around.pk
Wednesday, 11 November 2026
☀ کراچی 25°☀ لاہور 22°⛅ اسلام آباد 17°
کاروبار

وزیراعظم شہباز شریف کا کوپ 31 میں گرین انرجی کے لیے 188 ارب ڈالر کی ضرورت کا اعلان

وزیراعظم شہباز شریف نے انطالیہ میں کوپ 31 سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں صاف توانائی کا حصہ 55 فیصد تک پہنچ چکا ہے، تاہم 2035 تک کے اہداف کے لیے 138 ارب ڈالر اور کوئلے کی جگہ شمسی توانائی کے لیے مزید 50 ارب ڈالر درکار ہیں۔

around.pk·38m ago

وزیراعظم شہباز شریف نے ترکیے کے شہر انطالیہ میں اقوام متحدہ کی 31 ویں موسمیاتی تبدیلی کانفرنس (کوپ 31) کے موقع پر ’2035 تک گرین انرجی پر منتقلی: مستقبل کو توانائی فراہم کرنا‘ کے عنوان سے ہونے والے اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کیا اور پاکستان کا صاف توانائی کی جانب منتقلی کا لائحہ عمل پیش کیا۔ انہوں نے ترقی پذیر ممالک کو موسمیاتی تبدیلی سے متعلق اپنے وعدے پورے کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان صاف توانائی کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے اور پائیدار ترقی و موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کی عالمی کوششوں میں اپنا کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان کے توانائی کے مجموعی نظام میں صاف توانائی کے ذرائع کا حصہ اب تقریباً 55 فیصد ہو چکا ہے اور انطالیہ روانگی سے قبل انہوں نے ملک کے ساتویں جوہری بجلی گھر کے ایک اہم حصے کا افتتاح کیا جو جدید ترین منصوبہ ہے اور قومی گرڈ میں 1,200 میگاواٹ صاف بجلی شامل کرے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ حال ہی میں متعارف کرائی گئی آٹو پالیسی کے تحت 2030 تک نئی گاڑیوں میں سے 30 فیصد کو الیکٹرک گاڑیوں میں تبدیل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جس کے لیے کم ٹیرف سمیت مختلف مراعات فراہم کی جائیں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ مستقبل میں حکومت کی جانب سے خریدی جانے والی تمام بسیں اور موٹر سائیکلیں الیکٹرک ہوں گی، اور رواں سال پاکستان میں فروخت ہونے والی ہر 10 موٹر سائیکلوں میں پہلی مرتبہ ایک سے زائد الیکٹرک موٹر سائیکلیں ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ گرین انرجی کی جانب منتقلی کا عمل تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے تاہم مطلوبہ اہداف کے حصول کے لیے مسلسل مالی معاونت ناگزیر ہے۔

وزیراعظم نے شرکا کو بتایا کہ پاکستان کو 2035 تک کم کاربن اخراج کے حامل بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں کے لیے تقریباً 138 ارب ڈالر درکار ہیں جبکہ کوئلے سے بجلی پیدا کرنے والے منصوبوں کی جگہ شمسی توانائی کے استعمال کے لیے مزید 50 ارب ڈالر کی ضرورت ہے۔ انہوں نے ترقی پذیر ممالک کی مالی مشکلات اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ بجلی کی ترسیل کے نیٹ ورک کی توسیع، توانائی ذخیرہ کرنے کے قابل اعتماد نظام اور جدید ٹیکنالوجی کو قابل برداشت بنانے کے لیے بھاری سرمایہ کاری درکار ہے جس کا بوجھ بھاری قرضوں میں جکڑی معیشتیں تنہا برداشت نہیں کر سکتیں۔

انہوں نے عالمی شراکت داروں پر زور دیا کہ وہ رعایتی شرائط پر مالی معاونت کی فراہمی یقینی بنائیں اور سستی ٹیکنالوجی کی منتقلی میں سہولت فراہم کریں، کیونکہ صاف توانائی کے بلند عزائم پر مبنی اہداف صرف اجتماعی کوششوں اور بروقت مالی معاونت کے ذریعے ہی حاصل کیے جا سکتے ہیں۔ شہباز شریف نے کہا کہ 2035 تک 35 فیصد کا ہدف اسی صورت حاصل ہو گا جب رعایتی سرمایہ اور سستی ٹیکنالوجی کی منتقلی کے ذریعے مالی وسائل کی فراہمی عزائم کی رفتار کے مطابق ہو۔

وزیراعظم نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ ایسا ترقیاتی ماڈل اپنائے جو اقتصادی ترقی اور ماحولیاتی تحفظ کے درمیان توازن قائم رکھے، اور کہا کہ ممالک کو اپنے عوام کی توانائی ضروریات پوری کرنے اور معیشتوں کو ترقی دینے کے قابل ہونا چاہیے تاہم اس عمل میں کرہ ارض کو نقصان نہیں پہنچنا چاہیے۔ انہوں نے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے عوام کو غربت میں دھکیلے بغیر اپنی معیشتوں کو توانائی فراہم کریں گے اور کرہ ارض کو تاریک کیے بغیر اپنے گھروں کو روشن کریں گے۔

اب تک کی کہانی انطالیہ

  1. ایرانی صدر مسعود پزشکیان کوپ 31 کانفرنس میں شرکت کے لیے ترکیہ پہنچ گئے
  2. وزیراعظم شہباز شریف آج COP31 سربراہی اجلاس سے خطاب کریں گے، اہم عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی شیڈول
  3. وزیراعظم شہباز شریف کوپ 31 سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے انطالیہ پہنچ گئے
  4. وزیراعظم شہباز شریف کل ترکیہ کے دو روزہ دورے پر روانہ ہوں گے
پوری ٹائم لائن دیکھیں →

اسی موضوع پر مزید

سب دیکھیں →

مزید پڑھیں