پاکستان کا مزید آٹھ لاکھ ٹن گندم درآمد کرنے کا فیصلہ، تیسرا عالمی ٹینڈر جاری
ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان نے آٹھ لاکھ میٹرک ٹن گندم کی درآمد کے لیے تیسرا بین الاقوامی ٹینڈر جاری کر دیا ہے، جس کے تحت 30 نومبر تک بولیاں جمع کرائی جا سکیں گی۔
یہ خبر اور ہر اہم خبر سب سے پہلے واٹس ایپ پر پائیںaround.pk اردو خبریں چینل — مفت، بغیر سپیم فالو کریں
وفاقی حکومت نے ملک کی گندم کی ضروریات پوری کرنے کے لیے مزید آٹھ لاکھ میٹرک ٹن گندم درآمد کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلے میں تیسرا بین الاقوامی ٹینڈر جاری کر دیا گیا ہے۔ ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان (ٹی سی پی) کی جانب سے جاری کی گئی ٹینڈر دستاویزات کے مطابق عالمی سپلائرز سے بولیاں طلب کی گئی ہیں اور بولیاں جمع کرانے کی آخری تاریخ 30 نومبر مقرر کی گئی ہے۔ اسی روز دوپہر ساڑھے دو بجے تکنیکی بولیاں کھولی جائیں گی۔
ٹینڈر کے مطابق ہر عالمی سپلائر کے لیے کم از کم پچاس ہزار میٹرک ٹن گندم کی بولی دینا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ دستاویزات میں واضح کیا گیا ہے کہ بھارت، اسرائیل اور دیگر ممنوعہ ممالک سے گندم درآمد کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ اس کے علاوہ جنگ زدہ علاقوں سے گندم فراہم کرنے والی کمپنیوں کو متبادل ممالک سے سپلائی کی پیشکش بھی دینی ہوگی۔
گندم درآمد کرنے کے خواہشمند سپلائرز کے لیے کم از کم پانچ سال کا برآمدی تجربہ اور گزشتہ پانچ سال کے دوران کم از کم پچاس ہزار ٹن گندم برآمد کرنے کی شرط بھی عائد کی گئی ہے۔ ٹینڈر دستاویزات کے مطابق درآمد کی جانے والی گندم 2026 کی نئی فصل کی ہونی چاہیے، جس میں نمی کی زیادہ سے زیادہ شرح چودہ اعشاریہ پانچ فیصد، پروٹین کم از کم دس فیصد اور ویٹ گلوٹن کی مقدار کم از کم تئیس فیصد مقرر کی گئی ہے۔ غیر معیاری گندم مسترد کر دی جائے گی، جبکہ ٹھیکے کا فیصلہ مجموعی طور پر کم ترین لاگت کی بنیاد پر کیا جائے گا۔
گندم کی ترسیل کے لیے دو مرحلے مقرر کیے گئے ہیں۔ پہلے مرحلے میں چار لاکھ ٹن گندم پچیس دسمبر 2026 سے پانچ جنوری 2027 کے دوران پاکستان روانہ کرنا ہوگی، جبکہ مزید چار لاکھ ٹن گندم چھ سے پندرہ جنوری 2027 کے دوران روانہ کی جائے گی۔ ٹینڈر کے مطابق تمام آٹھ لاکھ ٹن گندم پندرہ فروری 2027 تک کراچی یا گوادر کی بندرگاہوں پر پہنچانا لازمی ہوگا۔
مقررہ وقت پر گندم کی ترسیل نہ کرنے کی صورت میں ابتدائی جرمانہ پچیس امریکی سینٹ فی ٹن یومیہ مقرر کیا گیا ہے۔ ٹی سی پی نے ٹینڈر میں گندم کی مقررہ مقدار میں دس فیصد کمی یا اضافے کی گنجائش بھی رکھی ہے، جس کے تحت حتمی درآمدی مقدار میں ضرورت کے مطابق ردوبدل کیا جا سکے گا۔
واضح رہے کہ یہ حکومت کی جانب سے گندم کی درآمد کے حوالے سے جاری کیا جانے والا تیسرا عالمی ٹینڈر ہے، جو ملک میں گندم کی دستیابی کو یقینی بنانے اور مارکیٹ میں فراہمی کے تسلسل کو برقرار رکھنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔
اب تک کی کہانی گوادر
- پی ٹی اے کے ملک گیر معائنے میں ٹیلی کام سائٹس کے ناقص انتظامات کا انکشاف
- گوادر کے ساحل پر 30 فٹ لمبی بلیو وہیل مردہ حالت میں پائی گئی










