پاکستان اور سوڈان کا سکیورٹی، سائبر کرائم اور پولیس ٹریننگ میں تعاون بڑھانے پر اتفاق
سوڈان کے وزیر داخلہ کی اسلام آباد میں پاکستانی وزیر داخلہ سے ملاقات، سائبر کرائم پر مفاہمت کی یادداشت، نادرا کے تعاون سے لاکھوں شناختی دستاویزات جاری کرنے اور پولیس تربیت سمیت متعدد شعبوں میں تعاون پر اتفاق۔
یہ خبر اور ہر اہم خبر سب سے پہلے واٹس ایپ پر پائیںaround.pk اردو خبریں چینل — مفت، بغیر سپیم فالو کریں
پاکستان اور سوڈان نے سکیورٹی، داخلی امور، سائبر کرائم، پولیس ٹریننگ اور ادارہ جاتی تعاون سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔ یہ اتفاق سوڈان کے وزیر داخلہ لیفٹیننٹ جنرل بابکر سمرہ مصطفیٰ علی کی اسلام آباد میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری سے ملاقات کے دوران ہوا، جس میں دونوں ممالک کے وفود نے تفصیلی مذاکرات کیے۔
ملاقات میں سائبر کرائم کے شعبے میں تعاون کے لیے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ سوڈانی وزیر داخلہ نے کہا کہ ان کا ملک سائبر کرائم کی روک تھام میں پاکستان کی مہارت اور تجربے سے فائدہ اٹھانا چاہتا ہے، جبکہ محسن نقوی نے سوڈان میں قیام امن اور تعمیر نو کے عمل میں ہر ممکن تعاون کی پیشکش کی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ نادرا کے تعاون سے سوڈان میں اب تک تین کروڑ ساٹھ لاکھ شہریت کارڈز، نوے لاکھ قومی شناختی کارڈز، ایک کروڑ اسی لاکھ پیدائشی اور پانچ لاکھ ڈیتھ سرٹیفکیٹس جاری کیے جا چکے ہیں۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ سول رجسٹریشن کے عمل میں آئندہ بھی تعاون جاری رکھا جائے گا اور نادرا اس سلسلے میں ہمہ وقت تیار ہے۔
سوڈانی وزیر داخلہ کی درخواست پر محسن نقوی نے پاکستان میں مقیم شادی شدہ سوڈانی خواتین کے ویزا مسائل فوری طور پر حل کرنے کی ہدایات بھی جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سوڈان کے پولیس افسران کو پیشہ ورانہ تربیت فراہم کرنے کے لیے تیار ہے اور سوڈانی شہری پاکستان میں طبی سہولیات سے بھی استفادہ کر سکتے ہیں، جس کے لیے صحت کے شعبے میں ہر ممکن سہولت دی جائے گی۔
سوڈان کے وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان ان کا برادر ملک ہے اور وہ تمام شعبوں میں تعاون کو بہت اہمیت دیتے ہیں۔ انہوں نے دوطرفہ تعلقات کے فروغ کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کی جانب سے تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ ملاقات میں وفاقی سیکرٹری داخلہ، اسپیشل سیکرٹری، ایڈیشنل سیکرٹریز داخلہ، چیئرمین نادرا، ڈی جی ایف آئی اے، ڈی جی اے این ایف، آئی جی فیڈرل کانسٹیبلری، ڈی جی نیشنل فرانزک ایجنسی، کمانڈنٹ این پی اے، ڈی جی این سی سی آئی اے، ڈی جی پاسپورٹ، چیئرمین سوشل میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی، چیف کمشنر اور آئی جی اسلام آباد پولیس بھی موجود تھے۔
اب تک کی کہانی نادرا
- پاکستان اور برطانیہ کا نادرا، سائبر کرائم اور ویزا فراڈ کے خلاف تعاون بڑھانے پر اتفاق
- بلوچستان پولیس اور نادرا کے درمیان ڈیجیٹل شناختی خدمات کے لیے معاہدہ طے پا گیا
- پشاور میں نادرا کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا









