ایس سی او تہذیبی فورم: پاک بھارت باضابطہ مذاکرات نہیں ہوئے، بھارتی وزیر ثقافت
بھارتی وزیر ثقافت وویک اگروال نے کہا ہے کہ ایس سی او تہذیبی مکالمہ فورم کے موقع پر پاکستان اور بھارت کے درمیان کوئی باضابطہ دوطرفہ مذاکرات نہیں ہوئے، تاہم غیر رسمی ملاقاتیں ہوئیں۔
یہ خبر اور ہر اہم خبر سب سے پہلے واٹس ایپ پر پائیںaround.pk اردو خبریں چینل — مفت، بغیر سپیم فالو کریں
نئی دہلی: شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے پہلے تہذیبی مکالمہ فورم کے اختتام پر بھارتی وزیر ثقافت وویک اگروال نے واضح کیا ہے کہ اس موقع پر پاکستان اور بھارت کے درمیان کوئی باضابطہ دوطرفہ مذاکرات نہیں ہوئے۔ تاہم انہوں نے تسلیم کیا کہ دونوں ممالک کے وفود کے ارکان کے درمیان غیر رسمی ملاقاتیں اور مختلف امور پر تبادلہ خیال ضرور ہوا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بھارتی وزیر ثقافت نے بتایا کہ پاکستانی وفاقی وزیر مصدق ملک سے بھارتی حکام کی کوئی باضابطہ دوطرفہ ملاقات طے نہیں تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ اجلاس اور ضیافتوں کے دوران بھارتی وفد کے ارکان کی پاکستانی وزیر سے ملاقاتیں ہوئیں اور مختلف امور پر غیر رسمی تبادلہ خیال بھی کیا گیا، تاہم اسے باضابطہ پاک بھارت مذاکرات قرار نہیں دیا جا سکتا۔
ادھر پاکستانی وفاقی وزیر مصدق ملک نے فورم کے موقع پر تاجکستان اور ایران کے حکام سے بھی دوطرفہ ملاقاتیں کیں، جن میں ثقافتی تعاون اور باہمی روابط کے فروغ سے متعلق امور زیر بحث آئے۔
تین روزہ ایس سی او تہذیبی مکالمہ فورم 22 نومبر کو اختتام پذیر ہوا، جس کے آخری روز انڈراپرستھا اعلامیہ منظور کیا گیا۔ اعلامیے میں مشترکہ ثقافتی منصوبوں کے فروغ، تہذیبی ورثے کے تحفظ، ثقافتی نوادرات کی غیر قانونی اسمگلنگ کی روک تھام اور مختلف تہذیبوں کو مساوی اہمیت دینے پر زور دیا گیا۔
واضح رہے کہ اس فورم کا بنیادی مقصد شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے درمیان ثقافتی روابط اور تہذیبی تعاون کو مضبوط بنانا تھا۔
اب تک کی کہانی شنگھائی تعاون تنظیم
- مصدق ملک کا ایس سی او فورم میں خطے کے مسائل شواہد کی بنیاد پر حل کرنے پر زور
- مصدق ملک نئی دہلی میں ایس سی او تہذیبی مکالمے میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے
- پاکستان کو شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کا بھارتی دعوت نامہ موصول، شرکت کا فیصلہ ادارہ جاتی مشاورت کے بعد










