around.pk
Wednesday, 11 November 2026
☀ کراچی 29°⛅ لاہور 27°⛅ اسلام آباد 23°
کاروبار

ایل پی جی کی قیمت کا تعین اب نئی کمپنی کرے گی، اوگرا کا اختیار ختم

حکومت نے ایل پی جی کی قیمت مقرر کرنے کا اختیار اوگرا سے لے کر پی ایس او، سوئی گیس اور آئل کمپنیوں پر مشتمل نئی کمپنی کو دے دیا ہے۔ غیر قانونی فروخت کے خلاف کارروائی شروع، صارفین کو معیاری سلنڈر کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے اقدامات۔

around.pk·3m ago

وزارت پیٹرولیم کے مطابق ایل پی جی کی قیمت کا تعین اب اوگرا کے بجائے ایک نئی کمپنی کرے گی جس میں پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او)، سوئی گیس اور آئل کمپنیوں کو شامل کیا جائے گا۔ اس اقدام کا مقصد ایل پی جی مافیا پر قابو پانا اور عوام کو سستی سرکاری قیمت پر ایل پی جی کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔ آئندہ ماہ کے لیے ایل پی جی کی قیمت بھی اسی نئی کمپنی کی جانب سے مقرر کی جائے گی۔

حکام کے مطابق ایل پی جی کی فروخت صرف ان پمپس اور دکانوں سے ہوگی جو قوانین کے تحت قائم کی گئی ہیں۔ غیر قانونی طور پر ایل پی جی فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ صارفین خالی سلنڈر دکاندار کو دیں گے اور بھرا ہوا سلنڈر واپس لے جائیں گے تاکہ حادثات سے بچا جا سکے۔

وزارت پیٹرولیم نے واضح کیا ہے کہ تمام ڈسٹریبیوٹرز اور دکانداروں کو ایل پی جی کی سرکاری قیمت پر ہی فروخت کرنا ہوگا اور کوئی بھی من مانی قیمت پر فروخت نہیں کر سکے گا۔ خلاف ورزی کرنے والے دکاندار یا ڈسٹریبیوٹر کے خلاف فوری کارروائی کی جائے گی۔ اس کے علاوہ، سلنڈر پھٹنے کے واقعات سے بچاؤ کے لیے صرف اوگرا سے منظور شدہ کمپنیوں کے معیاری سلنڈروں میں ایل پی جی بھری جائے گی، جن میں دو، تین اور پانچ کلوگرام کے سلنڈر شامل ہیں۔

دوسری جانب، ایل پی جی ڈسٹریبیوٹرز ایسوسی ایشن کے سیکریٹری جنرل رانا عبدالجبار نے ایکسپریس نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کے لیے تیار ہیں اور غیر قانونی ایل پی جی کی فروخت کے خلاف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سبسڈائزڈ ریٹ پر معیاری سلنڈر فراہم کرے تو دکاندار ہر طرح کا تعاون کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حادثات سے بچاؤ کے لیے حکومت جو بھی اقدامات کر رہی ہے، ان پر عمل درآمد کیا جائے گا اور دکاندار بھی نہیں چاہتے کہ کسی کی جان جائے۔

رانا عبدالجبار نے بتایا کہ دکانداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ناقص سلنڈروں میں ایل پی جی نہ بھریں، اور اگر کوئی ایسا کرتا ہے تو اس کے خلاف کارروائی ہوگی اور ایسی دکان کی حمایت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ جن دکانداروں کے خلاف کارروائی کی گئی ہے اور ان کے پمپس و دیگر آلات قبضے میں لیے گئے ہیں، انہیں ضائع کرنے کے بجائے جرمانہ لے کر واپس کیا جائے تاکہ متاثرہ دکاندار اس مہنگائی کے دور میں اپنا روزگار جاری رکھ سکیں۔

اب تک کی کہانی وزارت پٹرولیم

  1. بجلی اور گیس سبسڈی کا نیا نظام: موجودہ سلیب ختم کرنے کی تیاری
  2. ایل پی جی کی شفاف نیلامی کا نظام: ہر کمپنی کو روزانہ 20 میٹرک ٹن حاصل کرنے کی اجازت
  3. ترک سیسمک جہاز 17 سے 20 نومبر کے درمیان کراچی پہنچے گا، آف شور تیل و گیس کی تلاش 20 سال بعد بحال
پوری ٹائم لائن دیکھیں →
گیساوگراایل پی جیوزارت پٹرولیمایل پی جی ڈسٹریبیوٹرز ایسوسی ایشنآئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا)پاکستان اسٹیٹ آئلپی ایس اورانا عبدالجبارسوئی گیس

اسی موضوع پر مزید

سب دیکھیں →

مزید پڑھیں