around.pk
Tuesday, 17 November 2026
☀ کراچی 23°☀ لاہور 17°☀ اسلام آباد 14°
پاکستان

اسلام آباد کی بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی میں طالب علم کتے کے کاٹنے سے جانبحق، طلبا کا احتجاج کا اعلان

بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے طالب علم سفیان عباسی گزشتہ ماہ ہاسٹل کے باہر آوارہ کتے کے کاٹنے کے بعد جانبحق ہوگئے، ساتھی طلبا نے انتظامیہ کی مبینہ غفلت کے خلاف احتجاج اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کردیا۔

around.pk·just now

اسلام آباد کی بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی میں زیر تعلیم ایک طالب علم سفیان عباسی گزشتہ ماہ آوارہ کتے کے کاٹنے کے بعد جان کی بازی ہار گئے۔ وہ آزاد کشمیر کے رہائشی، پانچ بہنوں کے اکلوتے بھائی اور بی ایس انفارمیشن ٹیکنالوجی کے پانچویں سمسٹر کے طالب علم تھے، اور ان کی اچانک موت نے اہل خانہ کے ساتھ ساتھ یونیورسٹی میں ان کے ساتھیوں کو بھی شدید صدمے میں مبتلا کردیا ہے۔

طلباء کے مطابق سفیان عباسی کو گزشتہ ماہ یونیورسٹی کے ہاسٹل نمبر پانچ کے باہر آوارہ کتے نے کاٹا تھا، جس کے بعد انہیں راولپنڈی کے ہولی فیملی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں انہیں اینٹی ریبیز ویکسین بھی لگائی گئی۔ تاہم اتوار کی رات اچانک ان کی طبیعت بگڑنے پر انہیں دوبارہ اسپتال پہنچایا گیا، جہاں ڈاکٹروں کے مطابق انفیکشن جسم میں کافی پھیل چکا تھا اور حالت تشویشناک ہوگئی۔ تمام تر طبی امداد کے باوجود وہ جانبر نہ ہوسکے۔

اس واقعے کے بعد یونیورسٹی کے طلباء نے سفیان عباسی کی ہلاکت کو انتظامیہ کی مبینہ غفلت قرار دیتے ہوئے بدھ کی صبح دس بجے جامعہ میں جمع ہوکر احتجاج کا اعلان کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ کیمپس اور خصوصاً ہاسٹلز کے اطراف آوارہ کتوں کی موجودگی ایک طویل عرصے سے طلباء کے لیے خطرہ بنی ہوئی ہے اور اس حوالے سے انتظامیہ کو متعدد بار آگاہ کیا گیا، مگر مؤثر کارروائی نہیں کی گئی۔

طلباء نے مطالبہ کیا ہے کہ سفیان عباسی کی موت کی شفاف تحقیقات کرائی جائیں، ممکنہ غفلت کے ذمہ داروں کا تعین کیا جائے اور یونیورسٹی کی حدود میں آوارہ کتوں سے تحفظ کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ ان کے مطابق تعلیمی ادارے میں زیر تعلیم نوجوانوں کی جان و مال کا تحفظ انتظامیہ کی بنیادی ذمہ داری ہے، اور مسلسل شکایات کے باوجود اقدامات نہ کرنا تشویشناک امر ہے۔

دوسری جانب یونیورسٹی کے ترجمان نے جاں بحق طالب علم کے لواحقین سے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی کے مرکزی دروازوں پر سیکیورٹی گارڈز تعینات ہیں اور ادارے کے گرد چار دیواری بھی موجود ہے، جس کی وجہ سے مرکزی داخلی راستوں سے آوارہ کتوں کا داخلہ ممکن نہیں۔ واضح رہے کہ آوارہ کتوں اور کتوں کے کاٹنے کے واقعات کا معاملہ ملک بھر میں عوامی تحفظ کے حوالے سے ایک اہم سوال بنا ہوا ہے۔

اب تک کی کہانی تعلیم

  1. استعمال شدہ کافی سے قابلِ تجدید ایندھن تیار کرنے کا نیا طریقہ دریافت
  2. تعلیمی اداروں میں طالبات کے ساتھ ہراسانی کی شرح 75 فیصد تک پہنچ گئی
  3. امریکی سائنس دانوں نے خطرناک زہر اور نشہ آور اثرات والا نایاب مشروم دریافت کر لیا
  4. پیرس کے 15 تعلیمی اداروں کے قریب احتجاج پر پابندی
پوری ٹائم لائن دیکھیں →
اسلام آبادراولپنڈیتعلیمہولی فیملی اسپتالآزاد کشمیربین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آبادسفیان عباسی

اسی موضوع پر مزید

سب دیکھیں →

مزید پڑھیں