around.pk
Saturday, 28 November 2026
☀ کراچی 20°☀ لاہور 13°☀ اسلام آباد 11°
کاروبار

وزیراعظم کی ہدایت: چھوٹے کاروباروں کو آسان قرضے فراہم کرنے کے لیے رہنمائی اور معاونت

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ایس ایم ایز کو قرضوں تک آسان رسائی کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں بینکوں نے جون 2028 تک 2 ہزار ارب روپے کے قرضے فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا۔

around.pk·5m ago

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں (ایس ایم ایز) کو قرضوں تک آسان رسائی فراہم کرنے کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ایس ایم ایز کو مالی وسائل تک رسائی، کاروباری دستاویزات کی تیاری اور برآمدی شعبے میں موجود مواقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے مؤثر رہنمائی اور معاونت فراہم کی جائے تاکہ اس شعبے کی ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔

اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ بینک ایس ایم ایز کو قرضوں کی فراہمی کے عمل کو تیز کرنے کے لیے اپنی ادارہ جاتی استعداد کار میں اضافے کے اقدامات کر رہے ہیں۔ بینکوں نے جون 2028 تک ایس ایم ایز کو 2 ہزار ارب روپے کے قرضے فراہم کرنے اور قرض لینے والے کاروباروں کی تعداد 7 لاکھ 75 ہزار تک بڑھانے کے ہدف کے حصول کا عزم ظاہر کیا۔ اس ہدف میں 886 ارب روپے کے نئے قرضے اور 4 لاکھ 49 ہزار نئے قرض دہندگان کو مالی سہولیات شامل ہیں، جبکہ مقررہ اہداف حاصل کرنے والے بینکوں کی حوصلہ افزائی بھی کی جائے گی۔

وزیراعظم نے اس موقع پر کہا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار معیشت کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اور انہیں سہولیات فراہم کرنے سے معاشی سرگرمیوں، روزگار اور کاروباری مواقع میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ایس ایم ایز کے لیے قرضوں کے حصول کے طریقہ کار کو مزید آسان بنایا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ کاروبار اس سہولت سے مستفید ہو سکیں۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ جن ایس ایم ایز کا برآمدی ڈیٹا پاکستان سنگل ونڈو میں موجود ہے، یا جو ایکسیم انشورنس اور ڈیجیٹل انوائسنگ کے ذریعے سپلائی چین کا حصہ ہیں، انہیں قرضوں کی فراہمی کے لیے ضمانت کے طور پر مدنظر رکھا جائے گا۔ اس کے علاوہ ایس ایم ایز کے کیش فلو کو بھی قرضوں کی فراہمی کے لیے ضمانت کے متبادل پیمانے کے طور پر دیکھا جائے گا۔

وزیراعظم نے ایس ایم ایز سے متعلق بینکوں کے احتیاطی ضوابط پر نظرثانی کی ہدایت کی اور کہا کہ سرکاری اداروں کے پاس موجود متعلقہ ڈیٹا تک بینکوں کی رسائی کو یقینی بنایا جائے تاکہ قرضوں کی فراہمی کے عمل کو تیز کیا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بینک صرف قرضوں کی فراہمی تک محدود نہ رہیں بلکہ لیٹرز آف کریڈٹ کے اجرا اور بینک گارنٹیز کی فراہمی میں بھی ایس ایم ایز کی معاونت کریں۔

اجلاس میں وفاقی وزرا رانا تنویر حسین، احد خان چیمہ اور ریاض حسین پیر زادہ، مشیر وزیراعظم ہارون اختر، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد کے علاوہ نیشنل بینک، بینک الفلاح اور بینک آف پنجاب کے سی ای اوز اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

اب تک کی کہانی بینک آف پنجاب

  1. اپنی چھت اپنا گھر: ڈھائی سال میں ایک لاکھ 35 ہزار گھر مکمل، 5 سال میں 10 لاکھ کا ہدف
  2. پنجاب اسمبلی میں وزیراعلیٰ کے دورہ لندن کے اخراجات کی تفصیلات طلب کرنے کے لیے تحریک التواء جمع
پوری ٹائم لائن دیکھیں →
شہباز شریفقرض اور قرضےاسٹیٹ بینکبینک آف پنجابنیشنل بینک آف پاکستانچھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباربینک الفلاح

اسی موضوع پر مزید

سب دیکھیں →

مزید پڑھیں