تعلیمی اداروں میں بچوں کا تحفظ: قوانین موجود، عمل درآمد کیوں نہیں؟
پاکستان میں تعلیمی اداروں میں بچوں کے تحفظ کے لیے قوانین اور پالیسیاں موجود ہیں، لیکن چائلڈ سیف گارڈنگ کے مؤثر نظام کی عدم موجودگی خطرات کو جنم دیتی ہے۔ جانیے ذمہ داری کس کی ہے۔
یہ خبر اور ہر اہم خبر سب سے پہلے واٹس ایپ پر پائیںaround.pk اردو خبریں چینل — مفت، بغیر سپیم فالو کریں
پاکستان میں تعلیمی اداروں میں بچوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنا کوئی اضافی سہولت نہیں بلکہ ان کا بنیادی حق ہے۔ والدین اپنے بچوں کو اسکولوں اور مدارس میں اس اعتماد کے ساتھ بھیجتے ہیں کہ وہاں تعلیم کے ساتھ ان کی حفاظت بھی یقینی ہوگی، لیکن جب کسی ادارے کے اندر ہی بچہ تشدد یا استحصال کا نشانہ بنتا ہے تو یہ صرف ایک خاندان کے اعتماد کو مجروح نہیں کرتا بلکہ پورے تعلیمی نظام کی ذمہ داریوں پر سوالیہ نشان لگا دیتا ہے۔
ملتان کے ایک سرکاری اسکول میں چھٹی جماعت کی طالبہ کے ساتھ چوکیدار کی مبینہ زیادتی کا حالیہ واقعہ، جس میں پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا، اسی بنیادی سوال کو اجاگر کرتا ہے کہ کیا ہمارے اداروں میں ایسے انتظامات موجود ہیں جو کسی واقعے سے پہلے خطرات کی نشاندہی اور روک تھام کر سکیں؟ قانون کے تحت جرائم کی سزا ضروری ہے، مگر بچوں کا تحفظ محض قانونی کارروائی تک محدود نہیں ہونا چاہیے۔
یہاں چائلڈ سیف گارڈنگ کا تصور سامنے آتا ہے، جس کا مطلب وہ پالیسیاں اور عملی اقدامات ہیں جن کے ذریعے ادارہ اپنے اساتذہ، انتظامی عملے، چوکیداروں، ڈرائیوروں اور دیگر ملازمین سے پیدا ہونے والے ممکنہ خطرات سے بچوں کو محفوظ رکھتا ہے۔ سوال یہ ہے کہ کتنے اداروں کے پاس تحریری حفاظتی پالیسی ہے، کتنے عملے کو مناسب رویے اور شکایات کی رپورٹنگ کی تربیت دیتے ہیں، اور کتنے بچوں کو معلوم ہے کہ نامناسب رویے کی صورت میں وہ کس سے محفوظ شکایت کر سکتے ہیں؟
بعض اداروں میں یہ غلط تاثر پایا جاتا ہے کہ ان کے ہاں ایسے واقعات پیش نہیں آ سکتے، خاص طور پر جہاں ماضی میں کوئی شکایت سامنے نہ آئی ہو۔ حقیقت یہ ہے کہ شکایت نہ آنا تحفظ کی ضمانت نہیں، کیونکہ بچے خوف، شرمندگی، دھمکی یا محفوظ شکایتی نظام کی عدم موجودگی کے باعث خاموش رہ سکتے ہیں۔ حفاظتی انتظامات اساتذہ پر عدم اعتماد نہیں بلکہ بچوں اور اداروں دونوں کے مفاد میں ہیں۔
سال 2025 میں پنجاب کے اس وقت کے پراسیکیوٹر جنرل نے تجویز دی تھی کہ تدریسی اور غیر تدریسی عملے کی بھرتی سے قبل، اور پہلے سے ملازمت کرنے والوں کے لیے بھی، نادرا کے رجسٹر سے جنسی جرائم میں سزا یافتہ افراد کی تصدیق کا طریقہ کار بنایا جائے۔ اس اہم تجویز پر اب تک کتنی پیش رفت ہوئی، یہ متعلقہ حکام کو واضح کرنا چاہیے۔ اس کے ساتھ ملازمت کے دوران مقررہ وقفوں سے دوبارہ تصدیق اور ہر ادارے میں واضح ضابطۂ اخلاق و فعال حفاظتی نظام بھی ضروری ہے۔
جون 2025 میں پنجاب حکومت نے صوبائی چائلڈ پروٹیکشن پالیسی کی منظوری دی، جس کا مقصد ادارہ جاتی اقدامات کو مضبوط بنانا ہے، جبکہ اکتوبر 2025 میں اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے سرکاری اسکولوں میں ہراسانی کی شکایات کے لیے کمیٹیاں قائم کرنے کی ہدایت جاری کی۔ تاہم کمیٹیاں بنانا اور انہیں مؤثر بنانا دو مختلف معاملات ہیں، جن کے ارکان کی تربیت، رازداری، بچوں کی آگاہی اور کارکردگی کی نگرانی یقینی بنانا ضروری ہے۔ ماہرین کے مطابق حفاظتی اقدامات کو محکمانہ صوابدید کے بجائے لازمی اور قابلِ نفاذ ذمہ داری بنانا ہوگا، اور نگرانی و جواب دہی کا دو سطحی نظام قائم کرنا ہوگا۔
اب تک کی کہانی نادرا
- پشاور میں نادرا افسر کے قتل کے 72 گھنٹے بعد بھی ملزمان گرفتار نہ ہو سکے
- پشاور میں نادرا اسسٹنٹ ڈائریکٹر کے قتل کی تحقیقات میں اہم پیش رفت
- کراچی ایئرپورٹ کے قریب ڈسپنسری میں عمرہ زائرین کو ویکسین لگانے کا عمل روک دیا گیا
- پاکستان اور سوڈان کا سکیورٹی، سائبر کرائم اور پولیس ٹریننگ میں تعاون بڑھانے پر اتفاق










