around.pk
Monday, 16 November 2026
☀ کراچی 32°☀ لاہور 26°☀ اسلام آباد 21°
صحت

ہولی فیملی اسپتال راولپنڈی میں مالی بے ضابطگیوں، ادویات کی قلت اور بدانتظامی کا انکشاف

وزیراعلیٰ پنجاب کی انسپکشن ٹیم کی رپورٹ میں ہولی فیملی اسپتال راولپنڈی میں ادویات کی خریداری، عملے کی غیرحاضری اور مریضوں کو طبی سہولیات کی عدم فراہمی پر سنگین سوالات اٹھائے گئے ہیں۔

around.pk·19m ago

راولپنڈی کے ہولی فیملی اسپتال میں مالی بے ضابطگیوں، ادویات کی قلت اور انتظامی نااہلی کے سنگین انکشافات سامنے آئے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی انسپکشن ٹیم کی جانب سے تیار کردہ رپورٹ میں اسپتال کے خریداری کے نظام، اسٹور مینجمنٹ، عملے کی حاضری اور مریضوں کو بنیادی طبی سہولیات کی فراہمی پر سوالات اٹھائے گئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق اسپتال میں روزانہ پانچ سے سات لاکھ روپے کی ادویات مقامی طور پر خریدی جا رہی ہیں، جبکہ صرف چار ماہ کے دوران کوٹیشن کے ذریعے دس کروڑ روپے کی خریداری کی گئی۔ انکشاف ہوا ہے کہ اسپتال میں ایک سو دس اقسام کی ادویات اور نوے اقسام کے سرجیکل سامان کی کمی ہے۔ ایمرجنسی فارمیسی میں ادویات کے ریکارڈ اور دستیاب اسٹاک میں واضح فرق پایا گیا، جبکہ گائنی وارڈ میں ضروری ادویات اور طبی سامان کی عدم موجودگی کے باعث مریضوں کو بازار سے ادویات خریدنے پر مجبور ہونا پڑ رہا ہے۔

انسپکشن ٹیم نے انکشاف کیا ہے کہ اسپتال میں الٹراساؤنڈ کے لیے ڈیڑھ سے دو ماہ تک انتظار کرنا پڑتا ہے، جبکہ ہسٹولوجی ماہر کی عدم موجودگی کی وجہ سے بائیوپسی رپورٹس میں تاخیر ہو رہی ہے۔ ایک بچے کی بائیوپسی کا نمونہ ضائع ہونے اور دو ماہ انتظار کے باوجود رپورٹ نہ ملنے کی شکایت بھی سامنے آئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق بستروں کی کمی کے باعث ایمرجنسی مریض راہداریوں میں زمین پر پڑے رہتے ہیں، جبکہ حاملہ خواتین کو او پی ڈی میں ڈاکٹر تک رسائی کے لیے چار گھنٹے تک انتظار کرنا پڑتا ہے۔ صفائی کے ٹھیکے میں بھی مبینہ بے ضابطگیوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق 214 اہلکاروں کے بجائے صرف 40 سے 50 فیصد عملہ تعینات ہے، جبکہ سکیورٹی کے سو اہلکاروں کے ٹھیکے کے مقابلے میں صرف بیس اہلکار موجود پائے گئے۔

اسپتال کے 431 آئٹمز پر مشتمل پہلے ٹینڈر میں بھی صرف 195 آئٹمز فائنل کیے گئے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی انسپکشن ٹیم نے اپنی رپورٹ میں اسپتال کی خریداری کے نظام، اسٹور مینجمنٹ، عملے کی حاضری اور مریضوں کو بنیادی طبی سہولیات کی فراہمی پر سنگین تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

رپورٹ کے مندرجات نے سرکاری اسپتالوں میں انتظامی نگرانی اور مریضوں کو معیاری علاج کی فراہمی کے حوالے سے اہم سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔

اب تک کی کہانی وزیراعلیٰ پنجاب

  1. بہاولنگر میں ہائی وولٹیج تار گرنے سے میاں بیوی اور بیٹا جاں بحق
  2. چوہدری سالک حسین کو وزیراعلیٰ پنجاب کا لیگل نوٹس موصول، جواب دینے کا اعلان
پوری ٹائم لائن دیکھیں →
پنجابراولپنڈیصحتوزیراعلیٰ پنجابہولی فیملی اسپتالوزیراعلیٰ کی انسپکشن ٹیم

اسی موضوع پر مزید

سب دیکھیں →

مزید پڑھیں