around.pk
Monday, 16 November 2026
☀ کراچی 27°☀ لاہور 21°☀ اسلام آباد 16°
ٹیکنالوجی

امریکی سائنس دانوں نے خطرناک زہر اور نشہ آور اثرات والا نایاب مشروم دریافت کر لیا

یونیورسٹی آف فلوریڈا کے محققین نے ایک نایاب مشروم دریافت کیا ہے جو بیک وقت جان لیوا زہر اور سائیکیڈیلک اثرات پیدا کرنے والے کیمیائی مادے بناتا ہے، جسے ’ڈارک میجک مشروم‘ کا نام دیا گیا ہے۔

around.pk·24m ago

امریکی ریاست فلوریڈا کی یونیورسٹی آف فلوریڈا اور دیگر تحقیقی اداروں کے سائنس دانوں نے ایک نایاب مشروم دریافت کیا ہے جو بیک وقت دو انتہائی مختلف کیمیائی مادے پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ان میں ایک جان لیوا زہر امے ٹوکسِنز ہے، جبکہ دوسرا سائلو سائِبن ہے جو نام نہاد میجک مشرومز کے نفسیاتی اور نظر کے فریب پیدا کرنے والے اثرات کا ذمہ دار ہوتا ہے۔ محققین نے اس منفرد مشروم کو ’ڈارک میجک مشروم‘ کا نام دیا ہے۔

تحقیق کے مرکزی مصنف اور یونیورسٹی آف فلوریڈا کے ماہرِ حیاتیات اینڈریو کُنِک کے مطابق انسانی تاریخ میں مشروم کو عموماً دو مختلف حوالوں سے دیکھا جاتا رہا ہے۔ ایک طرف وہ مشروم ہیں جو نفسیاتی اثرات پیدا کرتے ہیں اور دوسری طرف ایسے مشروم ہیں جو انتہائی زہریلے اور جان لیوا ہوتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ڈارک میجک مشروم کی دریافت ان دونوں دنیاؤں کا غیر معمولی امتزاج ہے، کیونکہ یہ ایک ہی نوع ہے جو دونوں طرح کے اثرات سے وابستہ کیمیائی مادے پیدا کرتی ہے۔

تحقیق کے مطابق سائنس دانوں نے ابتدا میں کھمبیوں کے ایک وسیع گروہ پر تحقیق شروع کی تھی جسے ’لٹل براؤن مشرومز‘ کہا جاتا ہے۔ یہ ایسے چھوٹے بھورے مشروم ہیں جن کی مختلف اقسام میں فرق کرنا اکثر مشکل ہوتا ہے۔ محققین خصوصی طور پر گیلیرِینا نامی جینَس کے ایسے مشروم کی تلاش میں تھے جو امے ٹوکسِنز پیدا کرتے ہیں، اور یہی زہریلے مرکبات بعض مشروم کو کھانے کی صورت میں انسانی زندگی کے لیے انتہائی خطرناک بنا دیتے ہیں۔ ان میں مشہور ڈیتھ کیپ مشروم بھی شامل ہے جسے دنیا کی انتہائی زہریلی کھمبیوں میں شمار کیا جاتا ہے۔

سائنس دانوں کے مطابق اس مشروم کی جینیاتی ساخت کا مطالعہ پھپھوندی کی مختلف اقسام اور ان کے ارتقائی عمل سے متعلق اہم معلومات فراہم کر سکتا ہے۔ یہ دریافت نہ صرف مشروم کی کیمیائی خصوصیات کے بارے میں موجودہ سائنسی علم میں اضافہ کرتی ہے بلکہ یہ سمجھنے میں بھی مدد دے سکتی ہے کہ فطرت میں مختلف زہریلے اور نفسیاتی اثرات پیدا کرنے والے مرکبات کس طرح ارتقا پذیر ہوئے۔

یہ تحقیقی پیش رفت سائنسی برادری کے لیے اہم ہے، تاہم اس بات کی وضاحت ضروری ہے کہ یہ مشروم انتہائی زہریلا ہے اور اسے کسی بھی صورت میں استعمال نہیں کرنا چاہیے۔ محققین کا مقصد اس کی حیاتیاتی اور کیمیائی ساخت کو سمجھنا ہے تاکہ مستقبل میں زہریلے پھپھوندی سے پیدا ہونے والے خطرات سے بچاؤ اور طبی تحقیق میں مدد مل سکے۔

اب تک کی کہانی فلوریڈا

  1. ٹرمپ کے 10 ارب ڈالر کے ہتکِ عزت مقدمے میں بی بی سی کو ابتدائی دھچکا، عدالت نے مقدمہ خارج کرنے کی درخواست مسترد کردی
  2. ناسا نے طلبا کے لیے چاند پر مستقل اڈے کے ڈیزائن کا دس لاکھ ڈالر کا چیلنج شروع کر دیا
پوری ٹائم لائن دیکھیں →
امریکاتعلیمفلوریڈاامے ٹوکسِنزاینڈریو کُنِکگیلیرِیناسائلو سائِبنیونیورسٹی آف فلوریڈا

اسی موضوع پر مزید

سب دیکھیں →

مزید پڑھیں