لاہور ہائیکورٹ: جرح کا مؤثر موقع دیے بغیر سزا برقرار نہیں رکھی جا سکتی
لاہور ہائیکورٹ نے اقدامِ قتل کے مقدمے میں ملزم کی سزا کالعدم قرار دیتے ہوئے مقدمہ دوبارہ ٹرائل کے لیے ماتحت عدالت بھجوا دیا اور قرار دیا کہ استغاثہ کے گواہوں پر جرح کا مؤثر موقع دیے بغیر سزا برقرار نہیں رکھی جا سکتی۔
یہ خبر اور ہر اہم خبر سب سے پہلے واٹس ایپ پر پائیںaround.pk اردو خبریں چینل — مفت، بغیر سپیم فالو کریں
لاہور ہائیکورٹ نے اقدامِ قتل کے ایک مقدمے میں اہم فیصلہ سناتے ہوئے ملزم کی سزا کالعدم قرار دے دی ہے اور مقدمہ دوبارہ سماعت کے لیے ماتحت عدالت بھیج دیا ہے۔ عدالت نے واضح کیا ہے کہ استغاثہ کے گواہوں پر جرح کا مؤثر موقع فراہم کیے بغیر کسی ملزم کی سزا برقرار نہیں رکھی جا سکتی۔
جسٹس غلام سرور نہنگ نے گیارہ صفحات پر مشتمل تحریری فیصلے میں قرار دیا کہ ملزم کا اپنا نجی وکیل مقرر نہ کرنا جرح کے حق سے رضاکارانہ دستبرداری تصور نہیں کیا جا سکتا۔ فیصلے کے مطابق ملزم کو قانونی نتائج سے آگاہ کیے بغیر یہ نہیں سمجھا جا سکتا کہ اس نے جرح کا حق خود ترک کر دیا ہے۔
عدالت نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 10-A کے تحت ہر ملزم کو منصفانہ ٹرائل اور مؤثر دفاع کا حق حاصل ہے، اور مستحق ملزم کو مفت قانونی معاونت کے حق سے آگاہ کرنا بھی عدالت کی ذمہ داری ہے۔ پنجاب لیگل ایڈ ایکٹ 2018 کے تحت مستحق ملزم کو قانونی معاونت فراہم کرنے کا طریقہ کار اختیار کیا جانا چاہیے۔
فیصلے میں بتایا گیا کہ مقدمے کی سماعت کے دوران ملزم جیل میں تھا اور استغاثہ کے گواہوں کے بیانات وکیل کی عدم موجودگی میں قلمبند کیے گئے، تاہم ٹرائل کورٹ نے گواہوں پر جرح کا موقع دیے بغیر اسے سزا سنا دی۔ عدالت نے یہ بھی نوٹ کیا کہ ملزم کی مالی حیثیت اور قانونی معاونت حاصل کرنے کے حق کا جائزہ نہیں لیا گیا۔
ملزم عرفان عرف کالا کو دفعہ 337-D کے تحت سات سال قید اور چودہ لاکھ اننتیس ہزار پانچ سو آٹھ روپے ارش ادا کرنے کی سزا سنائی گئی تھی، جبکہ زخمی محمد رمضان کو چھ لاکھ روپے معاوضہ ادا کرنے کا حکم بھی دیا گیا تھا۔ ایڈیشنل سیشن جج خانیوال نے 25 جون 2024 کو ملزم کی اپیل مسترد کر دی تھی، جس کے بعد ملزم نے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا۔
لاہور ہائیکورٹ نے ملزم کی فوجداری نظرثانی درخواست منظور کرتے ہوئے ٹرائل کورٹ اور اپیلیٹ کورٹ کے فیصلے کالعدم قرار دیے اور مقدمہ دوبارہ ٹرائل کے لیے ماتحت عدالت بھجوا دیا۔ عدالت نے حکم دیا کہ دوبارہ ٹرائل استغاثہ کے شواہد ریکارڈ کرنے کے مرحلے سے شروع کیا جائے اور ملزم کو اپنی پسند کا وکیل مقرر کرنے اور استغاثہ کے گواہوں پر جرح کا مؤثر موقع فراہم کیا جائے؛ وکیل مقرر کرنے کی استطاعت نہ ہونے کی صورت میں اسے قانونی معاونت فراہم کرنے کا موقع بھی دیا جائے۔
اب تک کی کہانی لاہور ہائیکورٹ
- لاہور ہائیکورٹ میں پیش رفت: عثمان اکرم کی نظر بندی کا نوٹیفکیشن واپس
- لاہور ہائی کورٹ کا اسمارٹ گلاسز کے معاملے پر پنجاب اور وفاقی حکومت کو رپورٹ پیش کرنے کا حکم
- سپریم کورٹ کا دیوانی مقدمات میں جلد بازی سے فیصلے نہ کرنے کی ہدایت
- لاہور ہائیکورٹ کا ازدواجی زندگی میں تشدد سے متعلق اہم فیصلہ، قانون سازی کی درخواست مسترد









