around.pk
Wednesday, 11 November 2026
☀ کراچی 25°☀ لاہور 21°⛅ اسلام آباد 17°
کھیل

ابرار احمد آئی سی سی ون ڈے بولرز رینکنگ میں تیسرے نمبر پر پہنچ گئے

آئی سی سی کی تازہ ون ڈے رینکنگ میں پاکستانی اسپنر ابرار احمد دو درجے ترقی کر کے تیسرے نمبر پر آ گئے ہیں، جبکہ بابر اعظم بیٹرز کی فہرست میں نویں پوزیشن پر برقرار ہیں۔

around.pk·42m ago

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ون ڈے کرکٹ کی تازہ رینکنگ جاری کر دی ہے، جس میں پاکستان کے لیگ اسپنر ابرار احمد نے دو درجے ترقی حاصل کرتے ہوئے بولرز کی فہرست میں تیسری پوزیشن حاصل کر لی ہے۔ اس بہتری کے بعد انہوں نے نیوزی لینڈ کے کپتان مچل سینٹنر کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

بولرز کی فہرست میں افغانستان کے راشد خان پہلے اور جنوبی افریقہ کے کیشو مہاراج دوسرے نمبر پر برقرار ہیں۔ پاکستان کے ون ڈے کپتان شاہین آفریدی ایک درجہ ترقی کے بعد مچل سینٹنر کے ساتھ مشترکہ طور پر چوتھے نمبر پر آ گئے ہیں۔ حارث رؤف 24ویں اور نسیم شاہ 55ویں پوزیشن پر برقرار ہیں، جبکہ عرفات منہاس دو درجے تنزلی کے بعد 73ویں نمبر پر چلے گئے ہیں۔

بیٹرز کی رینکنگ میں بابر اعظم 661 پوائنٹس کے ساتھ نویں اور سلمان علی آغا 622 پوائنٹس کے ساتھ 13ویں نمبر پر برقرار ہیں۔ فخر زمان ایک درجہ بہتری کے بعد گلین فلپس کے ساتھ مشترکہ طور پر 36ویں، محمد رضوان 532 پوائنٹس کے ساتھ 43ویں اور صائم ایوب چار درجے بہتری کے بعد 468 پوائنٹس کے ساتھ 64ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔ شاداب خان بھی ایک درجہ ترقی کر کے 92ویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔

بیٹرز کی فہرست میں بھارت کے کپتان شبمن گل پہلے، نیوزی لینڈ کے ڈیرل مچل دوسرے اور ویرات کوہلی تیسرے نمبر پر ہیں۔ آل راؤنڈرز کی رینکنگ میں سلمان علی آغا 13ویں اور شاہین آفریدی 16ویں نمبر پر برقرار ہیں، جبکہ عرفات منہاس دو درجے ترقی کے بعد 143 پوائنٹس کے ساتھ 31ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔

آل راؤنڈرز کی فہرست میں افغانستان کے عظمت اللہ عمرزئی پہلے، زمبابوے کے سکندر رضا دوسرے اور افغانستان کے محمد نبی تیسرے نمبر پر ہیں۔ واضح رہے کہ یہ رینکنگ آئی سی سی کے مقررہ پوائنٹ سسٹم کے تحت جاری کی جاتی ہے، جس میں حالیہ میچوں کی کارکردگی کو نمایاں اہمیت حاصل ہوتی ہے۔

اب تک کی کہانی آئی سی سی

  1. اسکاٹ لینڈ نے افغانستان کے ساتھ دوطرفہ کرکٹ سیریز کھیلنے سے انکار کر دیا
  2. ورلڈ کپ 2027: پاک بھارت میچ کے ٹکٹوں کی مانگ نے تمام ریکارڈ توڑ دیے
  3. تین ملکی ون ڈے سیریز جیتنے کے بعد پاکستان کی عالمی رینکنگ میں بہتری، چوتھے نمبر پر پہنچ گیا
پوری ٹائم لائن دیکھیں →
بابر اعظمآئی سی سیانٹرنیشنل کرکٹ کونسلابرار احمدراشد خانشاہین آفریدی

اسی موضوع پر مزید

سب دیکھیں →

مزید پڑھیں