around.pk
Wednesday, 11 November 2026
☀ کراچی 25°☀ لاہور 21°⛅ اسلام آباد 17°
کھیل

ایشین اسکواش چیمپئن شپ: قومی کھلاڑیوں کیلئے 40 لاکھ روپے کے انعامات

پاکستان اسپورٹس بورڈ کے صدر رانا ثناء اللہ خان نے ایشین ٹیم اسکواش چیمپئن شپ جیتنے والی قومی ٹیم کے چار کھلاڑیوں میں مجموعی طور پر 40 لاکھ روپے کے نقد انعامات تقسیم کیے۔

around.pk·1h ago

اسلام آباد: پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی ایس بی) کے صدر اور وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ رانا ثناء اللہ خان کی زیر صدارت ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں 23ویں ایشین ٹیم اسکواش چیمپئن شپ 2026ء میں تاریخی کامیابی حاصل کرنے والی قومی مردوں کی اسکواش ٹیم کے چار کھلاڑیوں کو نقد انعامات سے نوازا گیا۔

تقریب کے دوران نور زمان، محمد عاصم خان، ناصر اقبال اور اشعب عرفان میں فی کس 10 لاکھ روپے کے حساب سے مجموعی طور پر 40 لاکھ روپے کے کیش پرائز تقسیم کیے گئے۔ یہ ٹورنامنٹ 3 سے 7 نومبر تک مصحف اسکواش کمپلیکس میں کھیلا گیا، جہاں پاکستان نے ہوم گراؤنڈ پر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فائنل میں جنوبی کوریا کو 2-0 سے شکست دے کر گولڈ میڈل اپنے نام کیا۔

فائنل مقابلے میں نور زمان نے جونگ من ریو کو اور محمد عاصم خان نے سیوجن اوہ کو مسلسل سیٹس میں شکست دے کر پاکستان کی فتح کو یقینی بنایا۔ اس کامیابی کو ملکی اسکواش کی بحالی کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ خان نے کھلاڑیوں، کوچز اور ٹیم مینجمنٹ کو مبارکباد دی اور اس کامیابی کو قومی فخر کا باعث قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بہترین صلاحیتوں کے حامل کھلاڑیوں کی سرپرستی اور کھیل کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔

انہوں نے قومی ٹیم کی محنت، نظم و ضبط اور لگن کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ تاریخی فتح ملک میں اسکواش کے کھیل کی ترقی اور نئی نسل کی اس کھیل کی جانب راغب ہونے کا سبب بنے گی۔

اب تک کی کہانی مصحف اسکواش کمپلیکس

  1. پاکستان نے ایشین ٹیم اسکواش چیمپئن شپ میں گولڈ میڈل جیت لیا
  2. پاکستان نے کوریا کو شکست دے کر 23ویں ایشین ٹیم اسکواش چیمپئن شپ جیت لی
پوری ٹائم لائن دیکھیں →
اسکواشجنوبی کوریامصحف اسکواش کمپلیکسنور زمانایشین ٹیم اسکواش چیمپئن شپپاکستان اسپورٹس بورڈرانا ثناء اللہ خان

اسی موضوع پر مزید

سب دیکھیں →

مزید پڑھیں