علامہ محمد اقبال کا 149 واں یومِ ولادت آج ملک بھر میں منایا جا رہا ہے
شاعرِ مشرق اور مفکرِ پاکستان علامہ محمد اقبال کا 149 واں یومِ ولادت آج منایا جا رہا ہے، ملک بھر میں عام تعطیل اور تقریبات کا انعقاد۔
یہ خبر اور ہر اہم خبر سب سے پہلے واٹس ایپ پر پائیںaround.pk اردو خبریں چینل — مفت، بغیر سپیم فالو کریں
ملک بھر میں آج شاعرِ مشرق اور مفکرِ پاکستان ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کا 149 واں یومِ ولادت منایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر سرکاری و نجی سطح پر مختلف تقریبات، سیمینار اور علمی نشستیں منعقد کی جا رہی ہیں جن میں اقبال کی فکر، شاعری اور قومی زندگی پر ان کے اثرات پر روشنی ڈالی جائے گی۔ یومِ اقبال کے حوالے سے آج ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔
علامہ محمد اقبال 9 نومبر 1877 کو سیالکوٹ میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے اپنی ابتدائی تعلیم آبائی شہر سیالکوٹ اور لاہور میں حاصل کی، اس کے بعد 1905 میں برطانیہ سے قانون کی تعلیم مکمل کی اور بعد ازاں جرمنی سے فلسفے میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی۔ وہ بیسویں صدی کے نامور شاعر، مصنف، قانون دان اور سیاستدان تھے اور تحریکِ پاکستان کی اہم شخصیات میں شمار ہوتے ہیں۔
1910 میں وطن واپسی کے بعد علامہ اقبال نے اپنی شاعری کے ذریعے مسلمانوں کو فکری اور سیاسی طور پر بیدار کرنے کا کام کیا۔ سیاستدان کی حیثیت سے ان کی سب سے بڑی خدمات میں نظریۂ پاکستان کی تشکیل شامل ہے، جو بعد میں پاکستان کے قیام کی بنیاد بنا۔ ان کی شاعری نے برصغیر کے مسلمانوں میں نئی روح پھونکی اور نوجوان نسل کو شاہین اور عقاب جیسے القابات سے مخاطب کرتے ہوئے ان سے بڑی امیدیں وابستہ کیں۔
علامہ اقبال کو دورِ جدید کا صوفی بھی کہا جاتا ہے، اور ان کی شاعری کا بنیادی رجحان تصوف اور احیائے امتِ اسلامی کی طرف رہا۔ ان کے شاعری کے مجموعوں میں بانگِ درا، زبورِ عجم، بالِ جبریل، ضربِ کلیم، جاوید نامہ اور پیامِ مشرق کو خاصی شہرت حاصل ہے۔ ان کے فلسفے کو پوری دنیا میں قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔
مصورِ پاکستان علامہ محمد اقبال 21 اپریل 1938 کو لاہور میں انتقال کر گئے اور انہیں بادشاہی مسجد کے پہلو میں سپردِ خاک کیا گیا۔ آج کے دن ان کی شاعری اور افکار کی بازگشت مختلف تقریبات میں سنی جا رہی ہے، جبکہ طلبہ اور نوجوان نسل کو اقبال کی فکر سے روشناس کرانے پر زور دیا جا رہا ہے۔
خیال رہے کہ حکومت کی جانب سے یومِ اقبال کی مناسبت سے ریلیاں، مشاعرے اور تعلیمی اداروں میں خصوصی پروگرامز کا انعقاد کیا جاتا ہے تاکہ اقبال کے پیغام کو عوام تک پہنچایا جا سکے۔ ان کی تعلیمات بالخصوص خود اعتمادی، اتحاد اور محنت کے پیغام کو نوجوان نسل کے لیے مشعلِ راہ قرار دیا جاتا ہے۔
اب تک کی کہانی یومِ اقبال
- وزیراعظم کا اعلان: علامہ اقبال کی 150ویں سالگرہ قومی و بین الاقوامی تقریبات کے ساتھ منائی جائے گی
- پشاور اور لاہور کے درمیان 9 نومبر سے براہِ راست فضائی سروس کا اعلان









