ایل او سی عبور کرنے کی کوشش میں بھارتی شہری دریائے نیلم میں جاں بحق، میت کی حوالگی پر مشاورت جاری
بارہ مولہ کے رہائشی عرفان حسین شاہ کی لاش دریائے نیلم سے نکالی گئی ہے۔ وہ بیوی بچوں سے ملنے کے لیے لائن آف کنٹرول عبور کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔
یہ خبر اور ہر اہم خبر سب سے پہلے واٹس ایپ پر پائیںaround.pk اردو خبریں چینل — مفت، بغیر سپیم فالو کریں
آزاد کشمیر میں لائن آف کنٹرول کے قریب دریائے نیلم سے ملنے والی ایک لاش کی شناخت ہو گئی ہے۔ جاں بحق ہونے والے شخص کا نام عرفان حسین شاہ ہے اور ان کا تعلق مقبوضہ کشمیر کے ضلع بارہ مولہ سے بتایا جاتا ہے۔ اطلاعات کے مطابق وہ اپنی اہلیہ اور بچوں سے ملنے کی خواہش میں دریائے نیلم پار کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔
تفصیلات کے مطابق عرفان حسین شاہ نے 22 اور 23 نومبر کی درمیانی شب کیرن زیرو پوائنٹ کے قریب پیدل دریا عبور کرنے کی کوشش کی تاہم دریا کے یخ بستہ پانی اور تیز بہاؤ کی نذر ہو گئے۔ ان کی لاش دریا سے ملنے کے بعد ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نیلم نے پاک فوج کے تعاون سے ریسکیو آپریشن کرتے ہوئے نکالی۔
ملنے والی معلومات کے مطابق عرفان حسین شاہ کی شادی 2002 میں آزاد کشمیر کے علاقے چکار میں ہوئی تھی اور وہ 2008 میں اپنی اہلیہ کے ہمراہ مقبوضہ کشمیر منتقل ہو گئے تھے۔ پاک بھارت کشیدگی کے بعد ان کی اہلیہ اور بچوں کو مقبوضہ کشمیر سے ڈی پورٹ کر کے آزاد کشمیر بھیج دیا گیا تھا، جس کے بعد وہ اپنے اہل خانہ سے جدا ہو گئے۔ متوفی کے پاس سے ملنے والے شناختی کارڈ کے مطابق وہ بھارتی محکمہ انکم ٹیکس کے ملازم تھے۔
اہلیہ اور بچوں سے طویل جدائی کے باعث وہ شدید ذہنی کرب میں مبتلا تھے اور خاندان سے ملاقات کی خواہش میں انہوں نے لائن آف کنٹرول عبور کر کے دریائے نیلم پار کرنے کا خطرناک فیصلہ کیا، تاہم یہ کوشش ان کی زندگی کا آخری سفر ثابت ہوئی۔ ریسکیو حکام نے میت کو سی ایم ایچ مظفرآباد منتقل کر کے سرد خانے میں رکھوا دیا ہے۔
اب سب سے اہم سوال یہ ہے کہ ان کی تدفین آزاد کشمیر میں ہو گی یا میت مقبوضہ کشمیر میں مقیم ان کے اہل خانہ کے حوالے کی جائے گی۔ اس معاملے پر پاکستان اور بھارت کے درمیان ہاٹ لائن رابطے جاری ہیں اور دونوں ممالک کے دفاتر خارجہ کی مشاورت کے بعد حتمی فیصلہ متوقع ہے۔
دوسری جانب عرفان حسین شاہ کی اہلیہ صفیہ سعید اور ان کے تین بچوں نے پاک فوج اور دفتر خارجہ سے اپیل کی ہے کہ ان کے شوہر اور والد کی میت ان کے حوالے کی جائے تاکہ وہ آخری دیدار اور تدفین کے مراحل مکمل کر سکیں۔ اس معاملے نے منقسم کشمیری خاندان کے لیے ایک کڑا امتحان کھڑا کر دیا ہے، کیونکہ میت آزاد کشمیر میں دفن ہونے کی صورت میں مقبوضہ کشمیر میں موجود رشتہ دار آخری دیدار سے محروم رہیں گے، جبکہ سرحد پار منتقلی کی صورت میں اہلیہ اور بچے قبر پر حاضری نہیں دے سکیں گے۔
عرفان حسین شاہ کی المناک موت نے ایک بار پھر لائن آف کنٹرول کے دونوں جانب بچھڑے خاندانوں کے دکھ اور مشکلات کو اجاگر کر دیا ہے، جہاں زندگی میں ملاقات کی حسرت کے بعد اب آخری دیدار اور تدفین کا مرحلہ بھی ایک بڑا سوال بن گیا ہے۔
اب تک کی کہانی مظفرآباد
- وفاقی ملازمین کے لیے رہائشی ہائرنگ: گلگت اور مظفرآباد بھی مخصوص اسٹیشنز میں شامل
- آزاد کشمیر کے نوجوانوں کا پرتشدد کارروائیوں پر شدید ردعمل، قانونی کارروائی کا مطالبہ











