این سی سی آئی اے لاہور کی بڑی کارروائی: سائبر فراڈ میں ملوث 130 ملزمان گرفتار
این سی سی آئی اے لاہور نے بین الاقوامی سائبر فراڈ نیٹ ورکس کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 9 خواتین سمیت 130 ملزمان کو گرفتار کر لیا، ملزمان کے قبضے سے 276 ڈیجیٹل ڈیوائسز برآمد ہوئیں اور متاثرین کو تین کروڑ روپے سے زائد واپس دلائے گئے۔
یہ خبر اور ہر اہم خبر سب سے پہلے واٹس ایپ پر پائیںaround.pk اردو خبریں چینل — مفت، بغیر سپیم فالو کریں
این سی سی آئی اے لاہور نے بین الاقوامی سائبر فراڈ نیٹ ورکس کے خلاف ایک ہفتے کے دوران متعدد کارروائیاں کرتے ہوئے 9 خواتین سمیت 130 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر عاطف امیر نے لاہور میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ملزمان کے قبضے سے مجموعی طور پر 276 ڈیجیٹل ڈیوائسز برآمد کی گئیں، جبکہ مختلف مقدمات میں متاثرین کو تین کروڑ ایک لاکھ 79 ہزار 122 روپے واپس دلائے گئے۔
تفصیلات کے مطابق ڈی ایچ اے فیز 8 میں پرائم لنک پر چھاپے کے دوران ایک چینی شہری فین لو اور تین خواتین سمیت 35 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جن کے قبضے سے 40 کمپیوٹرز، 34 موبائل فون اور آئی پیڈ برآمد ہوئے۔ اسی طرح ڈی ایچ اے فیز 6 میں دو مقامات پر کارروائیوں میں تین چینی باشندوں اور پانچ خواتین سمیت 23 ملزمان گرفتار کیے گئے اور ان سے 23 کمپیوٹرز اور 30 موبائل فون تحویل میں لیے گئے۔ حکام کے مطابق ان نیٹ ورکس کا تعلق چینی اور نائجیرین باشندوں سے ہے جو آن لائن سرمایہ کاری فراڈ میں ملوث تھے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملزمان جعلی فیس بک اکاؤنٹس پر خواتین کی تصاویر اور فرضی نام استعمال کرتے ہوئے غیر ملکی شہریوں کو جھانسہ دیتے اور واٹس ایپ گروپس کے ذریعے انہیں لوٹتے تھے۔ غیر قانونی کال سینٹرز کے خلاف پانچ کارروائیوں میں 62 ملزمان کو گرفتار کیا گیا جن کے قبضے سے 100 لیپ ٹاپ، 14 کمپیوٹرز، 73 موبائل فون اور دو سرورز سمیت 189 ڈیوائسز برآمد ہوئیں۔ ان کال سینٹرز میں کام کرنے والے ملزمان ٹیلی کام نمائندے بن کر امریکہ، برطانیہ اور کینیڈا کے شہریوں سے فراڈ اور چوری شدہ کارڈز کے ذریعے کارڈنگ میں ملوث تھے۔
ادھر شہریوں کا خفیہ ڈیٹا فروخت کرنے کے الزام میں ایک نجی بینک کے آپریشنل منیجر ارسلان احمد کو بھی گرفتار کیا گیا۔ ملزم نے نادرا ویری سس سے 842 غیر مجاز تصدیقیں کیں اور فی تصدیق 130 سے 150 روپے ایزی پیسہ کے ذریعے وصول کرکے شہریوں کی شناختی معلومات واٹس ایپ پر فروخت کرتا تھا۔ کارروائیوں کے دوران بچوں کے جنسی استحصال کا مواد پھیلانے اور بلیک میلنگ میں ملوث 4 ملزمان جبکہ ریاستی اداروں کے خلاف مہم چلانے والے 2 ملزمان بھی گرفتار کیے گئے۔ این سی سی آئی اے گوجرانوالہ نے قابل اعتراض ڈیٹا شیئر کرنے اور بلیک میلنگ کے الزام میں ایک خاتون کو حراست میں لیا۔
حکام کے مطابق انتظامی سطح پر گوجرانوالہ کو این سی سی آئی اے لاہور زون میں شامل کر کے اس کی سربراہی ایڈیشنل ڈائریکٹر عاطف امیر کے سپرد کر دی گئی ہے۔ برآمد شدہ ڈیجیٹل آلات کا فرانزک تجزیہ جاری ہے اور ملکی و غیر ملکی سرپرستوں نیز مالی لین دین تک تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے۔
عاطف امیر نے کہا کہ این سی سی آئی اے نے ایک ہفتے میں کئی اہم کارروائیاں کیں اور پنجاب میں کوئی غیر قانونی کال سینٹر نہیں چلنے دیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ غیر قانونی کال سینٹرز اب گھروں میں منتقل ہو گئے ہیں، جبکہ شکایات پر ادارے کے اپنے پانچ ملازمین کو بھی ملازمت سے برخاست کیا گیا ہے۔
اب تک کی کہانی گوجرانوالہ
- الیکشن کمیشن کا حکومت پر سخت برہمی، وزیر اطلاعات کی ضابطہ اخلاق خلاف ورزی پر دو سال تک سزا کا امکان
- بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کے لیے دو سطحی ماڈل تجویز
- لاہور دنیا کا آلودہ ترین شہر، فضائی آلودگی خطرناک سطح پر
- این اے 77 ضمنی انتخاب: جعلی ووٹنگ کی ویڈیو سامنے، الیکشن کمیشن نے پانچ ارکان پارلیمنٹ کو نوٹس جاری کردیے







