around.pk
Wednesday, 25 November 2026
☀ کراچی 21°☀ لاہور 15°☀ اسلام آباد 13°
ٹیکنالوجی

وفاقی وزیر اطلاعات کا کہکشاں-مشن کنٹرول سینٹر کا افتتاح، 25 نومبر کو خلائی مشن کا دن قرار

وفاقی وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ نے اسلام آباد میں کہکشاں-مشن کنٹرول سینٹر کا افتتاح کیا اور کہا کہ پاکستان کے پہلے خلا باز ذیشان علی پر فخر ہے جبکہ خلائی مشن کے حوالے سے 25 نومبر کو ہر سال منایا جائے گا۔

around.pk·2h ago

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ نے اسلام آباد میں کہکشاں-مشن کنٹرول سینٹر کا فیتہ کاٹ کر افتتاح کیا اور اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ مرکز پاکستان کے خلائی سفر اور خلائی تحقیق کے عزم کا عکاس ہے۔ افتتاحی تقریب میں وزیراعظم کے میڈیا کوآرڈینیٹر بدر شہباز وڑائچ، وفاقی سیکریٹری اطلاعات و نشریات اشفاق احمد خلیل اور وزارت اطلاعات کے دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان کے پہلے خلا باز ذیشان علی نے ملک کا نام روشن کیا ہے اور وہ ہمارے فخر ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ خلائی مشن کے حوالے سے 25 نومبر کے دن کو ہر سال منایا جائے گا تاکہ اس کامیابی کو یاد رکھا جا سکے۔

ان کا کہنا تھا کہ کہکشاں-مشن کنٹرول سینٹر کو کم وقت میں بڑی محنت سے تعمیر کیا گیا ہے اور یہ چار دن تک فعال رہے گا۔ مرکز میں سپارکو کا اسٹال بھی لگایا گیا ہے جبکہ خلائی سائنس سے متعلق ڈاکومنٹریز بھی دیکھی جا سکتی ہیں۔ وفاقی وزیر نے مرکز کے مختلف شعبوں کا دورہ بھی کیا جہاں انہیں شعبہ جات کے میکنزم اور کارکردگی کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

عطااللہ تارڑ نے کہا کہ آج پاک چین دوستی کے حوالے سے ایک بڑا تاریخی دن ہے اور یہ شراکت داری خلائی تحقیق کے میدان میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگی۔ انہوں نے تمام سائنس دانوں، سپارکو اور مسلح افواج کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی خدمات قابل قدر ہیں جن سے ملک کو بین الاقوامی سطح پر مزید شہرت ملی ہے۔

وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ پاکستان کو بہت سے شعبوں میں کامیابیاں مل رہی ہیں جن سے عالمی سطح پر ملک کی عزت اور وقار میں اضافہ ہوا ہے۔ تقریب کے اختتام پر انہوں نے مشن کنٹرول سینٹر کے نوٹس بورڈ پر اپنا خصوصی پیغام بھی چسپاں کیا۔

اب تک کی کہانی ذیشان علی

  1. ذیشان علی کی خلائی پرواز نئے پاکستان کی شروعات ہے، احسن اقبال
  2. صدر زرداری کا پاکستان کے پہلے انسانی خلائی مشن پر قوم کو مبارکباد، سپارکو کی خدمات کو خراج تحسین
  3. وزیراعظم کی پاکستانی خلاباز ذیشان علی کو چینی خلائی اسٹیشن سے روانگی پر مبارکباد
پوری ٹائم لائن دیکھیں →

اسی موضوع پر مزید

سب دیکھیں →

مزید پڑھیں