندری علاقوں میں تیل و گیس کی تلاش کے لیے سیسمک سروے کرے گا
ترکیہ کا تحقیقی بحری جہاز اورچ رئیس سندھ اور مکران کے سمندری علاقوں میں تقریباً دو ماہ تک تھری ڈی سیسمک سروے کرے گا، جس سے آف شور تیل و گیس کی تلاش اور ڈرلنگ کے امکانات کا تعین ممکن ہو سکے گا۔
یہ خبر اور ہر اہم خبر سب سے پہلے واٹس ایپ پر پائیںaround.pk اردو خبریں چینل — مفت، بغیر سپیم فالو کریں
اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف سے ترکیہ کے وزیر توانائی و قدرتی وسائل الپ ارسلان بائراکتر کی ملاقات ہوئی، جس میں دونوں ملکوں کے درمیان توانائی کے شعبے میں تعاون کو مزید وسعت دینے پر گفتگو کی گئی۔ ملاقات کے بعد وزیراعظم نے ترک وفد کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا۔
ترک وزیر توانائی نے بتایا کہ ترکیہ کا تحقیقی بحری جہاز اورچ رئیس سندھ اور مکران کے سمندری علاقوں میں تیل و گیس کے ممکنہ ذخائر کی تلاش کے لیے تقریباً دو ماہ تک تھری ڈی سیسمک سروے کرے گا۔ ان کے مطابق اس منصوبے سے حاصل ہونے والے سائنسی اعداد و شمار مستقبل میں تیل و گیس کی تلاش اور ڈرلنگ کے امکانات کے تعین میں مدد دیں گے۔
وزیراعظم نے جہاز کی آمد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے برادر ملک ترکیہ کے ساتھ تعلقات دیرینہ دوستی، باہمی اعتماد، اخوت اور مشترکہ مفادات پر استوار ہیں۔ انہوں نے آف شور تیل و گیس کی تلاش کے منصوبے میں بھرپور تعاون پر ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کا شکریہ ادا کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان ترکیہ کے تجربے اور تکنیکی مہارت سے استفادہ کرتے ہوئے توانائی کے شعبے میں تعاون کو مزید بڑھانا چاہتا ہے۔ ان کے مطابق آف شور تیل و گیس کی تلاش کے علاوہ معدنیات اور قابلِ تجدید توانائی کے شعبوں میں بھی دو طرفہ تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں، اور ملکی سمندری حدود میں ممکنہ ذخائر کی تلاش توانائی کے تحفظ اور معاشی ترقی کے لیے اہم پیش رفت ہے۔
ترک وزیر توانائی نے پرتپاک استقبال پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اورچ رئیس کی آمد سے دونوں ملکوں کے درمیان توانائی کے شعبے میں تعاون ایک نئے دور میں داخل ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترکیہ اپنی تکنیکی مہارت، سائنسی تجربے اور انجینئرنگ صلاحیتوں کو پاکستان کے ساتھ بروئے کار لانے کے لیے پُرعزم ہے۔
ترک وفد میں ترکیہ کی پارلیمنٹ کے رکن اور پاکستان-ترکیہ دوستی گروپ کے صدر علی شاہین، پاکستان میں ترکیہ کے سفیر عرفان نذیر اوولو اور وزارت توانائی کے اعلیٰ حکام شامل تھے۔ عشائیے میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزراء جنید انور چوہدری، عطاء اللہ تارڑ، علی پرویز ملک اور اویس لغاری بھی موجود تھے۔
اب تک کی کہانی ترکیہ
- ملتان ایئرپورٹ: سی او پی 31 کانفرنس کے نام پر ترکیہ جانے کی کوشش ناکام، مسافر آف لوڈ
- کرکوک-جیہان پائپ لائن کی بحالی: عراق سے ترکیہ کو خام تیل کی برآمدات دوبارہ شروع
- اسحاق ڈار کی ایرانی اور ترک حکام سے ملاقاتیں، علاقائی امن اور ای سی او تعاون پر گفتگو
- لاہور ایئرپورٹ پر ترکی کے جعلی ورک ویزوں کے ساتھ چار مسافر روکے گئے











