تیل و گیس کمپنیوں کے 1,800 ارب روپے منافع میں صوبوں کا حصہ ادا نہیں کیا گیا، سینیٹ کمیٹی کا انکشاف
سینیٹ کی ذیلی کمیٹی کو بتایا گیا کہ پی پی ایل، او جی ڈی سی ایل، ماری پیٹرولیم اور پی او ایل نے 18ویں آئینی ترمیم کے بعد مجموعی طور پر 3,600 ارب روپے منافع کمایا، مگر آئین کے آرٹیکل 172(3) کے تحت صوبوں کو ان کا ایک ہزار 800 ارب روپے کا حصہ اب تک منتقل نہیں کیا گیا۔
یہ خبر اور ہر اہم خبر سب سے پہلے واٹس ایپ پر پائیںaround.pk اردو خبریں چینل — مفت، بغیر سپیم فالو کریں
سینیٹ کی فنکشنل کمیٹی برائے اختیارات کی منتقلی کی ذیلی کمیٹی کے اجلاس میں یہ معاملہ سامنے آیا ہے کہ وفاقی حکومت نے تیل اور گیس کے شعبے کی چار بڑی کمپنیوں کے منافع میں سے صوبوں کا ایک ہزار 800 ارب روپے سے زائد کا حصہ اب تک ادا نہیں کیا۔ اجلاس پیپلز پارٹی کے سینیٹر ضمیر گھمرو کی زیرصدارت منعقد ہوا، جس میں آئین کے آرٹیکل 172(3) اور 38(g) پر عمل درآمد کا جائزہ لیا گیا۔
سینیٹر ضمیر گھمرو نے اجلاس کو بتایا کہ 18ویں آئینی ترمیم کے بعد پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ، آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی، ماری پیٹرولیم اور پاکستان آئل فیلڈز لمیٹڈ نے مجموعی طور پر 3,600 ارب روپے کا منافع کمایا۔ ان کے مطابق آئین کے تحت صوبوں کا ان منافع میں نصف یعنی 1,800 ارب روپے بنتا ہے، جو اب تک منتقل نہیں کیا گیا۔
کمیٹی کو فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق او جی ڈی سی ایل کے منافع میں صوبوں کا حصہ 978 ارب روپے، پی پی ایل کا 462 ارب روپے، ماری پیٹرولیم کا 225 ارب روپے اور پی او ایل کا 144 ارب روپے بنتا ہے۔ کمیٹی چیئرمین نے کہا کہ قدرتی وسائل پر مشترکہ اور مساوی ملکیت اور ان سے حاصل ہونے والی آمدنی میں صوبوں کا حصہ یقینی بنانا وفاق کی آئینی ذمہ داری ہے۔
اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ دیگر کمپنیوں کے اعداد و شمار سامنے آنے کے بعد صوبوں کا مجموعی واجب الادا حصہ 6,000 ارب روپے سے بھی تجاوز کر سکتا ہے۔ کمیٹی نے پیٹرولیم ڈویژن کو ہدایت کی کہ وہ تیل و گیس کمپنیوں کے مجموعی منافع کا نصف صوبوں کو منتقل کرنے کے لیے جامع طریقہ کار تیار کرے اور اسے منظوری کے لیے وفاقی کابینہ کے سامنے پیش کرے۔
سینیٹر ضمیر گھمرو نے خبردار کیا کہ اگر آئینی تقاضے پورے نہ کیے گئے تو معاملہ مزید کارروائی کے لیے پاکستان کے آڈٹ حکام کو بھیجا جا سکتا ہے۔ کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ مسئلہ حل نہ ہونے کی صورت میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ اور وفاقی وزرائے خزانہ و پیٹرولیم کو بھی آئندہ اجلاس میں طلب کیا جائے گا۔
اسی اجلاس میں اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے پیش کردہ اعداد و شمار کے مطابق وفاقی سیکریٹریٹ میں گریڈ 22 کی مجموعی 53 اسامیوں میں سے 35 پر پنجاب، 10 پر خیبر پختونخوا، 6 پر سندھ، ایک پر بلوچستان اور ایک پر گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے افسران تعینات ہیں، جبکہ آزاد کشمیر اور سابق فاٹا کی کوئی نمائندگی نہیں ہے۔
اب تک کی کہانی سینیٹ
- فیلڈ مارشل عاصم منیر ملائیشیا کے نیشنل ڈیفنس اسٹڈیز سینٹر کے ہال آف فیم میں شامل
- فارمولا دودھ کے اشتہارات پر 24 نومبر سے پابندی کی ہدایت
- امریکی سینیٹ نے ایران کے خلاف جنگ روکنے والی قرارداد دوبارہ مسترد کر دی
- نئے صوبوں کی تشکیل کے لیے ریفرنڈم کی آئین میں کوئی گنجائش نہیں، سابق اٹارنی جنرل











