لاہور میں فضائی آلودگی سے درختوں اور پودوں کی صحت بھی متاثر، تحقیق میں انکشاف
لاہور میں بڑھتی ہوئی فضائی آلودگی انسانی صحت کے ساتھ ساتھ شہر کے درختوں اور پودوں کو بھی متاثر کر رہی ہے، جس سے ضیائی تالیف کا عمل سست اور نشوونما متاثر ہو رہی ہے۔ محققین نے مختلف پودوں میں آلودگی برداشت کرنے کی صلاحیت میں فرق بھی ریکارڈ کیا ہے۔
یہ خبر اور ہر اہم خبر سب سے پہلے واٹس ایپ پر پائیںaround.pk اردو خبریں چینل — مفت، بغیر سپیم فالو کریں
لاہور میں بڑھتی ہوئی فضائی آلودگی جہاں شہریوں کی صحت کے لیے خطرہ بن رہی ہے، وہیں شہر کے درخت اور پودے بھی اس کے منفی اثرات کی زد میں آ رہے ہیں۔ فضا میں موجود دھول، باریک ذرات اور زہریلی گیسیں پتوں کی سطح پر جمع ہو کر ضیائی تالیف اور پودوں کے دیگر قدرتی حیاتیاتی افعال کو متاثر کر رہی ہیں، جس سے ان کی نشوونما سست ہونے اور صحت خراب ہونے کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔
ماہرین کے مطابق آلودگی کے مسلسل اثرات سے درختوں کے پتے پیلے پڑ سکتے ہیں، خشک ہو کر وقت سے پہلے جھڑ سکتے ہیں اور پودوں کی خوراک تیار کرنے کی صلاحیت بھی کم ہو سکتی ہے۔ خاص طور پر سردیوں میں جب لاہور کی فضا میں دھند، گردوغبار اور باریک آلودہ ذرات کی مقدار بڑھ جاتی ہے تو یہ ذرات پتوں پر تہہ بنا لیتے ہیں، جس سے سورج کی روشنی جذب کرنے کا عمل متاثر ہوتا ہے۔
باغ جناح لاہور کے پراجیکٹ ڈائریکٹر اور ماہر نباتات جلیل احمد کے مطابق فضائی آلودگی، دھول مٹی اور زہریلے کیمیائی ذرات پتوں کے مسام بند کر سکتے ہیں، جس سے پودوں میں گیسوں کے تبادلے اور ضیائی تالیف کا عمل متاثر ہوتا ہے۔ اس کے نتیجے میں پودے اپنی خوراک کم تیار کرتے ہیں اور ان کی نشوونما سست پڑ جاتی ہے۔ ان کے مطابق سلفر ڈائی آکسائیڈ، نائٹروجن آکسائیڈز اور زمینی اوزون جیسی آلودہ گیسیں پودوں کے خلیوں کو بھی نقصان پہنچا سکتی ہیں۔
درختوں اور پودوں کو آلودگی سے بچانے کے لیے باقاعدہ دیکھ بھال ضروری ہے۔ اسی مقصد کے تحت پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی لاہور کے مختلف علاقوں میں درختوں اور پودوں پر پانی کا چھڑکاؤ کرتی ہے تاکہ پتوں پر جمع دھول اور مٹی صاف کی جا سکے۔ جلیل احمد کے مطابق بارش پتوں کی قدرتی صفائی کا مؤثر ذریعہ ہے، تاہم بارش نہ ہونے کی صورت میں مصنوعی طریقے سے پانی کا چھڑکاؤ کیا جاتا ہے۔ انہوں نے شہریوں کو بھی مشورہ دیا کہ وہ گھروں کے باغیچوں اور چھتوں پر رکھے پودوں کے پتوں کو وقفے وقفے سے پانی سے صاف کریں۔
لاہور میں پودوں پر فضائی آلودگی کے اثرات مختلف تحقیقی مطالعات میں بھی سامنے آئے ہیں۔ گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کے شعبہ نباتیات کے محققین کی 2025 میں شائع ہونے والی تحقیق میں شہر کی سات مصروف شاہراہوں کے کنارے موجود پودوں کا جائزہ لیا گیا۔ تحقیق کے مطابق پتوں پر آلودگی کے ذرات جمع ہونے سے ضیائی تالیف، پتوں کے مسام اور دیگر حیاتیاتی افعال متاثر ہوتے ہیں، اور مختلف اقسام کے پودوں میں آلودگی برداشت کرنے کی صلاحیت میں بھی فرق پایا گیا۔
اسی طرح یونیورسٹی آف ایگریکلچر فیصل آباد کے محققین کی 2024 کی تحقیق میں لاہور کے چار مقامات پر درختوں کے پتوں کا تجزیہ کیا گیا، جس میں تجارتی علاقوں اور مصروف شاہراہوں کے قریب پتوں میں سیسہ، کیڈمیم اور زنک جیسی بھاری دھاتوں کی نسبتاً زیادہ مقدار پائی گئی۔ ایف سی کالج لاہور کے شعبہ ماحولیاتی علوم کی جون 2026 میں شائع ہونے والی تحقیق میں بھی بتایا گیا کہ شہر کے موجودہ سبز علاقوں کی آلودگی جذب کرنے کی صلاحیت مجموعی آلودگی کے مقابلے میں ناکافی ہے، اور تحقیق میں سبز علاقوں کے تحفظ کے ساتھ ان کے رقبے میں اضافے کی سفارش کی گئی ہے۔
اب تک کی کہانی لاہور
- موٹروے ایم 2 پر نیلا دلہ کے قریب لاہور جانے والی ٹریفک بحال
- سلیم رضا: وہ آواز جس نے محبت کے گیت بھی گائے اور وطن کا دفاع بھی کیا
- لاہور میں تین افراد کے قتل کا ملزم اوکاڑہ میں زہریلی گولیاں کھا کر ہلاک
- پاکستان کی میزبانی میں ساؤتھ ایشین گیمز چھٹی بار ملتوی، اب نومبر 2027 میں انعقاد کا امکان








