آئی ایم ایف کا انتباہ: درآمدات میں اضافہ اور ترسیلات زر کی سست رفتار سے پاکستان کی مالی صورتحال کمزور ہو سکتی ہے
عالمی مالیاتی فنڈ کے پاکستان میں نمائندے ڈاکٹر ماہیر بنیشی نے خبردار کیا ہے کہ درمیانی مدت میں درآمدات میں اضافے اور ترسیلات زر کی رفتار میں کمی سے مالی دباؤ بڑھ سکتا ہے، اس لیے معاشی تحفظ کے لیے ذخائر اور وسائل مضبوط بنانے کا عمل جاری رکھنا ہوگا۔
یہ خبر اور ہر اہم خبر سب سے پہلے واٹس ایپ پر پائیںaround.pk اردو خبریں چینل — مفت، بغیر سپیم فالو کریں
عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے پاکستان میں مقیم نمائندے ڈاکٹر ماہیر بنیشی نے ایک فورم سے خطاب کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ درمیانی مدت میں درآمدات میں اضافے اور ترسیلاتِ زر کی رفتار میں کمی کے باعث ملک کی مالیاتی صورتحال کمزور ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو معاشی تحفظ کے لیے اپنے مالیاتی ذخائر اور وسائل مضبوط بنانے کا عمل جاری رکھنا ہوگا تاکہ بیرونی دباؤ کے اثرات کم کیے جا سکیں۔
ڈاکٹر ماہیر بنیشی نے پاکستان پراسپیرٹی فورم سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک نے معاشی استحکام کی جانب پیش رفت کی ہے، تاہم اس استحکام کو پائیدار ترقی اور خوشحالی میں تبدیل کرنے کے لیے مسلسل، منصفانہ اور مرحلہ وار اصلاحات ناگزیر ہیں۔ انہوں نے موجودہ سات ارب ڈالر کے آئی ایم ایف پروگرام کی مدت ختم ہونے کے بعد اگلے پانچ سال تک کسی نئے پروگرام کی ضرورت کے حوالے سے واضح جواب نہیں دیا۔
آئی ایم ایف نمائندے کے مطابق پاکستان کی بنیادی معاشی مشکلات میں انسانی اور طبعی سرمائے میں کم سرمایہ کاری شامل ہے۔ سرمایہ کاری میں کمی کے نتیجے میں پیداواری صلاحیت متاثر ہوئی، جبکہ کمزور پیداواری صلاحیت، محدود سرمایہ کاری اور کم برآمدات ایک دوسرے کو مزید تقویت دے رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ برآمدات مجموعی قومی پیداوار کے تقریباً دس فیصد تک محدود ہو چکی ہیں اور بڑی تعداد میں افرادی قوت کم پیداواری شعبہ زراعت سے وابستہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ معاشی ساخت اور بچت و سرمایہ کاری کے فرق سے مطابقت رکھتا ہے، اور مالیاتی و بیرونی شعبے کے استحکام کے لیے ٹیکس، تجارتی پالیسی اور بیرونی شعبے میں اصلاحات ضروری ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو وسیع، مستحکم اور قابلِ پیشگوئی ٹیکس نظام تشکیل دینا ہوگا۔ انہوں نے یہ بھی خبردار کیا کہ معاشی حفاظتی ذخائر ابھی محدود ہیں اور پالیسیوں میں نظم و ضبط کمزور پڑنے سے حاصل ہونے والی کامیابیاں ضائع ہو سکتی ہیں، جبکہ عالمی تنازعات میں شدت، اجناس کی قیمتوں میں اضافہ اور عالمی تجارت میں رکاوٹیں بڑے خطرات ہیں۔
فورم سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے خزانہ و محصولات بلال اظہر کیانی نے کہا کہ ملک میں کسی نہ کسی صورت اختیارات کی حقیقی منتقلی یقینی بنانا ہوگی اور نقد مالی امداد طویل مدتی مسائل کا حل نہیں، اس لیے قومی مالیاتی کمیشن کے موجودہ وسائل کی تقسیم کے فارمولے پر سنجیدگی سے نظرثانی کی ضرورت ہے۔ ماہرِ معاشیات رضوان راوجی نے آئی ایم ایف کے پروگراموں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس نے غلط معاشی مشورے دیے ہیں جنہیں سخت شرائط کے ذریعے نافذ کیا جاتا ہے اور یہ اقدامات ترقی کے لیے نقصان دہ ہیں۔
برطانوی ہائی کمیشن کے سینئر اقتصادی مشیر لوئی ڈین نے کہا کہ پائیدار معاشی ترقی کے لیے برآمدات میں مسلسل اضافہ ناگزیر ہے، اور پاکستان کو بھی قواعد و ضوابط کو عالمی معیارات سے ہم آہنگ کرنے کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی خریداروں کے اعتماد کے مطابق مصنوعات کی جانچ کا نظام بہتر بنانا ہوگا۔ واضح رہے کہ گزشتہ دنوں چینی کی برآمد کی اجازت کے حوالے سے آئی ایم ایف کی شرط کو نظر انداز کرنے اور شوگر، سیمنٹ، ٹیکسٹائل، مشروبات اور تمباکو کے شعبوں میں انڈر انوائسنگ کے باعث قومی خزانے کو کھربوں روپے کے نقصان کے معاملات بھی زیر بحث رہے ہیں۔
اب تک کی کہانی ترسیلات زر
- اسٹیٹ بینک کا امکان: رواں مالی سال ترسیلاتِ زر 45 ارب ڈالر تک پہنچ سکتی ہیں
- اکتوبر میں ترسیلات زر میں 8.5 فیصد اضافہ، سعودی عرب سرفہرست
- اوورسیز پاکستانیوں کی ترسیلات زر میں نمایاں اضافہ، اکتوبر میں 3.9 ارب ڈالر موصول
- ترسیلاتِ زر 44 ارب ڈالر سے تجاوز کرنے کی توقع، وزیر خزانہ کا ڈیجیٹل اثاثوں پر بڑا اعلان









