امریکی سینیٹر کرس وان ہولن کا کراچی میں پیدا ہونے کا انکشاف، پاکستان سے خصوصی تعلق کا اعتراف
ڈیموکریٹک سینیٹر کرسٹوفر وان ہولن، جو 2028 کے صدارتی انتخاب کے ممکنہ امیدوار سمجھے جاتے ہیں، 1959 میں کراچی میں پیدا ہوئے تھے جہاں ان کے والد امریکی محکمہ خارجہ کے لیے تعینات تھے۔
یہ خبر اور ہر اہم خبر سب سے پہلے واٹس ایپ پر پائیںaround.pk اردو خبریں چینل — مفت، بغیر سپیم فالو کریں
امریکی ریاست میری لینڈ کی سرکاری ویب سائٹ ’میری لینڈ مینوئل آن لائن‘ پر دستیاب سوانح عمری کے مطابق ڈیموکریٹک سینیٹر کرسٹوفر وان ہولن 1959 میں پاکستان کے شہر کراچی میں پیدا ہوئے تھے۔ ان کے والد امریکی محکمہ خارجہ میں خدمات انجام دیتے تھے اور اسی سلسلے میں پاکستان میں تعینات تھے۔ وان ہولن کو امریکا میں 2028 کے صدارتی انتخاب کے ممکنہ امیدواروں میں شمار کیا جا رہا ہے۔
وان ہولن جنوری 2017 سے امریکی سینیٹ کے رکن ہیں، اس سے قبل وہ 2003 سے 2017 تک ایوانِ نمائندگان کے رکن بھی رہ چکے ہیں۔ انہوں نے گزشتہ سال پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پر جاری ایک ویڈیو پیغام میں کہا تھا کہ کراچی میں پیدا ہونے کی وجہ سے ان کا پاکستان کے ساتھ خصوصی تعلق ہے اور انہوں نے پاکستانی عوام کی مہمان نوازی، نیک دلی اور عزم کو قریب سے دیکھا ہے۔
انہوں نے دونوں ممالک کے عوام کے درمیان مضبوط تعلقات پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان اور امریکا کے درمیان دوستی کو مزید مستحکم کرنے کی خواہش بھی ظاہر کی تھی۔ وان ہولن ماضی میں بھی پاکستان سے متعلق مختلف معاملات پر اپنے موقف کا اظہار کرتے رہے ہیں۔
2021 میں انہوں نے افغانستان سے امریکی اور دیگر غیر ملکی شہریوں کے انخلا میں معاونت فراہم کرنے پر پاکستان سمیت مختلف ممالک کا شکریہ ادا کیا تھا۔ طالبان کے اقتدار سنبھالنے کے بعد افغانستان میں پھنسے افراد کی انخلا میں پاکستان نے بھی مدد فراہم کی تھی۔ 2022 کے تباہ کن سیلاب کے بعد وان ہولن نے اس وقت کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی تھی جس میں سیلاب متاثرین کی امداد اور بحالی کے لیے امریکی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔
فروری 2024 میں انہوں نے پاکستان کے اس وقت کے سفیر مسعود خان کو خط لکھ کر 8 فروری کے عام انتخابات میں دھاندلی اور انتخابی مداخلت کے الزامات کی مکمل تحقیقات کا مطالبہ بھی کیا تھا۔ ان کے خط میں کہا گیا تھا کہ عوامی مینڈیٹ کا احترام ہی نئی حکومت کو پاکستان کے مسائل، بشمول آئی ایم ایف کے ساتھ نئے معاہدے اور مستقبل میں سیلاب سے بچاؤ کے اقدامات، سے نمٹنے کے قابل بنا سکتا ہے۔
کرس وان ہولن نے اپنی زندگی کا کچھ عرصہ بھارت میں بھی گزارا جہاں انہوں نے ریاست تامل ناڈو کے کوڈائیکنال انٹرنیشنل اسکول میں تعلیم حاصل کی۔ بعد ازاں انہوں نے امریکی کالج سوارتھمور سے فلسفے کی تعلیم، ہارورڈ یونیورسٹی سے پبلک پالیسی میں ماسٹرز اور جارج ٹاؤن یونیورسٹی سے قانون کی ڈگری حاصل کی۔ انہیں 1990 میں میری لینڈ بار میں وکالت کی اجازت بھی دی گئی تھی۔
اب تک کی کہانی آئی ایم ایف
- بجلی اور گیس سبسڈی کا نیا نظام: موجودہ سلیب ختم کرنے کی تیاری
- سعودی عرب کے ساتھ 3 ارب ڈالر قرض کی رول اوور مکمل، مزید سپورٹ کی ضرورت نہیں: وزیر خزانہ
- آئی ایم ایف کا ٹیکس شارٹ فال پر تحفظات، ہنگامی ٹیکس اقدامات کی تجویز
- پیٹرولیم لیوی کے خاتمے کا مطالبہ، جماعت اسلامی نے ملک گیر مہم کا اعلان کردیا









