اسپٹنک نے اردو نیوز سروس کا آغاز کر دیا
روسی خبر رساں ادارے اسپٹنک نے اردو زبان میں خبریں فراہم کرنا شروع کر دی ہیں، اس سلسلے میں وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے مبارکباد دی ہے۔
یہ خبر اور ہر اہم خبر سب سے پہلے واٹس ایپ پر پائیںaround.pk اردو خبریں چینل — مفت، بغیر سپیم فالو کریں
روس کے سرکاری خبر رساں ادارے اسپٹنک نے اردو زبان میں نیوز سروس کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔ یہ اقدام پاکستان اور روس کے درمیان میڈیا تعاون کے فروغ کی جانب ایک اہم قدم سمجھا جا رہا ہے۔ اسپٹنک اردو زبان میں خبریں جاری کرنے والا پہلا روسی خبر رساں ادارہ بن گیا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے اس موقع پر ایک ویڈیو پیغام میں ادارے کی انتظامیہ اور ادارتی ٹیم کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ اسپٹنک کی اردو سروس دونوں ممالک کے عوام کو قریب لانے میں اہم کردار ادا کرے گی اور اس سے باہمی اعتماد، عوامی روابط اور افہام و تفہیم کو فروغ ملے گا۔
اسپٹنک نے اردو سروس کے آغاز پر روس میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی کا پہلا انٹرویو ریکارڈ کیا۔ سفیر نے ماسکو اسٹوڈیو میں اردو زبان میں خصوصی گفتگو کی اور پاک روس تعلقات نیز دونوں ممالک کے درمیان میڈیا روابط کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
اسپٹنک دنیا بھر میں 30 سے زائد زبانوں میں خبریں اور معلومات فراہم کرتا ہے۔ ادارے کے یورپ، ایشیا، افریقہ، لاطینی امریکہ اور مشرق وسطیٰ میں 26 ادارتی دفاتر قائم ہیں، جبکہ اس کے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر سبسکرائبرز کی تعداد 3 کروڑ 40 لاکھ سے زیادہ بتائی جاتی ہے۔ اسپٹنک کے مطابق اس کی ریڈیو نشریات دنیا بھر میں 21 کروڑ سے زائد سامعین تک پہنچتی ہیں۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف کے متوقع دورہ روس سے قبل اسپٹنک اردو سروس کا آغاز ایک اہم پیش رفت ہے۔ اس سروس کے ذریعے پاکستانی عوام کو روس کی ثقافت، معاشرت اور مختلف شعبوں میں ہونے والی پیش رفت سے آگاہی کے نئے مواقع میسر آئیں گے۔
عالمی ذرائع ابلاغ میں اردو زبان کی بڑھتی ہوئی اہمیت کے پیش نظر اسپٹنک بھی بی بی سی اور وائس آف امریکہ کے بعد اردو نشریاتی اداروں کی صف میں شامل ہو گیا ہے۔ یہ آغاز پاکستان کی قومی زبان کی عالمی سطح پر اہمیت کا اعتراف قرار دیا جا رہا ہے۔
اب تک کی کہانی عطااللہ تارڑ
- نئے صوبوں کے قیام پر عوامی رائے لی جائے، ریفرنڈم میں کوئی حرج نہیں: عطا تارڑ
- الیکشن کمیشن نے عطا اللہ تارڑ کے خلاف کیس کا فیصلہ محفوظ کر لیا
- اسلام آباد میں 30ویں ای سی او کونسل آف منسٹرز کانفرنس، میڈیا سینٹر کا افتتاح
- پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 کا اختتام: 13 معاہدے اور قومی معدنی ڈیٹا سینٹر کا آغاز











