around.pk
Thursday, 5 November 2026
⛅ کراچی 34°⛅ لاہور 28°☀ اسلام آباد 24°
پاکستان

لاہور۔نارووال سیکشن پر ٹرینوں کی تاخیر اور خستہ حال بوگیاں، مسافروں کو شدید مشکلات

لاہور سے نارووال جانے والی مسافر ٹرینیں روزانہ دو سے تین گھنٹے تاخیر کا شکار ہیں، جبکہ پرانی اور خستہ حال بوگیوں کی گنجائش کم ہونے کے باعث بعض مسافروں کو چھتوں پر سفر کرنا پڑ رہا ہے۔

around.pk·1m ago

لاہور سے نارووال جانے والے ریلوے سیکشن پر مسافر ٹرینوں کی مسلسل تاخیر اور پرانی بوگیوں کا استعمال عوام کے لیے روزانہ کی اذیت بنتا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق صبح اور رات کے اوقات میں چلنے والی ٹرینیں باقاعدگی سے دو سے تین گھنٹے تاخیر سے روانہ ہو رہی ہیں، جس کے باعث مسافر گھنٹوں اسٹیشنوں پر انتظار کرنے پر مجبور ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ اس سیکشن پر چلنے والی متعدد بوگیاں کافی پرانی اور ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں، جن کے اندرونی حصے بھی متاثر ہیں۔ مسافروں کا کہنا ہے کہ گنجائش کم ہونے اور بنیادی سہولیات کی کمی کے باعث بعض افراد کو چھتوں پر چڑھ کر سفر کرنا پڑتا ہے، جو کسی بڑے حادثے کا خطرہ بھی پیدا کرتا ہے۔

ذرائع کے مطابق لاہور سے نارووال جانے والی 211 اپ نارووال پسنجر اور 209 اپ فیض احمد فیض پسنجر کی تاخیر معمول بن چکی ہے۔ اسی طرح ریک شیئرنگ کے نظام نے بھی صورتحال مزید خراب کر دی ہے، کیونکہ ایک ہی ریک سے مختلف ٹرینیں چلانے کی وجہ سے روزانہ کئی مرتبہ ریک تبدیل کیا جاتا ہے اور روانگی کا شیڈول متاثر ہوتا ہے۔

معلومات کے مطابق 211 اپ نارووال پسنجر صبح لاہور سے روانہ ہو کر دوپہر تقریباً ایک بجے نارووال پہنچتی ہے، جبکہ 212 ڈاؤن نارووال پسنجر شام پانچ بجے نارووال سے لاہور کے لیے روانہ ہوتی ہے۔ لاہور پہنچنے کے بعد یہی ریک رات آٹھ بجے فیض احمد فیض پسنجر کے لیے استعمال کیا جاتا ہے، حالانکہ اس کی روانگی کا مقررہ وقت شام ساڑھے سات بجے ہے۔ نتیجتاً یہ ٹرین اکثر رات نو بجے روانہ ہوتی ہے اور مسافروں کو ڈیڑھ سے دو گھنٹے اضافی تاخیر برداشت کرنی پڑتی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ برانچ لائن کو مین لائن جیسی ترجیح نہ دیے جانے اور ریک کی عدم دستیابی کے باعث مسافروں کو روزانہ دو سے تین گھنٹے تاخیر کا سامنا رہتا ہے۔ نجی ٹھیکے پر چلنے والی ٹرینوں کی تاخیر پر جرمانے عائد کیے جاتے ہیں، تاہم ریک شیئرنگ کے موجودہ نظام پر محکمہ ریلوے اور نجی آپریٹرز مطمئن دکھائی دیتے ہیں، جس کا خمیازہ عام مسافر بھگت رہے ہیں۔

مسافروں نے ریلوے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ لاہور۔نارووال سیکشن پر ٹرینوں کی بروقت روانگی کو یقینی بنایا جائے، ریک کی دستیابی کو بہتر کیا جائے اور خستہ حال بوگیوں کی جگہ بہتر سفری سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ عوام کو روزانہ کی مشکلات سے نجات مل سکے۔

اسی موضوع پر مزید

سب دیکھیں →

مزید پڑھیں