around.pk
Thursday, 12 November 2026
☀ کراچی 23°⛅ لاہور 18°⛅ اسلام آباد 17°
کاروبار

بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کے لیے دو سطحی ماڈل تجویز

حکومت نے ڈسکوز کی نجکاری کے لیے دو سطحی کاروباری ماڈل تجویز کیا ہے، جس کے تحت خریدار بنیادی ڈھانچے کا مالک ہوگا جبکہ بلنگ اور فروخت مسابقتی سپلائرز کو سونپی جا سکے گی۔ ابتدائی طور پر فیصل آباد، گوجرانوالہ اور اسلام آباد کی کمپنیاں پیش کی جا رہی ہیں۔

around.pk·7m ago

حکومت نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں یعنی ڈسکوز کی نجکاری کے لیے ایک دو سطحی کاروباری ماڈل متعارف کرانے کی تجویز تیار کر لی ہے۔ اس تجویز کے تحت کامیاب خریدار کمپنی کے کھمبوں، تاروں اور تقسیم کے بنیادی ڈھانچے کا مالک ہوگا، تاہم بجلی کی فروخت، بلنگ اور وصولیوں سمیت دیگر تجارتی امور نیلامی کے ذریعے نجی شعبے کے دوسرے سرمایہ کاروں کو سونپ سکے گا۔ اس ماڈل کی حتمی منظوری پاور سیکٹر ریفارمز اسٹیئرنگ کمیٹی اور وفاقی کابینہ سے مشروط ہے۔

تجویز کے مطابق حکومت صرف تقسیم کار کمپنی کے خریدار کو ریگولیٹ کرے گی، جسے آخری سہارا فراہم کرنے والا سپلائر قرار دیا جائے گا۔ ابتدائی مرحلے میں فیصل آباد، گوجرانوالہ اور اسلام آباد کی بجلی تقسیم کار کمپنیاں نجکاری کے لیے پیش کی جا رہی ہیں۔ نئے نظام میں نجی شعبے کے دیگر سرمایہ کار، جنہیں مسابقتی سپلائرز کہا جائے گا، بجلی کی فراہمی اور فروخت کا کاروبار نسبتاً آزادانہ طور پر کر سکیں گے۔

تاہم ان سرمایہ کاروں کو بجلی کی خریداری کے ساتھ حکومت کے سابقہ معاہدوں کے تحت پیدا ہونے والی استعدادِ کار کی ادائیگیاں یعنی کیپیسٹی پیمنٹس بھی متعلقہ صارفین کے تناسب سے اپنے ذمے لینا ہوں گی۔ حکومتی تجویز کے مطابق بجلی کے شعبے میں سالانہ تقریباً 1.7 کھرب روپے کی کیپیسٹی پیمنٹس کا بوجھ صارفین برداشت کر رہے ہیں۔ اس ماڈل کے ذریعے حکومت ان پرانے معاہدوں کی مالی ذمہ داریاں نجی سپلائرز تک منتقل کرنا چاہتی ہے، البتہ اس کے ساتھ بجلی کی مختص استعداد اور متعلقہ صارفین کا بوجھ بھی منتقل کیا جائے گا۔

ماہرین کے مطابق نئے نظام سے بجلی کے فی یونٹ نرخوں میں فوری کمی متوقع نہیں ہے، کیونکہ صارفین کو بدستور تقریباً 17 روپے فی یونٹ غیر استعمال شدہ پیداواری استعداد کی مد میں ادا کرنا ہوں گے۔ تاہم درمیانی اور طویل مدت میں مسابقتی سپلائرز کو سرکاری طور پر منظور شدہ نرخوں سے کم قیمت پر بجلی فروخت کرنے کی اجازت مل سکتی ہے، جس سے بتدریج صارفین کو ریلیف ملنے کا امکان ہے۔

نجکاری کمیشن کے عہدیدار کے مطابق اس ماڈل کا بنیادی مقصد بجلی کی تقسیم کے نظام کو ریگولیٹڈ رکھنا اور بجلی کی خرید و فروخت کو مسابقتی بنیادوں پر نجی شعبے کے لیے کھولنا ہے۔ اس طرح بجلی کی خریداری میں سرکاری ادارے سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی کے واحد خریدار کے کردار کو ختم کر کے متعدد نجی سپلائرز کو مارکیٹ میں لایا جا سکے گا۔ مجوزہ طریقہ کار کے تحت فیسکو کی نجکاری کے بعد سی پی پی اے جی فیسکو کے لیے مختص بجلی کی پیداواری استعداد اور اس کے صارفین کا پورٹ فولیو نجی سپلائرز کو نیلام کرے گی، اور کامیاب بولی دہندگان بجلی کی خریداری اور متعلقہ صارفین کی فراہمی کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔

اب تک کی کہانی گوجرانوالہ

  1. لاہور دنیا کا آلودہ ترین شہر، فضائی آلودگی خطرناک سطح پر
  2. این اے 77 ضمنی انتخاب: جعلی ووٹنگ کی ویڈیو سامنے، الیکشن کمیشن نے پانچ ارکان پارلیمنٹ کو نوٹس جاری کردیے
  3. پنجاب کے دو حلقوں این اے 77 گوجرانوالہ اور پی پی 203 چیچہ وطنی میں ضمنی انتخابات آج ہوں گے
  4. گوجرانوالہ ضمنی انتخاب: وفاقی وزیر اطلاعات کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر نوٹس
پوری ٹائم لائن دیکھیں →
اسلام آبادبجلیفیصل آبادگوجرانوالہسینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسیفیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنیگوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنیاسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنیپاور سیکٹر ریفارمز اسٹیئرنگ کمیٹینجکاری کمیشن

اسی موضوع پر مزید

سب دیکھیں →

مزید پڑھیں