around.pk
Wednesday, 11 November 2026
☀ کراچی 22°☀ لاہور 21°⛅ اسلام آباد 18°
صحت

لاہور دنیا کا آلودہ ترین شہر، فضائی آلودگی خطرناک سطح پر

آئی کیو ایئر کی رپورٹ کے مطابق لاہور کا ایئر کوالٹی انڈیکس 453 ریکارڈ کیا گیا، جو دہلی سے کہیں زیادہ ہے؛ پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی صورتحال تشویشناک ہے۔

around.pk·44m ago

لاہور ایک بار پھر دنیا کے آلودہ ترین بڑے شہروں میں پہلے نمبر پر آ گیا ہے، جہاں فضائی آلودگی کی سطح انتہائی خطرناک حد تک پہنچ گئی ہے۔ بین الاقوامی مانیٹرنگ ادارے آئی کیو ایئر کے مطابق شہر کا ایئر کوالٹی انڈیکس 453 ریکارڈ کیا گیا، جبکہ بھارتی دارالحکومت دہلی 224 کی مجموعی خواندگی کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا۔

آئی کیو ایئر کے اعداد و شمار کے مطابق لاہور کے مختلف علاقوں میں آلودگی کی شرح انتہائی بلند رہی۔ سی ای آر پی آفس میں اے کیو آئی 706، علامہ اقبال ٹاؤن میں 690 اور برکی روڈ پیراگون میں 639 تک پہنچ گئی۔ رائیونڈ میں 509 جبکہ کاہنہ نو میں 511 اے کیو آئی ریکارڈ کیا گیا، اور شہر کی مجموعی ریڈنگ ایک موقع پر 459 بھی رپورٹ ہوئی۔

پنجاب ایئر کوالٹی مانیٹرنگ کے اعداد و شمار کے مطابق ملتان روڈ پر اے کیو آئی 500 کی انتہائی حد کے ساتھ پی ایم 2.5 کی مقدار 541.1 اور پی ایم 10 کی مقدار 1398.3 مائیکروگرام ریکارڈ کی گئی۔ سفاری پارک اور جی ٹی روڈ پر بھی اے کیو آئی 500 رہا، جبکہ کاہنہ نو میں 490، گلبرگ تھری میں 475 اور ایجرٹن روڈ پر 432 ریکارڈ کیا گیا۔

شاہدرہ اور ڈی ایچ اے فیز 6 میں اے کیو آئی 392، برکی روڈ پر 390، پنجاب یونیورسٹی میں 373 اور واہگہ بارڈر پر 256 ریکارڈ ہوا۔ واضح رہے کہ عالمی اداروں کے مطابق اے کیو آئی کی 300 سے زائد سطح کو صحت کے لیے انتہائی مضر سمجھا جاتا ہے، جبکہ لاہور کے بیشتر علاقوں میں یہ حد کئی گنا تجاوز کر چکی ہے۔

لاہور کے علاوہ پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی فضائی آلودگی کی صورتحال تشویشناک ہے۔ ملتان میں اے کیو آئی 828، گوجرانوالہ میں 565 اور کاہنہ نو میں 511 ریکارڈ کیا گیا۔ ماہرین کے مطابق اس سطح کی آلودگی سانس، دل اور آنکھوں کے امراض میں اضافے کا باعث بن سکتی ہے، خصوصاً بچوں اور بزرگ شہریوں کے لیے یہ صورتحال زیادہ خطرناک ہے۔

انسداد اسموگ اقدامات کے باوجود لاہور کے متعدد علاقوں میں فضائی آلودگی خطرناک سطح پر برقرار ہے، جس سے شہریوں کی صحت کو سنگین خطرات لاحق ہیں۔ محکمہ ماحولیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، ماسک کا استعمال کریں اور کھلی فضا میں جسمانی مشقت والی سرگرمیوں سے پرہیز کریں۔

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ مسلسل بلند فضائی آلودگی سے سانس کی نالیوں کے امراض، دمہ اور دل کی بیماریوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔ شہریوں کی بڑی تعداد اس وقت صاف ہوا کے بحران کا سامنا کر رہی ہے، جس کے لیے طویل المدتی ماحولیاتی منصوبہ بندی اور صنعتی و گاڑیوں کے اخراج پر موثر کنٹرول ناگزیر قرار دیا جا رہا ہے۔

اب تک کی کہانی آئی کیو ایئر

  1. پنجاب میں فضائی آلودگی کی خطرناک سطح، لاہور سمیت متعدد شہر زہریلی دھند کی لپیٹ میں
  2. لاہور دنیا کا آلودہ ترین شہر قرار، ملتان میں فضائی آلودگی خطرناک حد تک پہنچ گئی
پوری ٹائم لائن دیکھیں →

اسی موضوع پر مزید

سب دیکھیں →

مزید پڑھیں