لاہور ہائیکورٹ کا اہم فیصلہ: شوہر کے تشدد کی صورت میں بیوی خلع کے بغیر شادی ختم کرانے کی حقدار
لاہور ہائیکورٹ نے قرار دیا ہے کہ شوہر کے جسمانی اور ذہنی تشدد کا شکار بیوی خلع لینے پر مجبور نہیں، بلکہ تشدد کی بنیاد پر شادی ختم کرانے کی حقدار ہے اور ایسی صورت میں حق مہر سے بھی محروم نہیں ہوگی۔
یہ خبر اور ہر اہم خبر سب سے پہلے واٹس ایپ پر پائیںaround.pk اردو خبریں چینل — مفت، بغیر سپیم فالو کریں
لاہور ہائیکورٹ نے ازدواجی تعلقات سے متعلق ایک اہم فیصلے میں واضح کیا ہے کہ اگر شوہر اپنی بیوی پر جسمانی یا ذہنی تشدد کرے تو بیوی کو خلع لینے پر مجبور کرنے کے بجائے تشدد کی بنیاد پر شادی ختم کرانے کا حق حاصل ہے۔ عدالت نے یہ بھی قرار دیا کہ ایسی صورت میں بیوی اپنے حق مہر سے محروم نہیں ہوگی اور نکاح نامے میں درج حق مہر وصول کرنے کی حقدار رہے گی۔
جسٹس چوہدری محمد اقبال نے درخواست گزار مریم ظفر کی جانب سے دائر کی گئی درخواست پر یہ فیصلہ جاری کیا۔ فیصلے میں کہا گیا کہ شوہر کا ایسا رویہ جو بیوی کی عزت، ذہنی سکون اور زندگی کو متاثر کرے، ظلم تصور کیا جاتا ہے، اور ایسی صورت میں عدالت تشدد کی بنیاد پر شادی ختم کرنے کی ڈگری جاری کر سکتی ہے۔
عدالت نے ماتحت عدالتوں کے فیصلے میں ترمیم کرتے ہوئے شوہر کو پانچ لاکھ روپے خصوصی اخراجات کے طور پر ادا کرنے کا حکم دیا، جبکہ سامانِ جہیز کے معاوضے کے طور پر چار لاکھ روپے ادا کرنے کا بھی حکم دیا گیا۔ عدالت نے یہ بھی ہدایت کی کہ نکاح نامے کے مطابق حق مہر ادا کرنا شوہر کی ذمہ داری ہے۔
درخواست گزار کے مطابق ان کی شادی دسمبر 2016 میں اپنے کزن عثمان سے ہوئی تھی اور شادی کے تقریباً دو سال تک اولاد نہ ہونے پر دونوں نے طبی معائنہ کروایا، جس میں شوہر میں اولاد پیدا کرنے کی صلاحیت میں نقص سامنے آیا۔ خاتون نے الزام عائد کیا کہ شوہر نے انہیں ذہنی اور جسمانی تشدد کا نشانہ بنایا اور اپریل 2020 میں گھر سے نکال دیا۔
خاتون کے مطابق انہوں نے 2020 میں شادی ختم کرنے اور حق مہر کی وصولی کے لیے کیس دائر کیا۔ فیصلے میں بتایا گیا کہ نکاح نامے میں پانچ ہزار روپے نقد، ساڑھے دو تولہ سونا، زمین اور دو مکانات درج تھے۔ یہ فیصلہ گھریلو تشدد کے متاثرین کے لیے قانونی طور پر اہم سمجھا جا رہا ہے، کیونکہ اس سے یہ واضح ہوتا ہے کہ تشدد کی صورت میں بیوی کے حقوق محفوظ رہتے ہیں۔
اب تک کی کہانی لاہور ہائیکورٹ
- لاہور ہائی کورٹ: نظر بندی قانون کے خلاف اپیل پر دو رکنی بینچ کی سماعت سے معذرت
- لاہور ہائیکورٹ: مولانا فضل الرحمٰن کی نظر بندی پر وجوہات طلب
- لاہور ہائیکورٹ کے قریب سینئر صحافی رانا عظیم کو حراست میں لے لیا گیا
- سپریم کورٹ: نجی زمین پر قبر یا مزار بن جانے سے ملکیت اوقاف کے قبضے میں نہیں آتی










