شدید دھند کے سبب موٹروے ایم 4 کے کئی حصے بند، ایم 3 پر ٹریفک بحال
پنجاب میں شدید دھند کے باعث موٹروے ایم 4 کے متعدد سیکشنز پر ٹریفک معطل ہے، جبکہ ایم 3 کو حد نگاہ بہتر ہونے پر کھول دیا گیا ہے۔ موٹروے پولیس نے غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
یہ خبر اور ہر اہم خبر سب سے پہلے واٹس ایپ پر پائیںaround.pk اردو خبریں چینل — مفت، بغیر سپیم فالو کریں
پنجاب کے مختلف علاقوں میں شدید دھند کے باعث موٹروے ایم 4 کے متعدد حصوں پر ہر قسم کی ٹریفک بند کر دی گئی ہے، جبکہ موٹروے ایم 3 کو حد نگاہ بہتر ہونے کے بعد دوبارہ کھول دیا گیا ہے۔ موٹروے پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ دھند کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
ترجمان موٹروے پولیس سنٹرل ریجن سید عمران احمد کے مطابق موٹروے ایم 4 پر فیصل آباد سے پنڈی بھٹیاں تک ٹریفک بند ہے، جبکہ شورکوٹ سے عبدالحکیم تک کا حصہ بھی شدید دھند کی وجہ سے بند رکھا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ فیصل آباد انٹرچینج سے شمال کی جانب جانے والی گاڑیوں کو متبادل راستوں پر منتقل کیا جا رہا ہے، اسی طرح شورکوٹ سے جنوب اور عبدالحکیم سے شمال کی طرف جانے والی گاڑیوں کے لیے بھی متبادل راستے فراہم کیے جا رہے ہیں۔ ایم 4 کے دیگر تمام سیکشنز شمالی اور جنوبی دونوں اطراف سے ٹریفک کے لیے کھلے ہیں۔
ترجمان کے مطابق دھند کے باعث موٹروے ایم 3 پر بھی رجانہ سے پیر محل انٹرچینج تک ٹریفک بند کی گئی تھی، تاہم بعد میں اسے بحال کر دیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ موٹرویز بند کرنے کا مقصد عوام کی جان و مال کا تحفظ ہے، اور شہریوں کو چاہیے کہ وہ دھند کے دوران سفر سے ممکنہ حد تک بچیں۔
سید عمران احمد نے سفر کے لیے صبح 10 بجے سے شام 6 بجے تک کے اوقات کو ترجیح دینے کی تجویز دی۔ انہوں نے ڈرائیورز کو ہدایت کی کہ دوران سفر گاڑی کی رفتار کم رکھیں، اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ برقرار رکھیں، لین کی پابندی کریں اور غیر ضروری اوورٹیکنگ یا اچانک بریک لگانے سے گریز کریں۔
موٹروے پولیس کے ترجمان نے مزید کہا کہ ڈرائیورز فوگ لائٹس استعمال کریں اور گاڑی کی ہیڈ لائٹس، بیک لائٹس اور وائپرز کو درست حالت میں رکھیں تاکہ دھند کے دوران حادثات سے بچا جا سکے۔
اب تک کی کہانی موٹروے پولیس سنٹرل ریجن
- شدید دھند کے باعث موٹروے ایم 4 کے کئی حصے ٹریفک کے لیے بند
- شدید دھند کے باعث موٹروے ایم 4 ہیوی ٹریفک کے لیے بند









