around.pk
Saturday, 7 November 2026
☀ کراچی 28°☀ لاہور 23°☀ اسلام آباد 19°
پاکستان

رائے ونڈ تبلیغی اجتماع: اختتامی دعا کے موقع پر ٹریفک راستے بند، شہریوں کو متبادل راستوں کی ہدایت

لاہور ٹریفک پولیس نے رائے ونڈ عالمی تبلیغی اجتماع کی اختتامی دعا اور شرکا کی روانگی کے پیش نظر کل صبح 6 بجے سے دوپہر 1 بجے تک رائے ونڈ جانے والے تمام راستے بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

around.pk·3h ago

لاہور ٹریفک پولیس نے رائے ونڈ میں جاری عالمی تبلیغی اجتماع کی اختتامی دعا اور شرکا کی روانگی کے پیش نظر کل (اتوار) صبح 6 بجے سے دوپہر 1 بجے تک رائے ونڈ جانے والے تمام راستوں کو ٹریفک کے لیے بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ سٹی ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کے مطابق اس دوران رائے ونڈ آنے والی شاہراہوں پر شرکا کی گاڑیوں کو یکطرفہ طور پر چلایا جائے گا جبکہ رائے ونڈ کی طرف جانے والے راستوں پر عام ٹریفک کی آمدورفت معطل رہے گی۔

ٹریفک حکام کے مطابق رائے ونڈ روڈ پر پاجیاں موڑ، قزلباش چوک، موٹروے اور ٹھوکر نیاز بیگ تک دونوں اطراف یک طرفہ ٹریفک چلائی جائے گی۔ اسی طرح بھوبتیاں چوک سے موہلنوال تک بھی شرکا کی گاڑیوں کو یکطرفہ طور پر چلایا جائے گا۔ اس کے علاوہ سندر روڈ، رائے ونڈ روڈ سے سندر اڈا ملتان روڈ، رائے ونڈ مانگا روڈ، کوٹ رادھا کشن روڈ اور سوئے آصل روڈ پر بھی یک طرفہ ٹریفک کے ذریعے شرکا کی روانگی کو ممکن بنایا جائے گا۔

سی ٹی او لاہور نے بتایا کہ انخلاء کے دوران موٹروے اور رنگ روڈ سے رائے ونڈ کی جانب ٹریفک کو اترنے کی اجازت نہیں ہوگی جبکہ رائے ونڈ، مانگا، سندر اور موہلنوال روڈ پر روڈ کراسنگ بھی بند رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ شرکا کی روانگی کے لیے پہلے موٹرسائیکل اور رکشہ اسٹینڈز، اس کے بعد کار اور ویگن اسٹینڈز جبکہ آخر میں بس اور ٹرک اسٹینڈز خالی کروائے جائیں گے تاکہ ٹریفک کی روانی برقرار رہے۔ اس مقصد کے لیے اضافی وارڈنز اور دفتری عملہ بھی تعینات کر دیا گیا ہے۔

شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کل صبح 6 بجے سے دوپہر 1 بجے تک رائے ونڈ روڈ پر سفر سے گریز کریں اور متبادل راستے استعمال کریں۔ ٹریفک حکام کا کہنا ہے کہ ٹریفک کا دباؤ کم ہونے پر سڑکوں کو معمول کے مطابق کھول دیا جائے گا۔ شہری رہنمائی اور مدد کے لیے ہیلپ لائن 15 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

ادھر ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے رائے ونڈ اجتماع گاہ کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔ ان کے ہمراہ چیف آفیسر ایم سی ایل کلیم یوسف، اسسٹنٹ کمشنر سٹی، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر آصف ارباب خان اور ڈی ایم ڈی واسا عبدالطیف بھی موجود تھے۔ اجتماع کے منتظمین نے ڈی سی لاہور کو دعا، ٹریفک اور صفائی سمیت مختلف انتظامات پر بریفنگ دی جس میں بتایا گیا کہ عالمی اجتماع میں 109 ممالک سے زائرین شریک ہیں۔

ڈی سی لاہور نے طبی سہولیات، پارکنگ اور میڈیکل کیمپس کو فعال رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ میڈیکل کیمپس میں تمام ضروری ادویات کی دستیابی اور اجتماع گاہ سمیت اطراف میں صفائی کے بہترین انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔ انتظامیہ کے مطابق اختتامی دعا کے بعد اجتماع کا دوسرا مرحلہ 12 نومبر سے شروع ہوگا۔

اب تک کی کہانی لاہور

  1. لاہور میں ایل پی جی 600 روپے فی کلو تک فروخت، سرکاری قیمت 295 روپے ہونے کے باوجود کمی نہ ہو سکی
  2. پشاور اور لاہور کے درمیان 9 نومبر سے براہِ راست فضائی سروس کا اعلان
  3. وادی سندھ کی تاریخ پر 15ویں عالمی تھاپ کانفرنس لاہور میں شروع
  4. لاہور کی محمود بوٹی ڈمپنگ سائٹ میتھین گیس کے اخراج میں کمی کے لیے بین الاقوامی توثیق کی جانب
پوری ٹائم لائن دیکھیں →
لاہورسٹی ٹریفک آفیسر لاہورڈپٹی کمشنر لاہوررائے ونڈرائے ونڈ روڈسید عبدالرحیم شیرازی

اسی موضوع پر مزید

سب دیکھیں →

مزید پڑھیں