لیبیا میں کشتی ڈوبنے سے 35 پاکستانی نوجوان جاں بحق، باجوڑ کے متعدد خاندان سوگوار
لیبیا کے ساحل کے قریب یورپ جانے والی تارکینِ وطن کی کشتی ڈوبنے کے حادثے میں 35 پاکستانی نوجوان جاں بحق ہوئے، جن میں وزیرِ اعظم کے مشیر اور ایم این اے باجوڑ مبارک زیب کے چچازاد بھائی پزیر اللہ بھی شامل ہیں۔
یہ خبر اور ہر اہم خبر سب سے پہلے واٹس ایپ پر پائیںaround.pk اردو خبریں چینل — مفت، بغیر سپیم فالو کریں
لیبیا کے ساحل کے قریب یورپ جانے والی تارکینِ وطن کی کشتی ڈوبنے کے افسوسناک واقعے میں 35 پاکستانی نوجوان جاں بحق ہو گئے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں ضلع باجوڑ کے متعدد نوجوان بھی شامل ہیں، جن کا تعلق زیادہ تر تحصیل سالارزئی اور ماموند سے بتایا جاتا ہے۔
ذرائع کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں رکنِ قومی اسمبلی باجوڑ اور وزیرِ اعظم کے مشیر مبارک زیب کے چچازاد بھائی بھی شامل ہیں۔ ان کی شناخت پزیر اللہ کے نام سے ہوئی ہے۔ کشتی میں سوار باجوڑ کے نوجوانوں کی مجموعی تعداد تاحال معلوم نہیں ہو سکی، تاہم سوشل میڈیا پر متاثرین کی تصاویر گردش کر رہی ہیں۔
مشیرِ گورنر خیبر پختونخوا برائے اطلاعات و تعلقاتِ عامہ، ریلیف، بحالی و آبادکاری ثمر ہارون بلور نے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے جاں بحق نوجوانوں کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سانحے نے متاثرہ خاندانوں کو شدید غم اور صدمے سے دوچار کر دیا ہے، اور دکھ کی اس گھڑی میں وہ سوگوار خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ جاں بحق نوجوانوں کی مغفرت فرمائے اور انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، نیز سوگوار خاندانوں کو یہ ناقابلِ تلافی صدمہ برداشت کرنے کی ہمت اور صبرِ جمیل عطا فرمائے۔
واقعے کی خبریں سامنے آنے کے بعد متعدد خاندانوں میں تشویش اور غم کی فضا ہے۔ بعض خاندانوں نے اپنے پیاروں کی غائبانہ نمازِ جنازہ گزشتہ روز ادا کی، جبکہ بعض کی نمازِ جنازہ آج ادا کی جائے گی۔ متاثرہ خاندانوں نے تصدیق کی ہے کہ کچھ گھرانوں کو جاں بحق نوجوانوں کی اطلاع ایجنٹ کے ذریعے دی گئی، جبکہ بہت سے لوگ اب بھی اپنے عزیزوں کی سلامتی کی دعا کر رہے ہیں۔
اب تک کی کہانی باجوڑ
- خیبر پختونخوا میں صحت کے نظام پر تنقید، صحت کارڈ اور طبی آلات کی خریداری کی تحقیقات کا مطالبہ
- باجوڑ میں مدرسے کے 12 سالہ طالبعلم کی قاری کے مبینہ تشدد سے موت، ملزم گرفتار









