سندھ کی سرکاری جامعات عالمی درجہ بندی میں مسلسل زوال پذیر، اربوں کی گرانٹ کے باوجود ابتدائی ہزار میں کوئی نہیں
ٹائمز ہائر ایجوکیشن ورلڈ رینکنگ 2027 میں سندھ کی کوئی بھی سرکاری یونیورسٹی ابتدائی 1,000 جامعات میں شامل نہیں۔ سکھر آئی بی اے، این ای ڈی، دائو یونیورسٹی، مہران یونیورسٹی اور جامعہ کراچی سمیت پانچ بڑی جامعات کی درجہ بندی میں نمایاں کمی، جبکہ صوبائی گرانٹ 45 ارب روپے تک پہنچ گئی۔
یہ خبر اور ہر اہم خبر سب سے پہلے واٹس ایپ پر پائیںaround.pk اردو خبریں چینل — مفت، بغیر سپیم فالو کریں
ٹائمز ہائر ایجوکیشن (THE) کی جانب سے جاری کردہ عالمی درجہ بندی برائے 2027 کے مطابق سندھ کی کسی بھی سرکاری یونیورسٹی کو ابتدائی 1,000 جامعات میں جگہ نہیں ملی۔ یہ انکشاف ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب وفاقی اور صوبائی حکومتیں ان جامعات کو سالانہ اربوں روپے کی گرانٹ فراہم کر رہی ہیں۔ سندھ حکومت نے حال ہی میں سرکاری جامعات کا سالانہ بجٹ 41 ارب سے بڑھا کر 45 ارب روپے کر دیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ تین سے چار برسوں میں مسلسل زوال پذیر ہونے والی پانچ بڑی جامعات میں سکھر آئی بی اے یونیورسٹی، این ای ڈی یونیورسٹی، دائو یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز، مہران انجینئرنگ یونیورسٹی اور جامعہ کراچی شامل ہیں۔ سکھر آئی بی اے 2025 اور 2026 میں 601 سے 800 کیٹیگری میں تھی، لیکن 2027 کی درجہ بندی میں 200 سے زائد درجے گر کر 1,000 سے 1,200 کیٹیگری میں چلی گئی۔
این ای ڈی یونیورسٹی 2026 تک 1,501 پلس کیٹیگری میں شمار ہوتی تھی، جبکہ نئی درجہ بندی میں سیکڑوں درجے کمی کے بعد 1,801 سے 2,000 کیٹیگری میں آ گئی ہے۔ تعلیمی ذرائع کے مطابق جب کوئی یونیورسٹی مسلسل زوال کا شکار ہو تو اسے 'پلس' کیٹیگری سے نکال کر نیا درجہ ظاہر کیا جاتا ہے۔ این ای ڈی کا یہ زوال ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ڈاکٹر طفیل احمد اس کے وائس چانسلر ہیں۔
اسی طرح دائو یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز 2027 میں 1,601 سے 1,800 کیٹیگری میں ہے، جو پہلے 1,501 پلس میں تھی۔ مہران انجینئرنگ یونیورسٹی 2024 میں 1,001 سے 1,200، اور 2025-26 میں 1,201 سے 1,500 کیٹیگری میں تھی، لیکن اب 1,401 سے 1,600 تک محدود ہو گئی ہے۔ جامعہ کراچی بھی 1,501 پلس سے گر کر 1,601 سے 1,800 کیٹیگری میں پہنچ گئی ہے۔
واضح رہے کہ سکھر آئی بی اے کو صوبائی گرانٹ کے طور پر تقریباً پونے تین ارب روپے دیے جا رہے ہیں، جہاں صرف 3,000 طلبہ زیر تعلیم ہیں۔ اس کے علاوہ میرپور خاص کیمپس کے لیے 5 کروڑ، گھوٹکی کیمپس کے لیے 5 کروڑ 50 لاکھ، ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے لیے 12 کروڑ 82 لاکھ، انجینئرنگ کالج خیرپور کے لیے 11 کروڑ اور کندکوٹ کیمپس کے لیے بھی 11 کروڑ روپے مختص ہیں۔
اب تک کی کہانی جامعہ کراچی
- جامعہ کراچی کا نیا تعلیمی کیلنڈر جاری، پہلی بار امتحانی نتائج کی اجرا مدت مقرر
- جامعہ کراچی کے شعبہ کیمسٹری میں دو جدید لیبارٹریز قائم، 1973 المنائی کا بڑا منصوبہ
- کراچی یونیورسٹی کی داخلہ پالیسی پر بحث، سندھ کی دیگر جامعات کے کوٹے سامنے آ گئے









