around.pk
Saturday, 7 November 2026
☀ کراچی 27°☀ لاہور 22°☀ اسلام آباد 18°
پاکستان

اسلام آباد پر چڑھائی کی تو سخت کارروائی ہوگی، طلال چوہدری

وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ آئندہ اسلام آباد پر چڑھائی کی کوشش روک دی جائے گی اور ایسا کرنے والا دوبارہ اس کا سوچے گا بھی نہیں۔

around.pk·22 Sep 2026

وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ اگر اب دوبارہ اسلام آباد پر چڑھائی کی کوشش کی گئی تو اس بار حکومت ایسی کارروائی کرے گی کہ آئندہ کسی کو اس کا خیال بھی نہیں آئے گا۔ انہوں نے یہ بات ایکسپریس نیوز سے خصوصی گفتگو میں کہی۔

طلال چوہدری نے کہا کہ حکومتی وسائل یا طاقت کے زور پر کسی شہر پر حملہ نہیں ہوسکتا۔ اگر اسلام آباد پر حملہ کیا گیا تو یہ آئین کی خلاف ورزی ہوگی۔ ہائی کورٹ کے فیصلے کی خلاف ورزی کرنے والا توہین عدالت کا مرتکب ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی تاریخ 26 نومبر اور 9 مئی ہے، اور اس بار احتجاج یا چڑھائی کی صورت میں حکومت انتہائی مضبوط اقدام کرے گی۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کے بعد وفاقی دارالحکومت میں احتجاج اور چڑھائی سے گریز کرنا ضروری ہے۔ صوبے کی طاقت کو وفاق کے خلاف استعمال کرنا درست نہیں۔

وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ جب بھی حالات بہتری کی طرف جاتے ہیں تو اس قسم کی سرگرمیاں شروع ہوجاتی ہیں، تاہم ایسی حرکات سے کسی کو فائدہ نہیں پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ جیل میں ملاقاتیں قانون کے مطابق ہی ہوسکتی ہیں اور سڑکیں بند کرنے یا احتجاج سے جیل میں ملاقاتیں ممکن نہیں ہیں۔

طلال چوہدری نے مزید کہا کہ پچھلے احتجاج کے دوران سیکیورٹی اہلکاروں پر تشدد کیا گیا، انہیں مارا پیٹا اور گولیوں سے زخمی کیا گیا۔ تحریک انصاف کے صوبائی صدر کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کو سومنات بنانے کی باتیں کی جاتی ہیں جو کہ بدنظمی اور افرا تفری سے ہی ہوسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئین میں گورنر راج کا آپشن موجود ہے تاہم وفاقی حکومت کوئی فیصلہ جلد بازی میں نہیں کرنا چاہتی، بلکہ سیاسی لوگوں کو موقع دینا ترجیح ہے۔

اب تک کی کہانی اسلام آباد

  1. اسلام آباد پولیس کے قبضے میں ایک ہزار سے زائد گڈز ٹرانسپورٹ گاڑیاں
  2. اسلام آباد، راولپنڈی اور اٹک میں لانگ مارچ کے پیش نظر سیکیورٹی سخت
پوری ٹائم لائن دیکھیں →

اسی موضوع پر مزید

سب دیکھیں →

مزید پڑھیں