این سی سی آئی اے راولپنڈی کی آن لائن سرمایہ کاری فراڈ میں کارروائیاں، 32 لاکھ روپے برآمد
نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی راولپنڈی نے آن لائن ٹریڈنگ اور سرمایہ کاری فراڈ میں ملوث ملزمان کے خلاف دو کارروائیاں کی ہیں جن میں شہریوں سے مجموعی طور پر 2 کروڑ 39 لاکھ روپے سے زائد کا فراڈ سامنے آیا ہے اور 32 لاکھ روپے برآمد کیے گئے ہیں۔
یہ خبر اور ہر اہم خبر سب سے پہلے واٹس ایپ پر پائیںaround.pk اردو خبریں چینل — مفت، بغیر سپیم فالو کریں
راولپنڈی میں نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے آن لائن ٹریڈنگ اور سرمایہ کاری فراڈ میں ملوث ملزمان کے خلاف دو الگ الگ کارروائیاں کی ہیں جن کے دوران شہریوں سے مجموعی طور پر 2 کروڑ 39 لاکھ روپے سے زائد کا فراڈ کرنے کا انکشاف ہوا ہے جبکہ ملزمان سے کل 32 لاکھ روپے برآمد کیے گئے ہیں۔
این سی سی آئی اے کے مطابق پہلی کارروائی میں راولپنڈی کے رہائشی محمد ارشد کو واٹس ایپ گروپ کے ذریعے پرکشش سرمایہ کاری اور بھاری منافع کا لالچ دے کر مبینہ فراڈ کیا گیا۔ ملزم نے شہری کو آن لائن ٹریڈنگ اور انویسٹمنٹ اسکیم میں پھنسا کر مختلف بینیفشری اکاؤنٹس میں ایپ اور اے ٹی ایم کارڈ کے ذریعے 2 کروڑ 10 لاکھ 18 ہزار 511 روپے منتقل کروائے جس سے شہری کو بھاری مالی نقصان اٹھانا پڑا۔ کارروائی کے دوران ملزم سے 14 لاکھ روپے برآمد کیے گئے اور وہ جسمانی ریمانڈ پر ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔
دوسری کارروائی میں فیس بک اور واٹس ایپ کے ذریعے ایک شہری سے 29 لاکھ 15 ہزار 872 روپے کا فراڈ کرنے والے ملزمان کو گرفتار کیا گیا جن سے 18 لاکھ روپے برآمد ہوئے۔ حکام کے مطابق مدعیہ سے فیس بک پر ایک آئی ڈی کے ذریعے رابطہ کیا گیا اور بعد ازاں واٹس ایپ پر خود کو آن لائن بزنس مین ظاہر کرتے ہوئے سرمایہ کاری کی دعوت دی گئی۔
ملزمان نے ایک لنک شیئر کیا جس پر کلک کرنے سے شہری کے موبائل فون میں ’آن چینس ڈاٹ نیٹ‘ نامی ایپلیکیشن انسٹال ہوگئی اور اس کے ذریعے اس کی محنت کی کمائی سے 29 لاکھ 15 ہزار 872 روپے ہتھیا لیے گئے۔ این سی سی آئی اے کے مطابق دونوں کارروائیوں میں مجموعی طور پر 32 لاکھ روپے برآمد کیے گئے ہیں جبکہ فراڈ میں ملوث دیگر افراد کی نشاندہی اور شہریوں کی رقوم کی مکمل ریکوری کے لیے مزید تفتیش جاری ہے۔
این سی سی آئی اے کا کہنا ہے کہ آن لائن فراڈ، جعلی سرمایہ کاری اسکیموں اور سائبر جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔ شہری کسی بھی سائبر جرم کی اطلاع ہیلپ لائن 1799 پر دے سکتے ہیں یا قریبی سرکل میں رپورٹ کر سکتے ہیں۔
اب تک کی کہانی انٹرنیٹ اور سائبر سیکیورٹی
- پاکستان اور سوڈان کا سکیورٹی، سائبر کرائم اور پولیس ٹریننگ میں تعاون بڑھانے پر اتفاق
- واٹس ایپ کا نیا فیچر: نامعلوم کال کرنے والے کی شناخت اب آسان
- پی ٹی اے نے میٹا کے تعاون سے ایک لاکھ 76 ہزار واٹس ایپ اکاؤنٹس بلاک کر دیے
- پاکستان اور برطانیہ کا نادرا، سائبر کرائم اور ویزا فراڈ کے خلاف تعاون بڑھانے پر اتفاق









