around.pk
Tuesday, 24 November 2026
☀ کراچی 20°☀ لاہور 15°☀ اسلام آباد 13°
کاروبار

پاکستان میں معاشی اشاریوں کی بہتری کے باوجود غربت کیوں بڑھ رہی ہے؟

عالمی بینک کی رپورٹ کے مطابق میناپ خطے کے انتہائی غریب افراد میں سے تقریباً 48 فیصد پاکستان میں مقیم ہیں، جبکہ 2018-19 سے 2024-25 کے دوران غربت کی شرح میں 6.4 فیصد پوائنٹس کا اضافہ ہوا ہے۔

around.pk·22m ago

پاکستان کی معیشت اس وقت ایک متضاد صورتحال سے گزر رہی ہے۔ ایک طرف زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ اور بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے ریکارڈ ترسیلاتِ زر کی خبریں گردش کر رہی ہیں، تو دوسری طرف مہنگائی، بے روزگاری، غذائی عدم تحفظ اور قوتِ خرید میں مسلسل کمی عام شہری کی زندگی کو مزید مشکل بنا رہی ہے۔ یہ تضاد محض اعدادوشمار کا فرق نہیں بلکہ اقتصادی نظام کی بنیادی کمزوریوں کی نشاندہی کرتا ہے۔

عالمی بینک کی تازہ رپورٹ نے اس حوالے سے اہم سوالات اٹھائے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق مشرقِ وسطیٰ، شمالی افریقہ، افغانستان اور پاکستان پر مشتمل میناپ خطے میں روزانہ تین ڈالر سے کم آمدن رکھنے والے انتہائی غریب افراد میں سے تقریباً 48 فیصد پاکستان میں رہتے ہیں۔ مزید یہ کہ 2018-19 سے 2024-25 کے دوران ملک میں غربت کی شرح میں 6.4 فیصد پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

وزیرخزانہ کے مشیر خرم شہزاد نے عالمی بینک کے علاقائی اعدادوشمار کے تناظر میں اس تاثر کو گمراہ کن قرار دیا ہے کہ پاکستان خطے کے نصف غریب افراد کا مرکز بن چکا ہے۔ انہوں نے درست نشاندہی کی کہ پاکستان کی آبادی خطے کے مجموعی اعدادوشمار پر نمایاں اثر ڈالتی ہے، تاہم اس وضاحت سے ملک میں غربت کے حقیقی مسئلے کی سنگینی کم نہیں ہوتی۔ اصل سوال یہ ہے کہ کون سے معاشی عوامل ایک بڑی آبادی کو بنیادی ضروریاتِ زندگی پوری کرنے سے محروم کر رہے ہیں۔

سابق وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل کے مطابق حکومتوں کی معاشی پالیسیوں کے نتیجے میں صارفین کی طلب اور قوتِ خرید متاثر ہوئی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ 2019 سے 2025 کے دوران گوشت، مرغی، انڈوں، دالوں اور آٹے سمیت بنیادی غذائی اشیا کے استعمال میں کمی واقع ہوئی، جو محض غذائی ترجیحات کی تبدیلی نہیں بلکہ گھریلو آمدنی اور قوتِ خرید میں کمی کا واضح اشارہ ہے۔

پاکستان میں غربت کے اسباب یک رخے نہیں ہیں۔ کووڈ 19 کی وبا، 2022 کے تباہ کن سیلاب، بلند مہنگائی، روپے کی قدر میں کمی اور معاشی سرگرمیوں میں سست روی نے حالات کو یقیناً خراب کیا، لیکن اہم سوال یہ ہے کہ ان غیر معمولی حالات کے بعد معیشت کو مستحکم بنیادوں پر استوار کرنے کے لیے کتنی سنجیدہ اور مستقل اصلاحات کی گئیں۔

سرکاری اداروں کا بڑھتا ہوا حجم، توانائی کے شعبے کی پیچیدگیاں، گردشی قرضہ، کاروباری سرگرمیوں میں رکاوٹیں، ٹیکس نظام کی محدود بنیاد، پالیسیوں میں عدم تسلسل اور سیاسی عدم استحکام ایسے مسائل ہیں جو ملکی معیشت کی پیداواری صلاحیت کو متاثر کرتے ہیں۔ ان مسائل کا حل صرف قرضوں کے حصول، نئے ٹیکسوں کے نفاذ یا اخراجات میں کٹوتی سے ممکن نہیں بلکہ ایک جامع اور طویل المدتی معاشی حکمت عملی درکار ہے۔

حکومت کے معاشی استحکام کے اقدامات اور عالمی مالیاتی اداروں کے ساتھ طے شدہ اہداف اپنی جگہ اہم ہیں، لیکن معاشی ترقی کا حقیقی پیمانہ صرف مجموعی قومی پیداوار، مالیاتی خسارے یا زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ نہیں ہونا چاہیے بلکہ عام آدمی کی خوش حالی ہے۔ پائے دار ترقی کے لیے ضروری ہے کہ پالیسی ساز معاشی اشاریوں کے ساتھ ساتھ شہریوں کے معیارِ زندگی کو بھی ترجیح بنائیں۔

اب تک کی کہانی عالمی بینک

  1. بیرونی فنڈز سے چلنے والے منصوبے بروقت مکمل نہ ہونے کا انکشاف، پاکستان کو اضافی سود ادا کرنا پڑ رہا ہے
  2. عالمی بینک کی پاکستان کو 30 کروڑ ڈالر قرض منظور، دیہی سندھ میں صاف پانی اور نکاسی آب کے منصوبے پر خرچ ہوں گے
  3. آئی ٹی برآمدات بڑھانے کے لیے نئے منصوبے، فائبرائزیشن پروگرام پر عمل درآمد شروع
  4. حکومت کا تمام ڈسکوز کے ٹرانسفارمرز پر اسمارٹ میٹرز نصب کرنے کا منصوبہ
پوری ٹائم لائن دیکھیں →
معیشتعالمی بینکخرم شہزادمیناپمفتاح اسماعیل

اسی موضوع پر مزید

سب دیکھیں →

مزید پڑھیں