around.pk
Wednesday, 18 November 2026
☀ کراچی 32°☀ لاہور 25°☀ اسلام آباد 22°
کاروبار

پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا ایل پی جی کارگو پورٹ قاسم پہنچ گیا

نئے درآمدی نظام کے تحت 15 ہزار میٹرک ٹن ایل پی جی لے کر ملکی تاریخ کا سب سے بڑا کارگو پورٹ قاسم پر لنگر انداز ہوا، حکام کے مطابق اس سے مارکیٹ میں دستیابی بہتر اور قیمتوں میں کمی آئے گی۔

around.pk·2m ago

پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا ایل پی جی کارگو 15 ہزار میٹرک ٹن گیس لے کر پورٹ قاسم پہنچ گیا ہے۔ یہ کارگو اینگرو ووپاک ٹرمینل پورٹ قاسم پر لنگر انداز ہوا، جسے ایل پی جی درآمد کے نئے نظام کے تحت پہلی بڑی کھیپ قرار دیا جا رہا ہے۔

پورٹ قاسم پر اس موقع پر ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں اسپیشل سیکریٹری پیٹرولیم مرزا ناصر الدین مشہود نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں ایم ڈی ایس ایل ایل جواد علی خان، اوگرا کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر سرمد اسلم اور اینگرو ٹرمینل کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

اسپیشل سیکریٹری پیٹرولیم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت عوام کو مناسب قیمت پر ایل پی جی کی فراہمی کے لیے مؤثر اقدامات کر رہی ہے اور ریکارڈ کارگو کی آمد ایل پی جی کے شعبے میں نئے دور کا آغاز ہے۔ ان کے مطابق درآمدات میں اضافے سے مارکیٹ میں دستیابی بہتر ہوگی اور قیمتوں میں کمی آئے گی۔

بیان کے مطابق ماضی میں ریگولیٹری رکاوٹوں کے سبب سرکاری کمپنیاں ایل پی جی کی درآمد نہیں کر رہی تھیں، تاہم نئے نظام کے تحت حکومت نے ان کمپنیوں کو اس عمل میں قائدانہ کردار ادا کرنے کی ہدایت دی ہے۔ خریداری کے لیے عالمی ٹینڈرز بھی جاری کیے جا رہے ہیں تاکہ مسابقتی پالیسی کو یقینی بنایا جا سکے۔

حکام کا کہنا ہے کہ آنے والے ہفتوں میں مزید ایل پی جی کارگوز کی آمد متوقع ہے، جس سے اوپن مارکیٹ میں دستیابی بہتر ہوگی اور صارفین کو ریلیف ملے گا۔ موسم سرما میں پہاڑی اور دور دراز علاقوں تک ایل پی جی کی فراہمی کو بہتر بنانے میں بھی اس پیش رفت سے مدد ملے گی۔

ای وی ٹی ایل کے چیف ایگزیکٹو عمار شاہ کے مطابق حکومتی اقدامات نے ایل پی جی کے شعبے میں نئی سرمایہ کاری کی راہ ہموار کی ہے۔ واضح رہے کہ ایل پی جی کی قیمت مقرر کرنے کا اختیار اوگرا سے لے کر نئی کمپنی کو دیا گیا ہے، جس کا مقصد شعبے میں مسابقت اور شفافیت کو فروغ دینا بتایا جا رہا ہے۔

اب تک کی کہانی ایل پی جی

  1. آبنائے ہرمز میں ایل پی جی ٹینکر پر حملہ، 21 بھارتی شہری محفوظ طریقے سے عمان منتقل
  2. کراچی میں ایل پی جی سرکاری ریٹ سے 205 روپے فی کلو مہنگی فروخت ہو رہی ہے
  3. پاکستان میں ایل پی جی کی درآمد کے لیے عالمی ٹینڈرز جاری، قیمتوں میں کمی متوقع
  4. ایل پی جی کی قیمت کا تعین اب نئی کمپنی کرے گی، اوگرا کا اختیار ختم
پوری ٹائم لائن دیکھیں →
ایل پی جیپورٹ قاسمآئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا)اینگرو ووپاک ٹرمینلایل پی جیمرزا ناصر الدین مشہودایس ایل ایل

اسی موضوع پر مزید

سب دیکھیں →

مزید پڑھیں