around.pk
Sunday, 15 November 2026
☀ کراچی 25°☀ لاہور 19°☀ اسلام آباد 15°
ٹیکنالوجی

جعلی کیپچا کے ذریعے کمپیوٹرز میں میل ویئر پھیلانے کا نیا سائبر طریقہ

سائبر سیکیورٹی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ مجرم جعلی انسانی تصدیق کے نام پر صارفین کو خود اپنے کمپیوٹرز میں نقصان دہ سافٹ ویئر انسٹال کرنے پر آمادہ کر رہے ہیں۔

around.pk·1h ago

سائبر جرائم پیشہ افراد نے انٹرنیٹ صارفین کے کمپیوٹرز میں نقصان دہ سافٹ ویئر داخل کرنے کے لیے ایک نیا طریقہ اپنایا ہے، جس میں جعلی انسانی تصدیق یعنی کیپچا کے نام پر صارفین کو دھوکا دے کر خود ہی اپنے کمپیوٹرز میں میل ویئر انسٹال کرنے پر آمادہ کیا جاتا ہے۔ سائبر سیکیورٹی ماہرین نے اس طریقہ کار کو کلک فکس کا نام دیا ہے۔

اس طریقے میں صارفین کو کسی ویب سائٹ پر روایتی انداز میں تصاویر منتخب کرنے یا حروف لکھنے کے بجائے کی بورڈ پر مخصوص بٹن دبانے اور پھر انٹر پریس کرنے کی ہدایت کی جاتی ہے۔ یوں عام صارف سمجھتا ہے کہ وہ صرف ایک معمول کی تصدیق کر رہا ہے، جبکہ درحقیقت وہ اپنے کمپیوٹر میں نقصان دہ کوڈ چلا دیتا ہے۔

سائبر سیکیورٹی کمپنی میل ویئر بائٹس کے محقق کرس فسٹوچنک کے مطابق کلک فکس اس وقت مجرموں کی جانب سے استعمال ہونے والی جدید ترین اور مقبول ترین میل ویئر مہمات میں سے ایک ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ صارفین روزانہ مختلف ویب سائٹس پر انسانی شناخت کی تصدیق کے مراحل سے گزرتے ہیں، اسی لیے وہ ایسی ہدایات کو معمول کی کارروائی سمجھ کر فوراً مان لیتے ہیں اور مجرم اسی اعتماد کا فائدہ اٹھاتے ہیں۔

ماہرین کے مطابق صارفین اپنے سیکیورٹی سافٹ ویئر پر بھی بھروسا کرتے ہیں، لیکن اس حربے کے ذریعے انہیں خود ایسے اقدامات کرنے پر آمادہ کیا جاتا ہے جو ان کے کمپیوٹر کو میل ویئر سے متاثر کر سکتے ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ میل ویئر پھیلانے کے دیگر طریقے بھی موجود ہیں، تاہم کلک فکس اس وقت سب سے زیادہ استعمال ہونے والے طریقوں میں شامل ہے۔

سائبر سیکیورٹی ماہرین نے صارفین کو مشورہ دیا ہے کہ اگر کسی ویب سائٹ پر انسانی تصدیق کے نام پر کی بورڈ سے مخصوص کمانڈز چلانے، غیر معمولی بٹن دبانے یا کمپیوٹر میں کوئی کمانڈ پیسٹ کرنے کا کہا جائے تو اس پر عمل نہ کریں۔ مشکوک تصدیقی عمل سے گریز کرنا اور ویب سائٹس کی حقیقت جانچنا آن لائن فراڈ اور میل ویئر حملوں سے محفوظ رہنے کے لیے انتہائی ضروری ہے۔

اب تک کی کہانی انٹرنیٹ اور سائبر سیکیورٹی

  1. مائیکروسافٹ نے عالمی آئی ٹی خرابی کے بعد تمام سروسز کی بحالی کی تصدیق کر دی
  2. موبائل نیٹ ورک یا انٹرنیٹ کی خرابی کی صورت میں پی ٹی اے نے شکایت کا طریقہ کار واضح کر دیا
  3. مصنوعی ذہانت پر بڑھتا انحصار: صحت اور نجی معاملات میں استعمال کے ساتھ ذاتی معلومات افشا ہونے کا خدشہ
  4. فرانس نے تجارتی مراکز کے ریفریجریٹرز ہیک کرنے کا الزام ایران پر عائد کر دیا
پوری ٹائم لائن دیکھیں →
انٹرنیٹ اور سائبر سیکیورٹیکیپچاکرس فسٹوچنککلک فکسمیل ویئر بائٹس

اسی موضوع پر مزید

سب دیکھیں →

مزید پڑھیں