around.pk
Saturday, 31 October 2026
☀ کراچی 26°☀ لاہور 21°☀ اسلام آباد 17°
کاروبار

ایف بی آر کا ٹائر صنعت میں پیداوار کی الیکٹرانک نگرانی لازمی قرار دینے کا فیصلہ

ایف بی آر نے تمام رجسٹرڈ ٹائر مینوفیکچررز کو 30 نومبر 2026 تک الیکٹرانک مانیٹرنگ سسٹم فعال کرنے کی ہدایت دی ہے، جس کے تحت ہر تیار ہونے والے ٹائر کی حقیقی وقت میں گنتی اور شناخت کی جائے گی۔

around.pk·3h ago

فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے ٹائر سازی کی صنعت میں پیداوار کی الیکٹرانک نگرانی کو لازمی قرار دے دیا ہے۔ ایف بی آر کی جانب سے جاری کردہ ہدایات کے مطابق تمام رجسٹرڈ ٹائر مینوفیکچررز کو 30 نومبر 2026 تک مانیٹرنگ سسٹم فعال کرنا ہوگا اور اپنی فیکٹریوں میں لگے تمام کیورنگ پریسز اور فنشنگ لائنز پر الیکٹرانک مانیٹرنگ سسٹم نصب کرنا ہوگا۔

ادارے کے مطابق تیار ہونے والے ہر ٹائر کی الیکٹرانک گنتی اور شناخت کی جائے گی۔ ٹائر کے قطر، چوڑائی، ٹریڈ ڈیزائن اور وزن کی بنیاد پر ایس کے یو کی شناخت ہوگی، جبکہ ڈرائی، مینٹیننس اور وارم اَپ سائیکلز کو اصل پیداواری عمل سے الگ شناخت کیا جائے گا۔ ٹائر کی پیداوار کا ڈیٹا حقیقی وقت میں ایف بی آر کے مرکزی کنٹرول سسٹم کو منتقل ہوگا۔

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ مانیٹرنگ سسٹم میں کسی بھی خرابی، تعطل، چھیڑ چھاڑ یا بائی پاس کی فوری نشاندہی ہوگی اور بغیر تیار کردہ ٹائر فیکٹری سے باہر منتقل نہیں کیے جا سکیں گے۔ ٹائر مینوفیکچررز کو مانیٹرنگ سسٹم کے لیے ہارڈویئر، سافٹ ویئر، کنیکٹیویٹی اور بجلی کی فراہمی یقینی بنانی ہوگی، جبکہ ایف بی آر کے مجاز وینڈرز ٹائر سازی کے یونٹس میں یہ نظام نصب کریں گے۔

ایف بی آر کے مطابق متعلقہ چیف کمشنرز ان لینڈ ریونیو عمل درآمد کے لیے فوکل پرسنز نامزد کریں گے۔ ٹائر مینوفیکچررز کی منسلک فہرست حتمی نہیں ہے اور دیگر یونٹس کو بھی مانیٹرنگ نظام میں شامل کیا جائے گا۔ متعلقہ حکام کو عمل درآمد کی پیش رفت باقاعدگی سے رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ ٹائر مینوفیکچررز مقررہ مانیٹرنگ نظام کے تحت فیس اور دیگر اخراجات ادا کرنے کے پابند ہوں گے۔

یہ اقدام ایف بی آر کی جانب سے پیداوار اور ٹیکس وصولی کی شفافیت بڑھانے کی کوششوں کا حصہ ہے، تاکہ صنعتی یونٹس کی اصل پیداوار کا درست اندازہ لگایا جا سکے اور ریکارڈ میں موجودگی کو یقینی بنایا جا سکے۔

واضح رہے کہ ایف بی آر نے حال ہی میں درآمدی خام مال سے تیار ہونے والے برآمدی ٹائروں اور ربڑ کی مصنوعات پر ڈیوٹی ڈرا بیک کی نئی شرح بھی جاری کی ہے، جس سے برآمد کنندگان کو ریلیف ملنے کی توقع ہے۔ ماہرین کے مطابق الیکٹرانک نگرانی کے نظام سے ٹائر صنعت میں پیداوار کی رپورٹنگ مزید مستند ہوگی اور غیر رجسٹرڈ پیداوار کی روک تھام ممکن ہوگی۔

اسی موضوع پر مزید

سب دیکھیں →

مزید پڑھیں