around.pk
Thursday, 5 November 2026
⛅ کراچی 34°⛅ لاہور 28°☀ اسلام آباد 24°
کھیل

ابوظہبی ٹی 10 لیگ میں پاکستانی کرکٹرز کی شرکت غیر یقینی، پی سی بی کی این او سی فیس نے معاملہ الجھا دیا

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے ہر کھلاڑی کے این او سی پر 10 ہزار ڈالر کی شرط کے بعد ابوظہبی ٹی 10 لیگ میں پاکستانی کرکٹرز کی شرکت خطرے میں پڑ گئی ہے، جبکہ فرنچائزز اضافی فیس یا متبادل کھلاڑیوں پر غور کر رہی ہیں۔

around.pk·1h ago

ابوظہبی ٹی 10 لیگ میں پاکستانی کرکٹرز کی شرکت غیر یقینی ہو گئی ہے۔ کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستانی کھلاڑیوں کو این او سی جاری کرنے کے عوض فی کھلاڑی 10 ہزار امریکی ڈالر طلب کیے ہیں، جس کے بعد لیگ میں ان کی شمولیت پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق لیگ انتظامیہ نے 30 ستمبر کو پلیئرز ڈرافٹ کے فوری بعد پاکستانی کھلاڑیوں کے این او سی کے لیے درخواست جمع کروائی تھی، تاہم پی سی بی نے ٹورنامنٹ شروع ہونے سے صرف چند روز قبل یہ شرط عائد کی، جس سے فرنچائزز کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

ڈرافٹ میں پاکستان کے 16 کھلاڑیوں کو چھ میں سے پانچ ٹیموں نے منتخب کیا تھا۔ اب یہ ٹیمیں یا تو اضافی فیس ادا کرنے پر غور کر رہی ہیں یا پھر متبادل کھلاڑیوں کی تلاش میں ہیں۔ اطلاعات کے مطابق بعض پاکستانی کھلاڑی اپنی تنخواہوں سے یہ رقم ادا کرنے کے لیے بھی تیار تھے۔

منتخب کھلاڑیوں میں نسیم شاہ، شاداب خان، محمد عامر، اعظم خان، فخر زمان، افتخار احمد اور محمد وسیم جونیئر سمیت دیگر نام شامل ہیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ ماہ پی سی بی نے نیپال پریمیئر لیگ کے لیے بھی فی کھلاڑی 25 ہزار ڈالر کی شرط رکھی تھی، جس کے باعث متعدد پاکستانی کرکٹرز اس ایونٹ میں شرکت نہیں کر سکے تھے۔

یاد رہے کہ پی سی بی کی جانب سے غیر ملکی لیگز میں کھیلنے کے لیے این او سی جاری کرنے کے بدلے فیس وصول کرنے کا یہ اقدام پہلے بھی تنقید کا نشانہ بنا ہے، کیونکہ اس سے کھلاڑیوں کی بین الاقوامی لیگز میں شرکت متاثر ہوتی ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ لیگ انتظامیہ، فرنچائزز اور بورڈ کے درمیان بات چیت کس نتیجے پر پہنچتی ہے اور پاکستانی کھلاڑی ابوظہبی ٹی 10 لیگ میں حصہ لے پاتے ہیں یا نہیں۔

اسی موضوع پر مزید

سب دیکھیں →

مزید پڑھیں