around.pk
Wednesday, 11 November 2026
☀ کراچی 25°☀ لاہور 21°⛅ اسلام آباد 17°
کاروبار

وزیراعظم کا کوپ 31 میں غربت اور ماحولیات میں توازن پر زور، صاف توانائی کے لیے 138 ارب ڈالر درکار

وزیراعظم شہباز شریف نے کوپ 31 سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو غربت میں دھکیلے بغیر معیشت کو توانا اور گھروں کو روشن کیا جانا چاہیے، پاکستان میں صاف توانائی کا حصہ 55 فیصد تک پہنچ چکا ہے۔

around.pk·42m ago

وزیراعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی موسمیاتی تبدیلی سے متعلق 31ویں کانفرنس (کوپ 31) کے موقع پر ایک اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ ایسا راستہ اختیار کرے جس میں عوام کو غربت میں دھکیلے بغیر معیشتوں کو توانا بنایا جا سکے اور کرہ ارض کو نقصان پہنچائے بغیر گھروں کو روشن رکھا جا سکے۔ اجلاس کا عنوان ”2035 تک گرین انرجی کی جانب منتقلی: مستقبل کو توانائی فراہم کرنا“ تھا۔

انہوں نے پاکستان کے پائیدار اور صاف توانائی کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ملک صاف توانائی کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے اور موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کے لیے عالمی کوششوں میں اپنا کردار ادا کرنے پر مصمم ہے۔ وزیراعظم نے اس ضمن میں ملکی پیش رفت کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان کے مجموعی توانائی کے نظام میں صاف توانائی کے ذرائع کا حصہ تقریباً 55 فیصد تک پہنچ چکا ہے۔

انہوں نے شرکا کو آگاہ کیا کہ ملک کے ساتویں جوہری بجلی گھر کے ایک اہم حصے کا افتتاح کیا گیا ہے، جو ایک جدید ترین منصوبہ ہے اور قومی گرڈ میں 1,200 میگاواٹ صاف بجلی شامل کرے گا۔ ان کے مطابق حال ہی میں متعارف کرائی گئی آٹو پالیسی کے تحت 2030ء تک نئی گاڑیوں میں سے 30 فیصد کو الیکٹرک گاڑیوں میں تبدیل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جس کے لیے کم ٹیرف سمیت مختلف مراعات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ حکومت کی جانب سے خریدی جانے والی تمام بسیں اور موٹر سائیکلیں الیکٹرک ہوں گی، اور رواں سال پاکستان میں فروخت ہونے والی ہر دس موٹر سائیکلوں میں پہلی مرتبہ ایک سے زائد الیکٹرک موٹر سائیکلیں شامل ہیں۔

وزیراعظم نے واضح کیا کہ صاف توانائی کی جانب منتقلی کا عمل تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے، تاہم مطلوبہ اہداف کے حصول کے لیے مسلسل مالی معاونت ناگزیر ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان کو 2035ء تک کم کاربن اخراج والے بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں کے لیے تقریباً 138 ارب ڈالر درکار ہیں، جبکہ کوئلے سے چلنے والے منصوبوں کی جگہ شمسی توانائی کے استعمال کے لیے مزید 50 ارب ڈالر کی ضرورت ہو گی۔

انہوں نے ترقی پذیر ممالک کی مالی مشکلات اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ بجلی کی ترسیل کے نیٹ ورک کی توسیع، توانائی ذخیرہ کرنے کے قابل اعتماد نظام کی فراہمی اور جدید ٹیکنالوجی کو قابل برداشت بنانے کے لیے بھاری سرمایہ کاری درکار ہے، جس کا بوجھ بھاری قرضوں میں جکڑی معیشتیں تنہا برداشت نہیں کر سکتیں۔ انہوں نے عالمی شراکت داروں پر زور دیا کہ وہ رعایتی شرائط پر مالی معاونت اور سستی ٹیکنالوجی کی منتقلی کو یقینی بنائیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ صاف توانائی کے بلند عزائم پر مبنی اہداف صرف اجتماعی کوششوں اور بروقت مالی معاونت کے ذریعے ہی حاصل کیے جا سکتے ہیں، اور 2035ء تک 35 فیصد کا ہدف اسی صورت پورا ہو گا جب رعایتی سرمائے اور سستی ٹیکنالوجی کی منتقلی کے ذریعے فراہم کیے جانے والے مالی وسائل ملک کے عزائم کی رفتار کے مطابق ہوں۔

اب تک کی کہانی الیکٹرک گاڑیاں

  1. نئی آٹو پالیسی: لگژری گاڑیوں کے علاوہ تمام گاڑیاں سستی ہوں گی، مشیر وزیراعظم
  2. چینی الیکٹرک گاڑی نے 503 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا
پوری ٹائم لائن دیکھیں →

اسی موضوع پر مزید

سب دیکھیں →

مزید پڑھیں